ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫اگست)

نماز جماعت میں فاصلہ
سوال1: نماز جماعت کے دوران ذیل کے موارد میں نمازیوں کا کتنی مقدار میں فاصلہ نماز کے صحیح ہونے کو نقصان نہیں پہنچاتا؟
الف) ماموم کے سجدہ کرنے کی جگہ کا امام جماعت کے کھڑے ہونے کی جگہ سے فاصلہ
ب) کسی بھی صف میں ماموم کے کھڑے ہونے کی جگہ کا اگلی صف کہ جس کے ذریعے وہ امام جماعت سے متصل ہے، میں ماموم کے کھڑے ہونے کی جگہ سے فاصلہ
ج) ایک ماموم کا کسی دوسرے ماموم سے فاصلہ کہ جس کے ذریعے وہ دائیں یا بائیں جانب سے جماعت سے متصل ہوتا ہے۔
جواب: مذکورہ تمام موارد میں تقریبا ایک میٹر کا فاصلہ ہو تو کوئی حرج نہیں ہے۔
 
 
حد ترخص اورشرعی مسافت کا فرق
سوال2:
۱) حد ترخص اور شرعی مسافت میں کیا فرق ہے؟
۲) اگر شرعی مسافت طے کرنے کی نیت کئے بغیر یونہی گھومتے پھرتے اپنے شہر سے دور نکل جائیں تو کیا ہماری نماز قصر ہوگی؟
جواب:
۱) شرعی مسافت آٹھ فرسخ (تقریباً 41 کلو میٹر) کا فاصلہ ہے، اگرچہ آنے جانے کی صورت میں ہو، البتہ اس صورت میں جانے کی مسافت کم از کم 20/5 کلو میٹر پر مشتمل ہونی چاہئے، تاہم حد ترخص* وہ جگہ ہے کہ جہاں پر شہر کی اذانیں سنائی نہیں دیتیں۔
۲) جو شخص سفر کے آغاز سے (یکطرفہ یا آنے جانے کو ملا کر دوطرفہ) شرعی مسافت تک جانے کی نیت نہیں رکھتا یا اس میں تردید کا شکار ہو تو اس کی نماز پوری ہوگی، اگرچہ شرعی مسافت طے بھی کر لے لیکن اگر واپسی کا راستہ آٹھ فرسخ بنتا ہو تو واپسی میں اس کی نماز قصر ہوگی۔
* انجام شدہ تحقیقات کی رو سے حد ترخص شہر کے آخری حصے سے تقریباً 1350 میٹر کے فاصلے پر ہوتی ہے۔

 

صنفِ مخالف کا لباس پہننا

سوال3: کیا خواتین مردانہ لباس یا مرد زنانہ کپڑے پہن سکتے ہیں؟
جواب: اگر صنف مخالف سے مشابہت پیدا کرنے (روپ دھارنے) کی نیت سے یہ کام انجام دے اور صنفِ مخالف کے انداز و اطور اپنائے تو جائز نہیں ہے۔

 

لمبے بالوں پر مسح کرنا

سوال4: اگر سر کے بال کنگھی کرتے وقت مثلاً آنکھوں کے سامنے تک آتے ہوں، تو کیا ضروری ہے کہ مسح کرنے کے لئے مانگ نکالی جائے؟
جواب: جو بال سر کے اگلے حصے پر ہوتے ہیں ان پر مسح کرنا کافی ہے، البتہ اگر سر کے الگے حصے کے بال انتے زیادہ لمبے ہوں کہ کنگھی کرتے وقت اگلے حصے سے گذر جائیں تو ان بالوں پر مسح کرنا جو اگلے حصے سے گذر رہے ہوں، صحیح نہیں ہے، چاہے یہ بال لٹک رہے ہوں یا سر کے اگلے حصے پر جمع ہوں۔

 

