ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (مارچ)

بچے کے ذریعے نماز جماعت میں اتصال
سوال1: کیا نابالغ بچے کا نماز جماعت میں موجود ہونا اتصال میں خلل ڈالتا ہے؟
جواب: اگر نماز جماعت میں اتصال کا واسطہ نابالغ بچہ ہو، چنانچہ جانتے ہوں کہ اس کی نماز صحیح ہے تو اقتدا کرسکتے ہیں اور جماعت کے ساتھ نماز پڑھ سکتے ہیں۔
 
تیسری یا چوتھی رکعت کے دوران نماز جماعت میں شامل ہونا
سوال2: اگر ماموم نماز کے دوران جماعت میں شامل ہو اور اس خیال سے کہ امام جماعت پہلی یا دوسری رکعت میں ہے، حمد اور سورہ نہ پڑھے اور بعد میں متوجہ ہو کہ امام جماعت تیسری یا چوتھی رکعت میں تھا تو اس کا فریضہ کیا ہے؟
جواب: اگر رکوع کے بعد متوجہ ہو کہ تیسری یا چوتھی رکعت تھی تو اس کی نماز صحیح ہے، تاہم اگر رکوع سے پہلے متوجہ ہو تو ضروری ہے کہ حمد اور سورہ پڑھے اور اگر وقت نہ ہو تو صرف حمد پڑھے اور خود کو رکوع میں امام جماعت تک پہنچائے۔
 
نماز جماعت میں شامل ہونے کے بعد سورہ نہ پڑھنا
سوال3: اگر امام جماعت تیسری رکعت میں ہو اور ہم دوسری یا پہلی رکعت میں ہوں اور سورہ پڑھنے کا وقت نہ ہو تو ہمارا فریضہ کیا ہے؟ اور اگر سورہ پڑھیں اور خود کو سجدے میں امام جماعت تک پہنچائیں تو ہماری جماعت کے ساتھ نماز صحیح ہے؟
جواب: اگر آپ جانتے ہوں کہ سورہ پڑھیں گے تو رکوع میں امام جماعت تک نہیں پہنچ سکیں گے تو ضروری ہے کہ سورہ کو ترک کردیں اور اگر سورہ پڑھ لی اور رکوع میں نہ پہنچ سکے تو نماز فرادا ہوجائے گی۔
 
امام جماعت کے رکوع کے وقت اقتدا کرنا
سوال4: اگر اس وقت اقتدا کرے کہ جب امام جماعت رکوع میں ہو اور امام جماعت اپنا سر اٹھالے تو اس کا فریضہ کیا ہے؟
جواب: اگر امام جماعت اس سے پہلے کہ ماموم رکوع کی مقدار جتنا جھکے، اپنا سر اٹھا لے تو اس صورت میں فرادا کی نیت کرسکتا ہے۔
 
ضرورت کے گھر کا خمس
سوال5: ایک شخص نے اپنی ضرورت کا گھر بنایا ہے لیکن اس میں رہائش اختیار نہیں کرسکتا یا کچھ مدت کے لئے کرایہ پر دے دیا اور پھر رہائش کا ارادہ ترک کر کے وہ گھر فروخت کردیتا ہے، بالفرض کہ اس دوران خمس کا سال گزر گیا ہو تو اس گھر کے خمس کا کیا حکم ہے؟
جواب: رہائش اختیار کرنا شرط نہیں اور اتنا ہی کافی ہے کہ گھر اس کی ضرورت اور حیثیت کے مطابق تو خمس کا سال گزرنے پر اس کی ضروریات زندگی میں شمار ہو گا اور اس پر خمس نہیں ہوگا حتی کہ اگر فروخت کرنے کے بعد ہو۔
 
گھر کو مکمل رہن (پگڑی) پر لینا
سوال6: ہم نے ایک گھر مکمل رہن (پگڑی) پر لیا ہوا ہے اور کرایے پر لینے کے بعد پتہ چلا کہ مکمل رہن (بغیر کرایہ پگڑی پر لینا) صحیح نہیں ہے، اب اس کی اصلاح کے لئے ہم کیا کام کرسکتے ہیں؟
جواب: اگر گھر کا مالک - پچھلے معاہدے سے قطع نظر- گھر میں آپ کے تصرف کے حوالے سے راضی ہو تو آپ کی کوئی ذمہ داری نہیں، بصورت دیگر آپ جتنی مدت گھر میں رہے ہیں اس کی اجرت المثل کے ضامن ہوں گے اور آئندہ کے لئے اس کے ساتھ نیا معاہدہ کریں۔
 
