ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫اگست)

 
واجب حج میں تاخیر کرنا
سوال1: ایک میاں بیوی نے حج کے لئے نام لکھوایا ہے اور سعودیہ کی جانب سے اعلان شدہ عمر کی نئی شرائط کی وجہ سے شوہر حج پر نہیں جاسکتا تو کیا اس کی بیوی ایسا کرسکتی ہے کہ تنہا ہوجانے اور دوسری وجوہات کی بنا پر اور اس امید سے کہ آئندہ سال شرائط تبدیل ہو جائیں گی اس سال حج پر نہ جائے؟
جواب: ضروری ہے کہ اسی سال حج انجام دے اور صرف تنہا ہوجانا حج کو مؤخر کرنے کا شرعی جواز فراہم نہیں کرتا۔
 
ایک سے زائد افراد کے لئے حج کرنا
سوال2: کیا ایک سال میں ایک یا دو حج دو افراد (مثلا والدین) کی نیابت میں انجام دینا ممکن ہے؟
جواب: ہر سال ایک فرد کی نیابت میں صرف ایک واجب حج انجام دے سکتا ہے۔
 
حد ترخص اور شہر کی داخلی حدود کے درمیانی فاصلے میں نماز اور روزے کا حکم
سوال3: اگر کوئی مسافر حد ترخص* اور وطن (یا اقامت گاہ) کے درمیانی فاصلے والی جگہ پہنچ جائے تو کس طرح نماز پڑھے گا اور روزہ رکھے گا؟
جواب: حد ترخص اور وطن کے درمیانی فاصلے میں نماز پوری ہوگی، تاہم حد ترخص اور دس روزہ اقامت گاہ کے درمیانی فاصلے میں احتیاط واجب کی بنا پر نماز جمع کی صورت میں پڑھنا ہوگی(قصر اور تمام دونوں پڑھنا ہوگی) اور دونوں صورتوں میں روزہ صحیح نہیں ہے مگر یہ کہ ظہر کی اذان سے پہلے وہاں پہنچے۔
*حد ترخص وہ جگہ ہے کہ جہاں شہر کی اذان سنائی نہیں دیتی۔ انجام دی گئی تحقیقات کے مطابق حد ترخص شہر کی آخری حدود سے ۱۳۵۰ میٹر کا فاصلہ ہے۔
 
مرد کی طرف سے خریدا گیا جہیز کا سامان
سوال4: مرد اور عورت شادی کے وقت ایک عام سے کاغذ پر تحریری معاہدہ کرتے ہیں کہ مرد کچھ سامان جیسے کہ فریج اور ٹی وی وغیرہ کا انتظام کرے گا، شرعی اعتبار سے ان چیزوں کا مالک کون ہے؟
جواب: جن چیزوں کا انتظام مرد نے کیا ہے اسی کی ملکیت ہیں اگرچہ استعمال کے لئے عورت کے اختیار میں دی ہوں، مگر یہ کہ ثابت ہو کہ ان کی ملکیت کو ہبہ، مصالحت یا کسی اور شرعی طریقے سے عورت کے لئے منتقل کرچکا ہے۔
 
حلال گوشت آبی حیوانات
سوال5: کون سے آبی حیوانات حلال گوشت ہیں؟
جواب: آبی حیوانات میں سے صرف چھلکوں والی مچھلی، جھینگا اور اسی طرح بعض آبی پرندے حلال ہیں جبکہ بقیہ حلال گوشت نہیں ہیں۔
 
ماہ رمضان میں فوت ہوجانے والے شخص کے روزوں کی قضا
سوال6: اگر کوئی شخص ماہ رمضان میں بیماری یا سفر کی وجہ سے روزہ نہ رکھے اور ماہ رمضان ختم ہونے سے پہلے فوت ہوجائے تو کیا اس کے روزوں کی قضا اس کے بڑے بیٹے پر واجب ہے؟
جواب: واجب نہیں ہے۔
 
معاملہ انجام دینے کے بعد اضافی رقم وصول کرنا
سوال7: اگر کسی جنس کا معاملہ ہوجانے کے بعد اس کی قیمت بڑھ جائے تو کیا خریدار سے قیمت میں اضافہ ہونے والی رقم وصول کرنا جائز ہے؟
جواب: جائز نہیں ہے۔
 
نماز کے بعد وضو سے مانع بننے والی کسی چیز کا مشاہدہ کرنا
سوال8: اگر ایک شخص وضو کرنے سے پہلے اپنے ہاتھوں کا جائزہ لے کہ کہیں وضو سے مانع بننے والی کوئی چیز نہ ہو تاہم نماز کے بعد اسے مانع کی موجودگی کا پتہ چلے تو حکم کیا ہے؟
جواب: اگر اسے اطمینان ہے کہ وضو کرتے وقت مانع موجود تھا تو اس کا وضو اور نماز صحیح نہیں ہیں بصورت دیگر وضو اور نماز اشکال نہیں رکھتے۔
 
عورت کا اپنا مال عزاداری میں خرچ کرنا
سوال9: اگر کوئی عورت اپنی آمدنی یا مال کو اہل بیت علیہم السلام کی عزاداری کے لئے استعمال کرنا چاہے تو کیا اس کام کے لئے شوہر کی اجازت ضروری ہے؟
جواب: شرعی نذر کے علاوہ دوسرے موارد میں خود اسے اختیار حاصل ہے تاہم شوہر کے موجود ہونے کی صورت میں احتیاط واجب کی بنا پر عورت کا شرعی نذر کرنا اس کی اجازت سے ہونا چاہئے۔

 

700 /