ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫مئی)

 
اجرت معین کرنے کا طریقہ
سوال1: بعض اوقات مستری اور چیزوں کی مرمت کرنے والے اپنی اجرت کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتے اور کام مکمل ہونے کے بعد کسٹمر بھی مانگی جانے والی اجرت کو زیادہ سمجھتا ہے اور راضی نہیں ہوتا، اس صورت میں حکم کیا ہے؟
جواب: اس صورت میں کام کرنے والا انجام دیئے گئے کام لے لیے صرف اجرت المثل﴿ اس جیسے کاموں کے لیے معمول کی اجرت﴾ کا مطالبہ کرسکتا ہے۔
 
خواب کا شرعی حجت نہ ہونا
سوال2: بعض خطباء اور ذاکرین مجالس کے دوران اہل بیت علیہم السلام کی کرامات اور عنایات کے بارے میں مختلف خوابوں کا ذکر کرتے ہیں، کیا ایسے خوابوں کو بیان کرنا اور ان پر اعتماد کرنا جائز ہے؟
جواب: ایسے خوابوں کو بیان کرنے میں بذات خود کوئی حرج نہیں ہے لیکن بطور کلی خواب، شرعی لحاظ سے حجت نہیں ہوتے اور ان سے کوئی شرعی فریضہ عائد نہیں ہوتا اور سزاوار ہے کہ دینی معارف کو آیات مجیدہ، معتبر روایات اور عقل سے مستند کرتے ہوئے بیان کیا جائے۔
 
تازہ بالغ ہونے والوں کا مالی تصرف صحیح ہونے کی شرط
سوال3: کیا قابل توجہ مال کو ہدیہ دینے یا قابل توجہ قرض کے معاف کرنے جیسے اہم مالی تصرفات کے صحیح ہونے کے لئے شرعی بلوغت کی عمر ﴿مثلاً لڑکی کے لئے ۹ سال﴾ تک پہنچنا کفایت کرتا ہے؟
جواب: مذکورہ مالی تصرفات کے جواز کے لئے بلوغت کے علاوہ ضروری ہے کہ یہ افراد اپنے رشد کے مرحلے پر بھی پہنچ چکے ہوں یعنی مالی امور میں اپنی مصلحت کو تشخیص دے سکتے ہوں اور اپنے مال کو بجا اور صحیح طور پر استعمال کرسکتے ہوں۔
 
روزے کے دوران نیت میں تردید
سوال4: میں نے روزے کی حالت میں کمزوری طاری ہونے کی وجہ سے اور روزہ جاری رکھنا نقصان دہ ہوئے بغیر افطار (روزہ کھولنے) کا ارادہ کیا تاہم کوئی چیز نہیں کھائی اور اس کے بعد روزے کو جاری رکھا، کیا مجھے اس دن کے روزے کی قضا رکھنا ہوگی؟
جواب: احتیاط واجب کی بنا پر اس دن کے روزے کی قضا رکھنا ہوگی۔
 
روزہ کی حالت میں زبان کے نیچے رکھی جانے والی گولیوں کا استعمال
سوال5: زبان کے نیچے رکھی جانے گولیوں (دوائی) کا استعمال کس صورت میں روزے کو باطل نہیں کرتا؟
جواب: اگر ان گولیوں کی کسی چیز(ذرات) کو حلق سے نیچے نہ اتارا جائے اور لعاب دھن سے مخلوط ہونے کی صورت میں منہ سے باہر پھینک دیا جائے تو ان کے استعمال میں کوئی حرج نہیں ہے اور روزے کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا۔
 
روزے کی حالت میں بلغم نگلنا
سوال6: روزے کی حالت میں بلغم کو نگلنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر بلغم منہ کی فضا میں داخل نہ ہوا ہو یا منہ کی فضا میں داخل ہونے کی صورت میں جان بوجھ کر نہ نگلا ہو تو روزہ صحیح ہے لیکن اگر منہ کی فضا میں داخل ہو جائے اور جان بوجھ کر نگل لے تو احتیاط واجب کی بنا پر روزے کو باطل کر دیتا ہے۔
 
