ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

۱۳ویں صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد ایرانی عوام کے نام پیغام

انتخابات میں بھرپور شرکت سے ایرانی قوم نے ایک نیا سنہرا باب رقم کیا

۱۸ جون کو ہونے والے انتخابات میں ایران کی عظیم قوم کی پرجوش اور ولولہ انگیز شرکت کے بعد رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغامِ تبریک میں انتخابات کا سب سے بڑا فاتح ایرانی قوم کو قرار دیا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا مکمل متن مندرجہ زیل ہے:

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

ایران کی عظیم اور سربلند قوم!

18 جون کو ہونے والے انتخابات میں پرجوش اور ولولہ انگیز شرکت نے آپ کے پر افتخار ماضی میں ایک اور سنہرے باب کا اضافہ کیا۔ اُن عوامل کے درمیان جس میں سے ہر ایک کسی نہ کسی طرح سے رائے دہندگان کی تعداد کو کم کرسکتے تھے، ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنوں پر آپ کے جمع غفیر کا حیرت انگیز نظارہ آپ کے عزم راسخ، امیدوار دل اور بیدار زہن کی ایک واضح علامت تھی۔

کل کے انتخابات کی عظیم فاتح ایرانی قوم ہے، جو ایک بار پھر دشمن کے زرخرید میڈیا کے پروپیگنڈے، سادہ اندیشوں اور بدخواہوں کے فتنہ کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی اور ملک کے سیاسی میدان میں موجودگی کا مظاہرہ کیا۔ محروم طبقے کا معاشی مشکلات پر شکوہ، ہمہ گیر مرض (کرونا) کے خطرے کی تشویش، لوگوں کی حوصلہ شکنی کے لئے مہینوں پہلے شروع ہوئی مخالف صدائیں ، اور انتخاب کے دن شروع کے چند گھنٹوں کے اندر ووٹنگ میں کچھ رکاوٹیں بھی ایرانی عوام کے عزم کو مغلوب نہیں کرسکیں تاکہ اہم صدارتی انتخابات اور شہر و دیہی کونسلوں کے انتخابات کو مشکلات سے دچار کرسکیں۔

میں اپنی پیشانی شکر کو خاک پر ملتے ہوئے خدائے علیم و قدیر کا بے انتہا شکر بجا لاتا ہوں اس توفیق پر جو اس نے ایرانی قوم کو عطا کی اور اس نظرِ کرم پر جو اس نے ایران اور اسلامی جمہوریہ پر ڈالی۔ ایران کے عوام کو شاباش اور ان معزز حضرات کو جو ملک کے صدارت یا کونسلوں کے عضو کے اہم عہدے پر منتخب ہوئے مبارکباد کے ساتھ، اس وفادار قوم کی قدردانی اور قانون میں ان کے سپرد کردہ فرائض کی پوری پاسداری کی یادآوری کرانا چاہونگا۔ ملک و قوم کی خدمت کے مواقع کی قدر کریں اور الہی مقاصد کو ہمیشہ مدنظر رکھیں۔

معزز نگہبان کونسل ، وزارت داخلہ اور سیکیورٹی و صحت کے اداروں، قومی میڈیا، محترم امیدواروں اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا یہاں ضروری سمجھتا ہوں کہ جنہوں نے اس عظیم امتحان میں کسی حد تک اپنا حصہ ڈالا ہے۔

میں حضرت حضرت ولی اللہ الاعظم ارواحنا فداہ کے خدمت میں سلام اور درود پیش کرتا ہوں، جو اس ملک اور اس نظام کے اصل مالک ہیں، اور میں اللہ رب العزت سے عظیم امام (خمینی رح)، جو ایرانی قوم کی عظیم تحریک کا نقطہ آغاز تھے، اور عظیم المرتبت شہداء کیلئے، جو ملک کیلئے سب سے بڑے اعزاز ہیں، درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہوں۔

 

سید علی خامنہ ای

۱۹ جون ۲۰۲۱

700 /