ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

صوبہ کرمانشاہ کے زلزلہ زدہ عوام سے قائد انقلاب کی ملاقات:

اقدامات مناسب ہیں لیکن امدادی کارروائي میں کئی گنا اضافہ کیا جائے

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای  پیر کی صبح کو زلزلہ زدہ علاقوں کے معائنے کے لئے کرمانشاہ شہر پہنچے۔ آپ نے اس موقع پر زلزلے کے نتیجے میں پیش آںے والے نقصانات کا قریب سے جائزہ لیا اور سرپل ذہاب شہر کے مصیبت زدہ عوام سے ملاقات کی۔ آپ نے زلزلے کے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: "میری شدید خواہش تھی کہ اس وقت آپ سے ملاقات کے لئے آتا جب آپ کے دل شاد اور زندگیاں آباد تھیں نہ  کہ ان حالات میں کہ جب آپ لوگ اتنی شدید مصیبت او ر رنج و غم میں مبتلا ہیں"۔

قائد انقلاب اسلامی نے اس موقع پر زلزلے سے متاثر شہروں اور دیہاتوں کےرہنے والوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کے غم نے ہمارے دلوں کو غمزدہ اور ہمارے افکار کو متاثر کیا۔

آپ نے ایران پر مسلط کردہ جنگ کے دوران صوبۂ کرمانشاہ کے عوام کے استقامت، ایثار اور استحکام کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ آپ جیسی صابر اور مہربان قوم کے شہر اور اطراف کے دیگر شہر اس قسم کی مشکلات میں مبتلا ہوئے ہیں بلکہ مسلط کردہ جنگ کے دوران آپ لوگوں نے مصیبتوں اور آلام کے مقابلے میں استحکام، شجاعت، استقامت اور دلیری کا مظاہرہ کیا تھا اور آج بھی کریں گے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ وہ عظیم المرتبت اور دلیر انسان ہوتے ہیں جو حادثات کو اپنے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرتے ہیں۔ بے شک زلزلہ  ایک بڑی مصیبت اور بلا ہے جو ویرانی لاکر سب کو مصیبت زدہ اور غمزدہ کرتا ہے تاہم یہی زلزلہ جب عوام کی استقامت اور زندگی، تجدید حیات اور تعمیر نو کی کوشش کے مقابلے میں آجائے تو ایک نعمت میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس موقع پر فرمایا کہ مشکلات کے مقابلے میں استقامت اور قدرتی اور مسلط کردہ آفات کے مقابلے کے لئے قوم کی عظیم صلاحیتوں کو بروئے کا لایا جا سکتا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ  یہ حادثہ ملت ایران کو تحرک میں لے آیا اور عوام میں یہ جذبہ بیدار ہوگیا کہ ان کا دل کرمانشاہ کے ساتھ اور اسی خطے کا مرہون منت ہے جس کے نتیجے میں ہر شخص نے اپنی توانائی  اور حیثیت کے مطابق امداد رسانی کے عمل میں حصہ لیا۔

آپ نے فرمایا کہ بعض شعبوں میں ملک کے اعلی عہدے داروں نے بھی درخشاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، محنت اور کوشش کی اور حادثے کے چند گھنٹے کے اندر ہی فوج نے شہروں اور سپاہ نے دیہاتوں میں موثر اقدامات انجام دئے اور ملبے کے نیچے دبے افراد کو بچایا لیکن میں ان کوششوں کو کافی نہیں سمجھتا لہذا مختلف شعبوں میں سرگرم عہدے داروں کو چاہئے کہ اپنی محنت و مجاہدت میں کئی گنا اضافہ کریں۔

قائد انقلاب اسلامی نے علاقے کو ایک بار پھر آباد کرنے اور بہتر سے بہتر بنانے کی دعوت دی اور فرمایا کہ اپنی توانائي، کوشش اور صلاحیت سے ہی امیدیں وابستہ کریں اور خدا کی جانب سے عطا کی گئی ہمت اور عزم و ارادے کو بروئے کار لاکر اپنی زندگیوں کو خوش و خرم بنائیں۔                                                                                                                                                                                               

 

700 /