ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (فروری)

 
سجدہ سہو کے لئے وضو کرنا
سوال1: کیا سجدہ سہو کے لئے وضو کرنا ضروری ہے؟
جواب: وضو لازم نہیں بلکہ احتیاط مستحب ہے۔
 
تحفے میں دیا ہوا سونا واپس لینا
سوال2: اگر شوہرطلاق کے موقع پر شادی کے بعد اپنی طرف سے دیئے گئے سونے اور تحفوں کا مطالبہ کرے تو کیا انہیں واپس کرنا واجب ہے؟
جواب: اگر شوہر اور بیوی کے درمیان رشتہ داری نہ ہو اور تحفہ کی ہوئی شئے باقی ہو تو شوہر واپس لے سکتا ہے اگرچہ احتیاط مستحب یہ ہے کہ واپس نہ لے۔
 
تخییرکے مقامات میں بدن کے کسی حصے کا مخصوص حدود سے باہر ہونا
سوال3: اگر حضرت امام حسین علیہ السلام کے حرم میں نماز پڑھتے ہوئے بدن کا کوئی حصہ مخصوص حدود سے باہر ہو تو نماز قصر پڑھ سکتے ہیں؟
جواب: سوال میں فرض کی گئی صورت میں قصر اور پوری پڑھنے میں اختیار نہیں بلکہ نماز قصر ہوگی۔
 
پیشانی اورسجدہ گاہ کے درمیان حائل
سوال4: سجدے کے دوران چادر یا ٹوپی پیشانی پر آنے کی وجہ سے پیشانی سجدہ گاہ پر نہ لگے یا پیشانی ایسی چیز پر رکھیں جس پر سجدہ صحیح نہیں تو کیا حکم ہے؟
جواب: سجدے سے سر اٹھائے بغیر چادر وغیرہ کو ہٹائیں تاکہ پیشانی سجدہ گاہ پر رکھ سکیں یا سر کو اٹھائے بغیر ایسی چیز پر پیشانی رکھیں جس پر سجدہ صحیح ہو۔
 
نماز صبح کی قضا کے مشکوک وقت میں نیت
سوال5: نماز صبح کے وقت اگر معلوم نہ ہو کہ نماز قضا ہوئی ہے یا نہیں تو کس نیت سے پڑھیں گے؟
جواب: جب تک طلوع آفتاب کا یقین نہ ہو ادا کی نیت کرسکتے ہیں ، بہرحال اس دن کی نماز صبح کو قضا یا ادا کی نیت کے بغیر پڑھ سکتے ہیں۔
 
بھولا ہوا قنوت
سوال6: اگر قنوت بھول جائے تو کیسے ازالہ کیا جائے گا؟
جواب: رکوع کے دوران یاد آنے کی صورت میں رکوع سے سر اٹھانے کے بعد قنوت پڑھنا مستحب ہے۔ سجدے میں یاد آئے تو مستحب ہے کہ نماز کے بعد قنوت پڑھے۔
 
استعمال نہ کئے ہوئے کپڑے وغیرہ کا خمس
سوال7: انسان کی حیثیت کے مطابق خریدے ہوئے لباس وغیرہ کو ایک سال تک استعمال نہ کیا جائے تو خمس کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر خریدتے وقت اس کی ضرورت تھی اگرچہ فقط ضرورت کے وقت استعمال کرنے کے لئے خریدا گیا ہو اور سال کے آخر تک استعمال نہ کیا جائے تب بھی خمس واجب نہیں۔
 
سوال8: باغ میں لگے پھل کو اتارتے وقت ( اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ پھل کا وزن معلوم نہیں ہوتا بلکہ اس وقت اندازے سے وزن معین کیا جاتا ہے اور حقیقی وزن سے کم میں قیمت لگائی جاتی ہے) خریدنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر درخت سے پھل اتارنے (چنائی) سے پہلے فریقین کے درمیان اتفاق ہوجائے تو کوئی اشکال نہیں۔
 
غیر آباد زمینوں سےجڑی بوٹیوں کو چننا
سوال9: صحرا اور غیر آباد زمینوں میں اگنے والی جڑی بوٹیوں کو کھانے اور دوا بنانے کے لئے چننے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر زمین کسی کی ذاتی ملکیت میں نہ ہو تو قوانین کی رعایت کرتے ہوئے جڑی بوٹیوں کو چننے میں کوئی اشکال نہیں۔
 
ماموم کی نماز جماعت میں پیش امام کی متابعت(پیروی)
سوال10: نماز جماعت میں پیش امام کی متابعت (پیروی) کا طریقہ کیا ہے؟
جواب: نماز کے افعال میں امام جماعت کی متابعت (پیروی)واجب ہے یعنی ماموم ، امام جماعت سے پہلے افعال انجام نہ دے، اسی طرح کسی فعل کو امام جماعت کے بعد انجام دینے میں بہت زیادہ تاخیر نہ کرے۔ تکبیرۃ الاحرام کو امام جماعت سے پہلے یا ااس کے ساتھ نہ پڑھے۔ احتیاط واجب کی بنا پر جب تک امام جماعت مکمل طور پر تکبیرۃ الاحرام نہ پڑھ لے، ماموم تکبیر ۃ الاحرام پڑھنا شروع نہ کرے۔ تکبیر ۃ الاحرام کے علاوہ باقی اذکار و اقوال میں امام جماعت کی متابعت واجب نہیں۔

 

700 /