ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

زیارت اربعین کے احکام

 
زیارت اربعین کا حکم
س1. موجودہ حالات کے پیش نظر کیا اس دور میں اربعین کی زیارت واجب ہے؟
ج۔ اربعین کی زیارت مستحب ہے۔
 
قانون کی پابندی
زیارت اربعین کے لئے پاسپورٹ
س2. اربعین کی زیارت کے لئے ویزا لینے کا کیا حکم ہے؟
ج۔ ہر صورت میں قوانین و ضوابط کی پابندی ضروری ہے۔
 
دوسروں کا پاسپورٹ استعمال کرنا
س3. زیارتِ اربعین کے ایام نزدیک ہیں اور پاسپورٹ لینے کے لئے مطلوبہ وقت نہیں ہے، کیا میں اپنے بھائی کی رضامندی سے اس کے پاسپورٹ کے ساتھ اربعین کی زیارت پر جاسکتا ہوں؟ کیا اس زیارت پر جانے میں کوئی شرعی ممانعت ہے؟
ج۔ ہر صورت میں قوانین و ضوابط کی پابندی ضروری ہے اور ان کی خلاف ورزی جائز نہیں ہے۔
 
تعلیمی سال کے دوران اربعین کی زیارت
س4. کیا طالب علموں اور یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کے لئے تعلیمی سال کے دوران پڑھائی کے دنوں میں اربعین کی زیارت پر جانے میں کوئی اشکال ہے؟
ج۔ متعلقہ قوانین و ضوابط کے تابع ہے۔
 
بیماری کی شدت میں اضافے کے امکان کے باوجود سفر کرنا
س5.
۱) ائمہ علیہم السلام کی تاکید و سفارشات اور زیارتِ اربعین کے ثواب کو دیکھتے ہوئے میری بوڑھی والدہ اربعین کی زیارت کے سفر پر جانے کے مشتاق ہیں۔ لیکن حال ہی میں وہ بیمار ہوئی تھیں اور جسمانی کمزوری، بیماری کے پلٹنے کے امکان اور اس صورت میں بیماری کے مزید سخت ہونے کے امکان کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں یہ سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ اربعین کی زیارت کے لئے ان کے اس سفر کا کیا حکم ہے؟
۲) اسی طرح میری نانی بھی زیارت کے مشتاق ہیں لیکن انہیں گھٹنوں کا درد ہے۔ کیا پاؤں کے درد میں شدت پیدا ہونے کے عقلمندانہ امکان کی صورت میں یہ سفر جائز ہے؟
ج ۱و ۲۔ اگر ان کے لئے قابل اعتناء ضرر کا باعث بنتا ہو تو جائز نہیں ہے۔
 
والد کی اجازت کے بغیر سفر کرنا
س6. میں یونیورسٹی میں آخری ٹرم(سمسٹر) کا اسٹوڈنٹ ہوں۔ اربعین کے لئے کربلا کے سفر کا مشتاق ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ میرے والد اربعین کے وقت کی بھیڑ اور کچھ دوسرے وجوہات کی بناء پر مجھے اجازت نہیں دیں گے، کیا ایسا ہوسکتا ہے کہ میں گھر والوں کو اطلاع دیے بغیر سفر پر روانہ ہوجاؤں اور سفر کے دوران، ان کو اطلاع دے دوں؟
ج۔ اگر والدین کی اطلاع کے بغیر آپ کا سفر کرنا ان کو ایذاء اور تکلیف پہنچانے کا باعث ہوتا ہو تو جائز نہیں ہے اور اس صورت میں کہ آپ کے والد شفقتِ پدری کی بناء پر اس سفر پر جانے کی وجہ سے منع کررہے ہیں تو ان کی اطاعت کریں۔
 
مقروض شخص کا سفر
س7. کیا وہ شخص جو اپنے رشتہ داروں یا دوستوں کا مقروض ہے، اربعین کی زیارت پر شرفیاب ہوسکتا ہے؟
ج۔ اگر قرض کو ادا کرنے کا وقت نہ پہنچا ہو یا قرض دینے والا اسے قرض کی ادائیگی کے لئے مہلت دے دے تو کوئی حرج نہیں ہے۔ اور اس صورت میں کہ جب اس کی ادائیگی کا وقت پہنچ چکا ہو اور وہ اپنا قرضہ ادا کرسکتا ہو اور قرض خواہ بھی مطالبہ کرے تو پہلے اپنا قرضہ ادا کرے۔ اگر کوئی مکلف کسی واجب کو ترک کرنے کی نیت سے جیسے کہ اس قرضہ کو ادا نہ کرنے کی نیت سے سفر پر جائے جس کی ادائیگی کا وقت پہنچ چکا ہے تو اس کی نماز کامل ہے۔ لیکن اس نیت کے بغیر سفر پر جائے، اگرچہ واجب کو ترک کرنے کا باعث ہی کیون نہ بنے تو اس کی نماز قصر ہے۔
 
