ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (نومبر)

 
خواتین کی شرعی عذر کے وقت واجب ہونے والی نماز آیات کی قضا
سوال1: اگر خواتین کے ماہانہ مخصوص ایام کے دوران نماز آیات کو واجب کردینے والا کوئی سبب رونما ہوجائے تو ان کا شرعی وظیفہ کیا ہے؟
جواب: وہ نماز آیات کہ جن کا کوئی معین اور محدود وقت نہیں ہوتا جیسے کہ زلزلہ کی نماز، ان میں نماز آیات کی ادا یا قضا حیض اور نفاس والی خواتین پر واجب نہیں ہے۔ نیز وہ نماز آیات جن کا وقت معین اور محدود ہوتا ہے جیسے کہ سورج اور چاند گرہن کی نماز اگر گرہن لگنے کے پورے دورانیے میں حیض کی حالت میں ہوں تو ان میں نماز آیات کی ادا یا قضا واجب نہیں ہے۔
 
سرمایے کا خمس
سوال2: اس بات کے پیش نظر کہ اجناس کی قیمت خرید اور جس قیمت پر گاہک کو بیچی جاتی ہیں، کے درمیان فرق ہوتا ہے، دوکان میں موجود اشیاء کے خمس کا حساب لگانے کے لئے معیار کیا ہوگا، قیمت خرید یا قیمت فروخت؟
جواب: اشیاء کا اس قیمت کے لحاظ سے حساب لگائیں کہ جس پر خمس کی تاریخ میں انہیں نقد کیا جاسکتا ہو۔
 
اختیاری وطن
سوال3: ایک دو مہینے تک میرا رہائش کے لئے کسی دوسرے شہر منتقل ہونے اور اس جگہ کو وطن کے طور پر اختیار کرنے کا ارادہ ہے، کیا میں ابھی سے -جبکہ فی الحال اس شہر میں مستقر نہیں ہوا ہوں- دس دن سے کم مدت والے سفر میں وہاں نماز پوری پڑھ سکتا ہوں؟
جواب: آپ جب تک زندگی گزارنے کے عنوان سے وہاں رہائش پذیر نہیں ہوجاتے اس وقت تک نماز قصر ہوگی۔
 
وسواسی شخص کا فریضہ
سوال4: کچھ سال ہوگئے ہیں کہ میں وسواس کی بیماری میں مبتلا ہوں، یہ مسئلہ مجھے بہت تکلیف دے رہا ہے اور روز بروز اس کیفیت میں شدت آرہی ہے یہاں تک کہ ہر چیز میں شک کرنے لگتا ہوں اور میری پوری زندگی شک پر قائم ہوگئی ہے، یہ بات مجھے زندگی میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہونے کا باعث بن گئی ہے، میں جن امور میں شک کا شکار ہوتا ہوں ان کے متعلق میری شرعی ذمہ داری کیا ہے؟
جواب: آپ کی ذمہ داری شک کی پروا نہ کرنا ہے، جب تک آپ کو کسی بات کے متعلق یقین نہ ہوجائے آپ کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے۔ ضروری ہے کہ مکلف احکام شرعی میں اپنے ذوق اور سیلقے کی دخالت دینے سے پرہیز کرے اور شریعت مقدسہ کے احکامات و فرامین کا فرماں بردار اور ان پر ایمان رکھنے والا ہو۔
 
ادھار پر فروخت ہونے والی اجناس کا خمس
سوال5: اگر میں سال کے دوران کی کمائی سے خریدی جانے والی اجناس کو ادھار پر فروخت کر دوں اور ان کی قیمت کی وصولی کا وقت خمس کی تاریخ کے بعد ہو تو ان کی آمدنی کے خمس کا کیا حکم ہے؟
جواب: معاملہ کرتے وقت اجناس کی نقد قیمت اسی سال کی آمدنی اور ادھار بیچنے پر ملنے والا منافع وصولی والے سال کی آمدنی ہوگی۔
 
عارضی رہائش کے مقام میں نماز اور روزہ
سوال6: دل کے آپریشن اور اس کے بعد سانس کے مسائل کی مخصوص صورتحال کے پیش نظر میں نے ایک سال کے لئے اچھی آب و ہوا والے ایک شہر میں عارضی ٹرانسفر کروایا ہے اور بحالی صحت اور صورتحال کی بہتری کی صورت میں واپس وطن پلٹنے کا ارادہ ہے، کیا موجودہ وقت میں میری اور میری زوجہ کی اس عارضی رہائش کے مقام میں نماز پوری ہوگی یا قصر؟
جواب: اگرچہ یہ جگہ وطن کا حکم نہیں رکھتی تاہم اگر کم از کم ایک سال وہاں رہائش اختیار کرنے کا ارادہ ہو تو آپ مسافر شمار نہیں ہوں گے اور وہاں پر -حتی کہ دس دن کے قصد اقامت کے بغیر بھی- آپ کی نماز پوری ہوگی اور روزہ صحیح ہے۔
 
والدین کی اطاعت
سوال7: شرعی طور پر والدین کی کس حد تک اطاعت کرنا واجب ہے؟ کیا تمام امور حتی ذاتی زندگی جیسے کہ تعلیمی سبجیکٹ کا انتخاب اور دیگر امور میں بھی ان کی اطاعت کرنا ضروری ہے؟
جواب: والدین کی اطاعت بذات خود واجب نہیں تاہم ضروری ہے کہ ماں اور باپ کی مخالفت ان کے ناراض ہونے اور قابل توجہ اذیت و تکلیف کا باعث نہ بنے مثلاً ان کی جانب سے بے زاری کا اظہار اور دھتکارنے کا سبب نہ بنے۔
 
ارث کی مالیت کے اضافے میں خمس
سوال8: میں نے اپنی ارث میں ملنے والی زمین کو بیس سال کے بعد فروخت کیا ہے، کیا اس کی مالیت(قیمت) میں جو اضافہ ہوا ہے اس پر خمس ہوگا؟
جواب: اس پر خمس نہیں ہے، مگر یہ کہ آپ نے اسے منافع حاصل کرنے اور قیمت بڑھنے کی نیت سے سنبھال کر رکھا ہو تو اس صورت میں اسے فروخت کرنے کے بعد احتیاط واجب کی بنا پر اس کی بڑھنے والی مالیت - افراط زر کی مقدار کم کرنے کے بعد- سال کی آمدنی شمار ہوگی اور اگر خمس کی تاریخ تک آپ کے پاس موجود رہے تو اس کا خمس دینا ہوگا۔
 
نماز کے دوران منہ سے خون نکلنا
سوال9: اگر نماز کے دوران- مثلا دانت نکلوانے کی وجہ سے- نماز پڑھنے والے کے منہ سے خون نکل آئے تو اس کی کیا ذمہ داری ہے؟
جواب: ضروری ہے کہ خون کو حلق سے نیچے نہ اتارے اور اگر خون نگلے بغیر اور لباس اور بدن کو نجس کئے بغیر نماز جاری رکھ سکتا ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں اور نماز صحیح ہے۔
 
700 /