ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

حضرت فاطمہ زہرا(س) کی شام شہادت کے سلسلے میں مجلس عزا کا انعقاد

حسینیہ امام خمینی (رہ) میں حضرت فاطمہ زہرا(س) کی شام شہادت کے سلسلے میں مجلس عزا کا انعقاد

حسینیہ امام خمینی (رہ) میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگی میں حضرت فاطمہ زہرا(س) کی شام شہادت کی مناسبت سے مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں عوام کے مختلف طبقات کے علاوہ اعلی سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔

مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین رفیعی نے خاندان فاطمی کے اصولوں کو سبق آموز اور نمونہ عمل قراردیتے ہوئے کہا: قرآن مجید میں حضرت زکریا کا خاندان اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کا خاندان نمونہ عمل کے طور پر پیش کئے گئے ہیں۔

جناب رفیعی نے دونوں خاندانوں کے معیاروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: خیرات اور نیکیوں کی طرف سبقت ،اللہ تعالی کے سامنے خشوع اور اس کو پکارنا ، نذر اور اس کو ادا کرنے پر اعتقاد ، خوف خدا اور خوف روز جزا ، فقیروں کو کھانا کھلانا اور اللہ تعالی کی راہ میں انفاق اور اخلاص ان خاندانوں کی خاص خصوصیات اور قرآنی معیار ہیں۔

حجۃ الاسلام رفیعی نے آج خاندانوں کو درپیش خطرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: فاطمی زندگی کے اصولوں پر توجہ دینے ، اللہ اور اس کے رسول (ص) کی مرضی پر زندگی کی بنا قائم کرنے،اور خاندانی افراد کے درمیان محبت کی اصل کو مضبوط بنانے سے خاندان کوخطرات کے مقابلے میں محفوظ بنایا جاسکتا ہے اور یہ خصوصیات معاشرے میں عام سلامتی کو فروغ دینے میں بھی  مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

مجلس عزا میں جناب آقائ مطیعی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے مصائب میں نوحہ خوانی اور مرثیہ پیش کیا۔ حسینیہ امام خمینی (رہ) میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شہادت کے بارے میں مجالس عزا کا سلسلہ بروز جمعہ سات فروردین تک جاری رہےگا۔

700 /