اربعین سے متعلق نذریں
اربعین میں نیاز پکانے کی نذر اور زیارتی سفر
س8. ایک خاتون نے ہر سال اربعین کے دن نیاز پکانے کی نذر کی ہوئی ہے، اس سال وہ اربعین وہ پیادہ روی کا ارادہ رکھتی ہیں اور اربعین کے دن عراق میں ہوں گی تو ان کا وظیفہ اور اپنی نذر کی ادائیگی کا طریقہ کیا ہے؟
ج۔ اگر انہوں نے شرعی نذر کا صیغہ نہ پڑھا ہو تو نذر پر عمل کرنا واجب نہیں ہے، لیکن اگر شرعی اصولوں کا خیال رکھتے ہوئے نذر کا صغیہ پڑھا ہے تو جس طرح نذر کی ہے اسی طرح عمل کریں اور اس کی خلاف ورزی جائز نہیں ہے۔
 
نذر کا وقت تبدیل کرنا
س9. کیا ہوسکتا ہے کہ جس شخص نے اربعین کے دن کی کوئی نذر کی ہوئی ہو وہ اس نذر کو اربعین سے ایک دن پہلے انجام دے؟
ج۔ اگر اس نے نذر کا مخصوص صیغہ (جو توضیح المسائل میں ذکر کیا گیا ہے) نہ پڑھا ہو تو اس پر عمل کرنا ضروری نہیں ہے اور دن کو تبدیل کرسکتا ہے لیکن اگر مخصوص الفاظ کے ساتھ نذر کی گئی ہو اور وہ معین دنوں سے متعلق ہو تو اسی کے مطابق عمل کرے گا۔
 
عوامی نذورات و تبرکات کی باقی ماندہ رقم کو ڈپازٹ کرنا
س10. میں نے اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ مل کر اربعین کے ایام کے لئے کچھ رقم جمع کی ہے جس میں سے کچھ مقدار بچ گئی ہے۔ کیونکہ یہ رقم صرف اربعین پر خرچ کرنے کی شرط کے ساتھ جمع کی گئی ہے، اگلے اربعین تک استعمال میں نہیں آئے گی؛
۱۔ کیا اس رقم کو ڈپازٹ کی صورت میں بینک میں رکھا جاسکتا ہے اور اس سے حاصل ہونے منافع کو اگلے اربعین کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے؟
۲۔ فی الحال قرض الحسنہ کے اکاونٹ میں ہے، کیا بینک کے قرض الحسنہ میں کوئی حرج ہے؟
ج۔
۱) اگر رقم دینے والوں کی رضامندی کے ساتھ ہو اور اسلامی عقود میں سے کسی ایک کے تحت منافع دریافت کیا جائے تو کوئی حرج نہیں ہے۔
۲) قرض الحسنہ میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
اربعین سے باقی ماندہ نذورات وتبرکات کواس سے ہٹ کر خرچ کرنا
س11. اربعین کی رسومات منعقد کرنے کے لئے مومنین کی جانب سے گلاس، پیالیوں، چائے اور چینی وغیرہ کے لئے کچھ رقم ہدیہ کی گئی تھی کہ جس میں سے کچھ مقدار بچ گئی ہے۔ کیا باقی ماندہ رقم کو سال کے بقیہ ایام کے دوران امام حسینؑ کی عزاداری کی رسومات منعقد کرنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے؟ یا اسے سنبھال کررکھنا پڑے گا اور آئندہ سال کے اربعین کی رسومات کے لئے استعمال کیا جائے؟
ج۔ ہدیہ کرنے والوں کی رضامندی کے تابع ہے۔
 
اس منرل واٹر سے وضو کرنا جسے زائرین کے لئے نذر کیا گیا ہو
س۱۲۔ کیا اس منرل واٹر سے وضو کرنا جائز ہے جسے اربعین کے زائرین کے لئے نذر کیا گیا ہوجبکہ معین نہ کیا گیا ہو کہ پینے کے لئے ہے یا کسی اور مخصوص کام کے لئے اور زائرین کے لئے نذرِ عام ہو۔
ج۔ سوال میں ذکر کی گئی صورت میں جائز نہیں ہے، مگر یہ کہ جانتا ہو کہ پانی کا مالک راضی ہے۔

 