پیشے کی وجہ سے روزے میں مشقت ہونا
سوال7: اگر کسی شخص کے لیے اس کے پیشے کی وجہ سے روزہ رکھنا مشقت رکھتا ہو اور روزے کو آخر تک نہیں رکھ سکتا ہو تو کیا اس کے لیے جائز ہے کہ صبح سے ہی روزہ نہ رکھے؟
جواب: ضروری ہے کہ صبح کی اذان کے وقت سے روزے کی نیت کرے اور دن کے دوران جس وقت اس کے لئے روزے کو جاری رکھنا انتہائی سخت اور غیر قابل برداشت ہوجائے تو افطار کرسکتا ہے اور مناسب وقت پر اس کی قضا بجا لائے۔
 
دوسرے کو کوئی بات سمجھانے کے لئے نماز کا کوئی ذکر پڑھنا
سوال8: اگر نماز کے کسی جزء کی ادائیگی میں قصد قربت نہ رکھے جبکہ ریا کی نیت بھی نہ رکھتا ہو تو کیا نماز صحیح ہے؟ مثلاً کسی دوسرے کو کوئی بات سمجھانے کے لئے رکوع کے ذکر کو اونچی آواز میں پڑھے۔
جواب: اس صورت میں کہ جب اس جزء کا ازالہ کیا جاسکتا ہو اور قصد قربت اور نماز کے جزء کی نیت سے اسے دوبارہ دھرا لے تو اس کی نماز صحیح ہے
 
پاک چیز کا ایسی چیز سے لگنا جس کے نجس ہونے کا احتمال ہو
سوال9: اگر ہمیں معلوم ہو کہ مثلاً ہمارے کچھ لباسوں میں سے ایک لباس نجس ہے اور نہ جانتے ہوں کہ وہ کون سا لباس ہے تو کیا اگر کوئی پاک چیز جو گیلی ہو ان لباسوں سے لگ جائے تو کیا وہ چیز نجس ہوجائے گی؟
جواب: اس سے وہ چیز نجس نہیں ہوگی۔
 
آنکھوں کے درد کے باوجود وضو کرنا
سوال10: آپریشن کی وجہ سے آنکھ کے لئے پانی نقصان دہ ہے اور اس پر موجود جبیرہ ﴿پٹی﴾ بھی ہٹانا ممکن نہیں ہے، اب وضو کیسے کیا جائے؟
جواب: بقیہ چہرے کو اوپر سے نیچے کی جانب دھوئیں اور آنکھ پر موجود جبیرہ ﴿پٹی﴾ پر وضو کی نیت سے گیلا ہاتھ پھیریں اور احتیاطاً تیمم بھی کریں۔
 
غیر مسلم خواتین کو دیکھنا
سوال11: کیا باہر کے ملکوں کی غیر مسلم خواتین کو ان کے لباس کی حالت کے پیش نظر دیکھنا اشکال رکھتا ہے؟
جواب: غیر مسلم عورتوں کو ﴿لذت اور حرام میں پڑنے کے خوف کے بغیر﴾ دیکھنے میں کوئی اشکال نہیں ہے، تاہم احتیاط واجب کی بنا پر ان حصوں کو دیکھے جو وہ معمول کے مطابق ڈھانپ کر رکھتی ہیں۔
 
نوبت کا خیال نہ رکھنا
سوال12: کیا روٹی لینے یا ڈاکٹر کے معاینہ وغیرہ کی لائن میں نوبت یا باری اور دوسرے کے تقدم ﴿پہل﴾ کے حق کا خیال نہ رکھنا حرام ہے؟
جواب: اگر دوسروں کے حق میں ظلم شمار ہو تو حرام ہے۔

 

700 /