ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی :

حالیہ چند دہائیوں میں اسلامی معارف کے فروغ میں ممتاز عالم دین مرحوم موسوی لاری کی خدمات بےمثال اور کم نظیر ہیں

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج (بروز سنیچر)  سہ پہر کو لارستان میں ولی فقیہ کے نمائندے ،ممتاز عالم دین ، مجاہد اور محقق حجۃ الاسلام والمسلمین آقائ حاج سید مجتبی موسوی لاری کے انتقال پر تعزیتی پیغام ارسال کیاہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

ممتاز، مجاہد عالم دین ،اور محقق مرحوم حجۃ الاسلام والمسلمین آقائ حاج سید مجتبی موسوی لاری کے انتقال کی دردناک خبر سنکر بہت افسوس ہوا، حالیہ چند دہائیوں میں اس ممتاز و گرانقدرعالم دین کی پوری دنیا میں معارف اسلامی اور مکتب اہل بیت علیھم السلام کے فروغ کے سلسلے میں خدمات  بے مثال اور کم نظیر ہیں، پانچ براعظموں میں ان کی کتابوں اور تحریروں کی نشر و اشاعت سے ہزاروں منصف مزاج اور ہدایت کے مشتاق افراد مرحوم کے علمی اور  منطقی مطالب سے مستفیض ہوتےرہے ہیں اور اسلام کی حقیقت اور پہچان کے سلسلے میں ایمان لائے ہیں۔

اس پرہیزگار عالم دین نے کسی بھی نام و نمود اور دوسروں پر تکیہ کئے بغیر اس عظیم کام کو انجام دیا ، اور اللہ تعالی کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ہمت سے کام لیا۔

میں اس مخلص اور مجاہد عالم دین کی رحلت پر صوبہ فارس ، لارستان ،مرحوم کے تمام دوستوں، شاگردوں ان کی کتابوں سے استفادہ کرنے والوں ، مرحوم کے محترم اور معزز خاندان اور پسماندگان کو تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں ۔اور اللہ تعالی کی بارگاہ سے مرحوم کے لئے رحمت و مغفرت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتا ہوں۔

سید علی خامنہ ای

19/اسفند/1391

700 /