موکب کے خادمین کے اخراجات

س13. زائرین کی ایک تعداد ان موکبوں میں مستقل طور پر خدمت انجام دیتی ہے جو اربعین کے موقع پر نجف، کربلا اور زائرین حسینی کے پیدل چلنے کے راستے میں لگائے جاتے ہیں جبکہ دوسری جانب سے وہ اربعین کے زائرین بھی شمار ہوتے ہیں۔ موکب چلانے والوں کا سوال یہ ہے کہ کیا موکب کے خادمین کے سفر کے لئے ویزا کا بندوبست کرنے اور رفت و آمد کے اخراجات کو مومنین کے ان نذورات اور عطیات سے ادا کیا جاسکتا ہے جو خاص طور پر اربعین کی رسومات کے لئے ہدیہ کیے گئے ہیں۔
ج۔ ہدیہ کرنے والوں کی نیت کے تابع ہے اور اگر ان کی نیت مطلق(بغیر کسی قید کے) ہو تو کوئی حرج نہیں ہے۔
 
اربعین کے دن کربلا میں حاضر ہونا
س14. خاص طور پر اربعین کی زیارت کے لئے کیا اربعین کے دن کربلا میں ہونا ضروری ہے یا یہ کہ پہلے اور بعد والے دن میں بھی اربعین کا ثواب ہے؟
ج۔ حضرت سید الشہدا امام حسین (علیہ السلام) کی زیارت ہر وقت مستحب اور ثوابِ عظیم کی حامل ہے لیکن کسی مخصوص وقت کی زیارت کا ثواب اسی مخصوص وقت میں زیارت انجام دینے سے مشروط ہے۔ البتہ اس وقت کے مخصوص ثواب کے لئے رجاء کی نیت سے اس سے پہلے یا بعد میں زیارت انجام دینے میں کوئی ممانعت نہیں ہے۔
 
مجمع کی بھیڑ اور اربعین سے پہلے زیارت کرنا
س15. میں اربعین حسینی کے پیدل کاروان کا سالار ہوں۔ ہم نجف سے کربلا کا راستہ پیدل طے کرتے ہیں اور اربعین سے پہلے کربلا میں داخل ہوجاتے ہیں۔ کیا زیارتِ اربعین کے لئے اربعین کے دن رکنا ضروری ہے یا کربلا میں مجمع کی بھیڑ کی وجہ سے اربعین سے پہلے زیارت انجام دے کر ایران (اپنے ملک) کی طرف روانہ ہوسکتا ہے؟
ج۔ شرعی لحاظ سے کوئی حرج نہیں ہے، مگر یہ کہ کاروان کے منتظمین اور کاروان میں شریک افراد کے مابین کوئی معاہدہ یا سمجھوتہ طے پایا ہو کہ اربعین کے دن کربلا میں رکیں گے۔
 
اطرافِ حرم کے احاطے سے زیارت کرنا
س16. اربعین کے ایام میں شدید بھیڑ کی وجہ سے حرمِ امام حسین (ع) میں اور بعض اوقات بین الحرمین میں داخل ہونا نہایت ہی دشوار اور بعض لوگوں کے لئے ناممکن ہوتا ہے اور بعض اوقات دوسروں کو تکلیف پہنچانے کا باعث بنتا ہے۔ کیا اس صورتحال میں حرم کے اطراف کے احاطے سے زیارت پڑھنا کفایت کرتا ہے؟
ج۔ مذکورہ فرض میں کفایت کرتا ہے۔
 
ماہواری عادت کے دنوں میں خواتین کا زیارت کرنا
س17. خواتین کا ماہواری عادت کے دوران عتبات مشرفہ میں داخل ہونے کا کیا حکم ہے؟
ج۔ احتیاط واجب کی بنا پر حائض خاتون کا معصومین (علیہم السلام) کے حرم میں یعنی زیرِ گنبد اور اس رواق میں جہاں ضریح مطہر واقع ہے، ٹہرنا جائز نہیں ہے لیکن دوسرے رواق اور حرم سے متصل دوسرے حصوں میں اگر وہ مسجد نہ ہوں تو ٹہرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
اربعین(چہلم) تک کالا لباس پہننا
س18. کیا امام حسینؑ کے چہلم(اربعین) تک کالا لباس پہننے میں کوئی حرج ہے؟(مکروہ ہے؟)
ج۔ شعائر الہٰی کی تعظیم کی نیت سے اور حزن و غم کے اظہار کے لئے خاندانِ عصمت و طہارت (علیہم السلام) کی عزاداری کے ایام میں کالا لباس پہننا ثوابِ الہٰی کا باعث ہے۔
 
اربعین کے دن کام کرنا
س19. اربعین کے دن کام کرنے میں کوئی حرج ہے؟
ج۔ بذات خود کوئی حرج نہیں ہے۔
700 /