ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

پاسبان حرم، شہید محسن حججی کے اہل خانہ سے رہبر انقلاب کی ملاقات اور خطاب:

دشمنوں کی کوششوں کے باوجود، نوجوان انقلابی مفاہیم کے مجذوب ہیں

رہبرانقلاب اسلامی  آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل کو پاسبان حرم شہید محسن حججی کے اہل خانہ سے ملاقات میں اس شہید والا مقام کو اللہ کی نشانی اور مظلوم و سربریدہ شہدا کا ترجمان قراردیا - آپ نے شہید محسن حججی کے جلوس جنازہ میں لوگوں کی غیر معمولی اور تاریخی شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ خداوندعالم نے شہید محسن حججی کی مجاہدت کی وجہ سے ایرانی عوام کو سرخرو و سربلند کیا اور انہیں نوجوان انقلابی نسل کی علامت اور اسلامی انقلاب کا ایک اور معجزہ قراردیا-

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے  ایران کے عوام خاص طور پر نوجوانوں کو جہاد اور شہادت کے راستے سے ہٹانے، امام خمینی رحمت اللہ علیہ کو فراموش اور انقلاب کے روشن راستے کو گم کرا دینے پر مبنی دشمنوں کی بے پناہ کوششوں کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ ان حالات میں انقلابی مفاہیم کی جانب نوجوانوں کی بڑی تعداد کے دلوں کا مجذوب ہونا ایک حیرت انگیز بات ہے- آپ نے فرمایا کہ شہید محسن حججی کی مجاہدت اور ان کی مظلومانہ شہادت کی وجہ سے ان کا نام پورے ایران میں ہرزبان پر جاری ہے اور ان کا نام اس وقت ممتاز اور بلند مقام پر ہونے کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں درخشاں اور روشن ہے-

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایاکہ سبھی شہدا مظلوم ہیں اور محسن حججی کے علاوہ بھی ایسے اور بھی شہدا ہیں کہ دشمن نے جن کے سر و تن میں جدائی ڈالی ہے اور سبھی کا مقام اللہ کے نزدیک بلند اور اعلی درجات کا حامل ہے لیکن خداوندعالم نے اپنی حکمت کی بنیاد اور اس جوان کی خصوصیات کی وجہ سے محسن حججی کو ان سبھی شہدا کا نمائندہ اور ترجمان قراردے دیا ہے - رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران، افغانستان ، عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے سبھی شہدا جو امریکا اور برطانیہ کے آلہ کار دہشت گردوں کے ہاتھوں درجہ شہادت پر فائز ہوئے ہیں شہید محسن حججی کی ذات میں خلاصہ ہوتے ہیں اور اللہ نے اس شہید کو مظلومانہ اور شجاعانہ شہادت کی علامت بنا دیا ہے -

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شہید کے گھر والوں، حکام اور ایرانی عوام کو شہید حججی اور ان جیسے دیگر شہدا کا مرہون منت قراردیا اور شہید محسن حججی کے والدین اور اہلیہ کے ممتاز کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےفرمایا کہ اگرچہ شہید محسن حججی کی جدائی ان کے گھر والوں کے لئے ایک بہت بڑی مصیبت ہے لیکن ان کے ذریعے اللہ نے ملک کو جو عزت دی ہے وہ ان کے گھروالوں اور لواحقین کے لئے صبر و تسکین کا  باعث بنے گی - رہبرانقلاب اسلامی نے شہید حججی کی اس تصویر پر جو ان کی گرفتاری کے وقت کی ہے یہ جملے بھی تحریر فرمائے کہ حق کا درود و سلام ہو اس پرافتخار اور سرافراز شہید پر جو اپنی زندگی کے انتہائی حساس اور سنگین مرحلے میں  روبہ زوال باطل کے مقابلے میں حق کی آشکارا فتح کی علامت بن گیا، اللہ کا سلام ہو اس پر جس نے مخلصانہ جہاد اورمظلومانہ شہادت کے ذریعے خود کو اور پوری قوم کو سربلند کردیا -

واضح رہے کہ مدافع حرم محسن حججی کو گذشتہ نو اگست کو داعش کے دہشت گردوں نے شام اورعراق کی سرحد کے قریب گرفتار کرکے  انتہائی بے دردی کے ساتھ شہید کردیا تھا -

700 /