رکاوٹ کی صورت میں وضو اور غسل جبیرہ
سوال7: میرے کام کی نوعیت ایسی ہے کہ گون وغیرہ سے سروکار رہتا ہے، اکثر اوقات میرے ہاتھوں اور پاوں میں گون لگ جاتی ہے اور اسے برطرف کرنا مشکل ہوتا ہے لہذا میرے لئے وضو اور غسل کے حوالے سے کیا حکم ہے؟
جواب: بہر حال اگر اسے برطرف کرنا ممکن ہو تو ضروری ہے کہ برطرف کریں اور اسے برطرف کرنے لئے بقدر کافی وقت نہ ہو اور نماز قضا ہونے کا سبب بنتا ہو تو آپ کا فریضہ تیمم کرنا ہے، تاہم اگر رکاوٹ برطرف کرنا ممکن نہ ہو تو وضو یا غسل کے وقت اس پر گیلے ہاتھوں کو پھیریں (مسح کریں)۔
 
مخالف صنف کے ڈاکٹر سے رجوع کرنا
سوال8: کیا عورت کا کاسمیٹک سرجری کے لئے مرد ڈاکٹر سے رجوع کرنا جائز ہے؟
جواب: کاسمیٹک (پلاسٹک) سرجری بیماری کا علاج شمار نہیں ہوتی اور اس کے لئے حرام نگاہ اور لمس جائز نہیں ہے مگر یہ کہ بیماری - جیسے کہ جلنے- کے علاج کے لئے ہو اور ہم صنف ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہت مشقت رکھتا ہو۔
 
مصنوعی حمل ٹہروانا
سوال9: کیا مصنوعی طریقے (IVF) سے حمل ٹہروانا جائز ہے؟ اس طریقے سے پیدا ہونے والا بچہ کس کی اولاد شمار ہوگا؟
جواب: اس میں بذات خود کوئی اشکال نہیں ہے تاہم حرام نگاہ اور لمس جیسے حرام مقدمات سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔ بہرحال اس طریقے سے جو بچہ پیدا ہوگا وہ صاحبِ نطفہ اور بیضہ سے ملحق ہوگا اور اسے صاحبِ رحم کا بچہ شمار کرنا مشکل ہے، لہذا اس کے لئے نَسَب کے اثرات کے مترتب ہونے میں احتیاط کا خیال رکھا جائے۔
 
جاہل کی ہدایت کرنا
سوال10: اگر کوئی شخص نماز غلط پڑھے تو کیا نماز کے بعد اسے اس کی غلطی کا بتانا ضروری ہے؟
جواب: اگر مسئلے کے حکم سے لاعلمی کی بنا پر عمل کو باطل طور پر انجام دے رہا ہو تو واجب ہے کہ اسے بتایا جائے بصورت دیگر واجب نہیں ہے۔
 
نہی عن المنکر
سوال11: ان بعض طلبا کے حوالے سے استاد اور دیگر طلبا کا فریضہ کیا ہے کہ جو نامناسب لباس میں کلاس میں شرکت کرتے ہیں؟
جواب: شرائط کے ہوتے ہوئے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرنا ضروری ہے اور اگر انہیں اطمینان ہو کہ کوئی اثر نہیں ہوگا تو ان کا کوئی فریضہ نہیں بنتا۔
 
ناہموار سطح یا لکھائی والی سجدہ گاہ پر سجدہ کرنا
سوال12:کیاسجدہ گاہ پر نقش ہوئی لکھائی پر سجدہ کرنا صحیح ہے؟
جواب: اگر سجدہ گاہ پر پیشانی لگنے کی مقدار مجموعی طور پر کم از کم انگلی کے سرے جتنی ہو تو کوئی حرج نہیں ہے۔

 

700 /