ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

مظلوموں کا خون بہانے والے مجرموں کوخداوند قہار کے قہر و غضب کا سامنا کرنا پڑےگا

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عراق میں دہشت گردانہ حملے میں حسینی زائرین کی مظلومانہ شہادت پر تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔

پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

عراق میں دہشت گردی کے دردناک واقعہ اور حسینی زائرین اور رہروان حرم دوست کی مظلومانہ شہادت نے ایسےدلوں کو غمزدہ اور سوگوار بنادیا ہے جو پیغمبر اسلام (ص)کے اہلبیت کی محبت وعشق سے سرشار ہیں اور جو سعادت و فلاح کو محمد اور آل محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی پیروی میں قراردیتے ہیں جن سیاہ کار مجرموں نے اس عظیم جرم کا ارتکاب کیا اور اپنا ہاتھ مظلوم افراد کے خون میں تر کیا ہے انھیں جان لینا چاہیے کہ انھوں نے اولیاء خدا کی خوشنودی پر شیاطین جن و انس کی خوشنودی کو ترجیح دی ہےاور انھوں نے اپنے آپ کو خداوند قہار کے قہر و غضب کی آگ اور جہنم میں ڈالدیا ہے وان جھنم لمحیطۃ بالکافرین " اورجہنم کے شعلے کافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے" ۔ وہ پلید ہاتھ اور فکریں جنھوں نے عراق میں دہشت گردی کے شجرہ خبیثہ کی داغ بیل ڈالی ، وہ جان لیں کہ آگ کے شعلے انھیں بھی اپنی لپیٹ میں لے لیں گے اور بعض دیگر اسلامی ممالک کے مانند ان کے ناپاک ارادے سب سے زیادہ خود انھیں کے گلے کا طوق بنیں گے۔

اس دردناک حادثہ اور اس جیسے دوسرے حوادث کے اصلی مجرم امریکی اور اتحادی افواج ہیں جنھوں نے دہشت گردی سے مقابلہ کرنےکے بہانے ایک اسلامی ملک پر غاصبانہ تسلط قائم کیا اور ہزاروں بے گناہ افراد کا قتل عام کرکے انھیں موت کی نیند سلادیا اور عراق میں دن بدن بد امنی کو فروغ دے رہے ہیں بیشک عراق میں دہشت گردی کے زہر آلودہ خس و خاشاک کی پرورش امریکہ کے دوسرے سیاہ کارناموں کے ساتھ ثبت ہو جائےگی اور امریکی اور اسرائیلی خفیہ ایجنسیاں اس واقعہ کی اصلی مجرم ہیں۔

ہمیں عراقی حکومت سے امید و توقع ہے کہ وہ ان جرائم پر قابو پانے کے لئے سنجیدہ مقابلہ کرے اور عتبات عالیات کے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اہم اقدام عمل میں لائے۔ اس حادثہ میں مارے جانے والے افراد حسینی بارگاہ کے شہداء ہیں اور ان کا اجر وثواب خداوند عزیز و رحیم کے پاس ہے انشااللہ ، البتہ ان کے پسماندگان اور دوستوں کے دل غم و اندوہ میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔

میں اس دردناک حادثے پر تمام سوگوار خاندانوں بالخصوص شہداء کے لواحقین اور پسماندگان کو تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور خداوند متعال کی بارگاہ سے زخمیوں کے لئے جلد از جلد شفا طلب کرتا ہوں۔

سید علی خامنہ ای

4/اردیبہشت/1388

700 /