ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (ستمبر)

 
ایسا مقام جس کے دو راستے ہوں
سوال ۱: ایک گاوں کے دو راستے ہیں، ایک شہر کی طرف ۱۹ کلو میٹر اور دوسرا ۲۲ کلو میٹر ہے، اگر کوئی شخص جاتے وقت ۱۹ کلو میٹر کی طرف سے جائے اور واپسی کے وقت ۲۲ کلو میٹر والا راستہ اختیار کرے تو اس کی نماز پوری ہے یا قصر؟
جواب: اس بات کے پیش نظر کہ شرعی مسافت کے محقق ہونے کے لئے جانے کا راستہ چار فرسخ (20.5 کلو میٹر) سے کم نہیں ہونا چاہئے، نماز پوری ہوگی۔
 
اعزازی خادم کی نماز
سوال ۲: میں حرم امام رضا علیہ السلام کا اعزازی خادم ہوں اور حرم مطہر میں خدمت کے لئے ہفتے میں ایک بار سفر کرتا ہوں اور میری رہائش کے مقام سے حرم مطہر تک ۱۳۰ کلو میٹر کا فاصلہ ہے، حقیر کی نماز کا کیا حکم ہے؟
جواب: جب تک عرفی طور پر آپ کا پیشہ شمار نہ ہو آپ کے لئے مسافر کا حکم ہے اور دس دن کے قیام کا ارادہ نہ ہوتو نماز قصر ہے اور عرفی طور پر آپ کا پیشہ شمار ہونے کی صورت میں نماز پوری ہوگی۔
 
مصنوعی بالوں کے ساتھ وضو یا غسل کرنا
سوال ۳: کیا جس شخص نے مصنوعی بال لگائے ہوئے ہوں، اس کے لئے وضو میں مصنوعی بالوں پر مسح کرنا جائز ہے؟ غسل کی بابت اس کی ذمہ داری ہے؟
جواب: اگر مصنوعی بال ویگ کی صورت میں ہوں تو واجب ہے کہ مسح کے لئے اسے اتارا جائے، تاہم اگر مصنوعی بالوں کو جلد میں کاشت کیا گیا ہو اور وہ مسح کی رطوبت کے سر کی جلد یا اصلی بالوں کی جڑوں تک پہنچنے میں رکاوٹ بن رہے ہوں اور ان کو اتارنا عسر و حرج (اتنہائی زیادہ تکلیف اور سختی) کا باعث ہو تو انہی کے اوپر مسح کرنا کافی ہے، غسل کا حکم بھی یہی ہے۔
 
وضو سے پہلے کسی رکاوٹ کے ہونے میں شک کرنا
سوال۴: اگر وضو سے پہلے شک کرے کہ اعضائے وضو میں کوئی رکاوٹ ہے یا نہیں تو اس کی کیا ذمہ داری ہے؟
جواب: اگر لوگوں کی نظر میں رکاوٹ کی موجودگی کا احتمال بجا ہو ـ جیسے کہ مٹی میں کام کرنے کے بعد ہاتھوں پر کیچڑ لگی ہونے کا احتمال دےـ تو تحقیق کرنا ضروری ہے یا اپنے ہاتھوں کو اسقدر رگڑے کہ اطمینان حاصل کرلے کہ اگر مٹی تھی تو جھڑ چکی ہوگی اور پانی اس کے نیچے تک پہنچ جائے گا۔
 
تسبیحات اربعہ کی تعداد میں شک
سوال ۵:
۱) اگر ہم تیسری یا چوتھی رکعت میں شک کریں کہ تسبیحات اربعہ کو دو مرتبہ پڑھا ہے یا تین مرتبہ تو ہماری کیا ذمہ داری ہے؟
۲) جب ہم اس مسئلے میں بہت زیادہ شک کریں اور وسواس کی حالت پیدا ہوجائے تو ہماری کیا ذمہ داری ہے؟
جواب:
۱) مزید ایک مرتبہ تسبیحات پڑھ سکتے ہیں۔
۲) اپنے شک کی اعتنا نہ کریں اور اس پر بنا رکھیں کہ تسبیحات اربعہ تین مرتبہ پڑھ لی ہیں۔
 
تحفے کا خمس
سوال ۶: میں نے خمس کے سال کے اختتامی ایام میں اپنی بیوی کو تحفے میں کچھ رقم دی تھی، کیا اس رقم پر خمس لگے گا یا نہیں؟
جواب: اگر تحفہ عرفی طور پر شان کے مطابق ہو ـ عقلا کی نظر میں سفاہت اور اسراف شمار نہ ہوـ اور ظاہری بخشش اور خمس سے فرار کرنے کے لئے نہ ہو تو اس پر خمس نہیں ہے۔
 
