ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

یورپ میں اسلامی انجمنوں کی طلباء یونینوں کے 48ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر پیغام :

ایرانی قوم کے فرزند اپنے ملک و قوم کو گرانقدر ثمرات سے نوازیں گے

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے یورپ میں اسلامی انجمنوں کی طلباء یونینوں کے 48ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر اپنے پیغام میں تاکید کرتے ہوئے فرمایا: دنیا کی مختلف یونیورسٹیوں میں تحصیل علم میں مشغول ایرانی قوم کے فرزند اس گرانقدر پودے کی مانند ہیں جس کی جڑیں اپنے ملک کی سرزمین میں پیوست ہیں اور جو ملک و قوم کو گرانقدر ثمرات سے  نوازيں گے۔

یورپ میں اسلامی انجمنوں کی یونین میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے حجۃ الاسلام جواد اژہ ای  نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں امام علی (ع) اسلامی مرکز میں پیغام کے متن کو پیش کیا، پیغام کا متن حسب ذیل ہے :

بسم اللہ الرحمن الرحیم

دنیا کی مختلف یونیورسٹیوں میں تحصیل علم میں مشغول ایرانی قوم کے سرافراز فرزند ایسے گرانقدر پودے ہیں جن کی جڑیں اپنےملک کی زرخیز خاک میں پیوست ہیں اور وہ ملک کی فعال و با نشاط  یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی طرح اپنی قوم اور ملک کو گرانقدر ثمرات عطا کریں گے۔ انشاء اللہ۔

یہی وہ فکر و شعور ہے جس کی طرف دنیا کے ہر گوشے میں رہنے والے ایرانی طالب علم کی توجہ مبذول ہونی چاہیے۔ علمی کیفیت اور علمی مضمون کے انتخاب پر توجہ مبذول کرنی چاہیے نیز تحصیل کے دوران جوش و ولولہ جس سے آپ کی شخصیت نمایاں ہوتی ہےاس کا سرچشمہ بھی اسی تابناک اور درخشاں فکر پر استوار ہونا چاہیے۔

آج کے طالب علم کو کل کا مدیر بننے کے لئے جو چیز سب سے زیادہ کام آئے گی وہ اللہ تعالی کی ذات پر توکل ، اور اس کے فضل و کرم ، رحمت اور امداد پر اعتماد کرنا ہے۔ یہی وہ چیز ہے جو آپ کی صلاحیتوں میں چار چاند لگائے گی اور آپ کے قدموں کو مضبوط ، محکم اور استوار بنائے گی اور آپ کے دل کو آرام اور سکون عطا کرےگی۔

ملک اور آپ کے درخشاں مستقبل کی امید کے ساتھ آپ کو اللہ تعالی کے سپرد کرتا ہوں اور آپ کے لئے دعا کرتا ہوں۔

سید علی خامنہ ای

700 /