کفارے کا مصرف

سوال5: ہم اگر روزے کے کفارے کے طور پر گندم کے پیسے کسی فلاحی مرکز کو دیں تو کیا فلاحی مرکز پابند ہے کہ صرف روٹی خرید کر فقراء کو دے یا کلی طور پر فقراء کے کھانے میں خرچ کرسکتا ہے، مثلا کچھ مقدار میں گھی، تیل اور گوشت وغیرہ فقیر کو دے دے؟
جواب: جو پیسے روزے کے کفارے کے طور پر دیئے جائیں ضروری ہے کہ صرف کھانے (گندم، جو، آٹا، روٹی، چاول، مکارونی، کشمکش اور کھجور وغیرہ) پر خرچ ہوں، اسی طرح ضروری ہے کہ جتنے دن کفارہ ادا کرنے والے نے معین کئے ہوں اتنے ہی دنوں کے حساب سے کھانا فراہم کر کے فقیر کو دیا جائے، ہر دن کے لئے ایک مد (750 گرام) دینا ہوگا۔

 

نماز میں غیر خدا کو پکارنا

سوال6: کیا نماز کے قنوت میں دعائے فرج (الہی عظم البلاء) کی تلاوت کرسکتے ہیں؟
جواب: مذکورہ دعا کو پڑھنے میں جہاں تک کہ مخاطب اللہ تعالیٰ ہے، کوئی حرج نہیں ہے تاہم وہ دعا کہ جس میں مخاطب غیرِ خدا ہے، جائز نہیں ہے اور نماز کے باطل ہونے کا سبب ہے۔

 

خواتین کی گائیکی سننا

سوال7: کیا نا محرم مرد کے لئے عورت کی گائیکی سننا حرام ہے؟
جواب: ایسی گائیکی سننے سے جس میں معمولاً مفسدہ اور برائی ہو، پرہیز کرنا ضروری ہے۔
 
 
دس دن قیام والی جگہ سے نکلنا
سوال8: ایسا مسافر جو ایک جگہ دس دن قیام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور ساتھ ہی ان دس دنوں کے دوران اس شہر کے اطراف میں بھی جانا چاہتا ہے، پس اس کی نماز پوری ہوگی یا قصر؟
جواب: اگر شرعی مسافت سے کم مقدار تک جانے کا ارادہ رکھتا ہے تو اگر اس کا شہر سے نکلنا اس طرح سے ہو کہ عرف کے اعتبار سے اس شہر میں اس کا قیام دس دن شمار ہو تو کوئی حرج نہیں ہے، مثلاً دو تین بار نکلنا چاہتا ہو اور زیادہ سے زیادہ آدھے دن تک واپس لوٹ آئے تو قصد اقامت کرسکتا ہے اور شہر سے نکلنا اس کے دس دن کے قصد اقامت کے منافی نہیں ہوگا، لیکن ایک مرتبہ ۱۵ گھنٹوں سے زیادہ کے لئے نکلنے کا قصد،اشکال رکھتا ہے۔
 
لمبے ناخنوں کے ساتھ وضو کرنا او نماز پڑھنا
سوال9: کیا لمبے ناخنوں کے ساتھ وضو کرنا او نماز پڑھنا اشکال رکھتا ہے؟
جواب: اگر ناخن معمول سے بڑھ کر لمبے ہوں، چنانچہ اس مقدار کا نیچے والا حصہ جو معمول سے لمبے ہیں اگر عرف میں ظاہری حصہ شمار ہو تو وضو اور غسل کے وقت اس حصے کے نیچے جمع میل کو صاف کرنا اور نیچے تک پانی کا پہنچانا لازمی ہے اور اسی طرح نماز میں سجدہ کے لئے احتیاط واجب کی بنا پر انگوٹھے کے سرے کا زمین پر لگنا ضروری ہے۔

 

حیوان کو ذبح کرتے وقت جان نکلنے سے پہلے اس کا سر تن سے جدا کرنا
سوال10: اگر حیوان کا سر جان نکلنے سے پہلے تن سے جدا کردیاجائے تو کیا یہ کام اشکال رکھتا ہے؟
جواب: حیوان کے بدن سے مکمل طور پر روح نکلنے سے پہلے اس کا سر تن سے جدا کرنا حرام ہے، تاہم اس کام کی وجہ سے حیوان کا گوشت حرام نہیں ہوتا۔
700 /