اشیاء کی خریداری کے لئے بینک لون
سوال ۷: بینک اپنے صارفین کو اشیاء کی خریداری کے لئے کچھ سہولیات (رقم) فراہم کرتا ہے اور صارف کو وکیل بناتا ہے کہ بینک کے لئے بیچنے والے سے نقد کی صورت میں اشیاء خریدے اور زیادہ قیمت پر ادھار کی صورت میں قسطوں پر خود اپنے آپ کو بیچ دے۔
اول یہ کہ: کیا ضروری ہے کہ حتما بینک کی اسی رقم سے ہی خریداری کی جائے؟
دوم یہ کہ : اگر اشیاء کی خریداری کی نیت ہو لیکن کچھ مہینوں کے بعد خریدنا چاہیں تو وہ منافع جو ہم اشیاء خریدنے سے پہلے ادا کریں گے، اشکال رکھتا ہے؟ اگر ہم اس طرح عمل کرچکے ہوں تو اب ہمارا کیا فریضہ ہے؟
جواب:
۱) اگر بینک نے قید لگائی ہو کہ اسی رقم سے خریداری کریں تو آپ کو رقم تبدیل کرنے کا حق نہیں ہے، ورنہ کسی دوسری رقم سے خرید سکتے ہیں۔
۲) خریداری سے پہلے منافع ادا کرنا شرعی جواز نہیں رکھتا اور بیان کئے گئے فرض میں متعلقہ حکام سے رجوع کرتے ہوئے قانون کے مطابق اقدام اٹھائیے، اگر متعلقہ حکام نیا معاہدہ منعقد کرنے کا حق رکھتے ہوں تو استعمال کے مورد کے مطابق نیا معاہدہ ، اگرچہ زبانی ہی کیوں نہ ہو ، منعقد کیجئے۔
 
پینشن کا خمس
سوال ۸: وہ ملازمین اور مزدور جو اپنی ملازمت کے زمانے میں جبری معاہدے کی بنیاد پر بیمہ کمپنی کو ماہانہ کچھ رقم ادا کرتے ہیں اور حکومت یا آجر(Employer) بھی کچھ رقم بیمہ کمپنی کو ادا کرتے ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد وہ بیمہ کمپنی سے پینشن کے طور پر ایک رقم وصول کرتے ہیں، کیا ریٹائرمنٹ کے زمانے کی تنخواہ (پینشن) پر خمس ہے؟
جواب: پینشن کمائی ہے اور اس پر خمس ہے۔
 
عقد (معاملے) کے ضمن میں شرط (proviso)
سوال ۹) ایک شخص نے گھر فروخت کرنے کے معاہدے کے ضمن میں خریدار کے ساتھ شرط رکھی ہے کہ اگر فلاں تاریخ تک گھر کی قیمت ادا نہ کی تو بیچنے والے کو معاہدہ فسخ کرنے کا حق حاصل ہوگا اور مزید یہ کہ فلاں رقم جرمانہ بھی دینا پڑے گا یعنی گھر بھی پیچنے والے کی ملکیت میں لوٹ آئے گا اور جرمانہ بھی وصول ہوگا، کیا یہ معاملہ اور اس کے ضمن میں رکھی گئی شرط (proviso) صحیح ہے؟
جواب: شرط صحیح ہے، پہلے جرمانے کا مطالبہ کرے، اس کے بعد عقد (معاملے) کو فسخ کرے۔
 
دو مربتہ تسبیحات اربعہ پڑھنا
سوال ۱۰: نماز جماعت میں تیسری اور چوتھی رکعت میں اگر امام جماعت ماموم کے تین مرتبہ تسبیحات اربعہ پڑھنے سے پہلے رکوع میں چلا جائے تو ماموم کا کیا فریضہ ہے؟ کیا اسی حالت میں کہ اس نے دو مرتبہ تسبیحات اربعہ پڑھی ہے، امام جماعت کے ساتھ رکوع میں چلا جائے؟
جواب: امام جماعت کے ساتھ رکوع میں شامل ہونے کے لئے تیسری تسبیحات اربعہ کو چھوڑ سکتا ہے۔
 
شادی کا واجب ہونا
سوال ۱۱: کیا ایسے شخص پر شادی کرنا واجب ہے کہ جسے ہمیشہ گناہ کا سامنا ہو؟
جواب: شادی کرنا واجب نہیں ہے اور ضروری ہے کہ گناہ سے دوری اختیار کرے، البتہ اگر شادی گناہ سے بچنے کا واحد راستہ ہوتو شادی کرنا ضروری ہے۔

 

700 /