ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (دسمبر)

 
بھانپ کے ذریعے دھلائی کرنا
سوال1: کیا بھانپ کے ذریعے دھلائی کرنے سے نجاست دور ہوسکتی ہے؟
جواب :نجس چیز کو پاک کرنے کے لئے ضروری ہے کہ عین نجاست کے زائل کرنے کے بعد قلیل پانی سے دو بار یا آبِ کُر سے ایک مرتبہ دھویا جائے، لہذا بھانپ کی دھلائی نجاست کو پاک نہیں کرتی۔
 
تعلیم حاصل کرنے کی جگہ نماز پڑھنا
سوال2: وہ طالب علم جو ہاسٹل میں رہتا ہے اگر ہفتے میں 5 دن اپنی تعلیم حاصل کرنے کی جگہ میں رہتا ہو تو کیا وہ جگہ اس کے لئے وطن کا حکم رکھے گی؟
جواب: تعلیم حاصل کرنے کی جگہ یا عارضی زندگی کا مقام، وطن نہیں ہوتا، البتہ اگر اس کا ارادہ یہ ہو کہ تعلیم حاصل کرنے کی جگہ میں کم از کم ایک سال اس طرح سے سکونت اختیار کرے کہ عرف میں وہاں مسافر شمار نہ ہو تو دس دن قیام کی نیت کے بغیر اس کی نماز پوری ہوگی۔
 
شیئرز کا خمس
سوال3: اگر ہم اپنے سال کے دوان کی کمائی سے اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی خرید و فروخت کریں تو کیا ان پر خمس واجب ہوگا؟
جواب: سوال کے مسئلے میں خمس کی تاریخ پر اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی اسی دن کی قیمت کا حساب لگایا جائے گا اور اس کا خمس دینا ہوگا۔
 
نامحرم رشتہ داروں سے صلہ رحم کرنا
سوال4: اسلام میں صلہ رحم کی اہمیت کے پیش نظر چچا زاد بہن اور بھائی جیسے نامحرم رشتہ داروں کے حوالے سے اس دینی فریضے پر کس طرح سے عمل پیرا ہو سکتے ہیں؟
جواب: اگر نسبی (خونی) رشتہ دار ایک دوسرے سے تعلقات قطع نہ کریں اور شرعی ضوابط کا خیال رکھتے ہوئے گاہے بگابے ایک دوسرے کے حال احوال سے باخبر رہیں اور خاص طور پر مشکلات کے وقت ایک دوسرے کی مدد کے لئے آگے بڑھیں تو صلہ رحم کے حوالے سے اپنے فریضہ پر عمل کرچکے ہیں۔ صلہ رحم انجام دینے کے لئے لازماً رفت و آمد اور بالمشافہ رابطہ رکھنا شرط نہیں ہے۔
 
اسٹا ک ایکسچینج میں PMS کے ذریعے کمانا
سوال5: اگر کوئی شخص کہ جو اسٹاک ایکسچینج میں لین دین کی مہارت نہ رکھتا ہو، اپنا سرمایہ ہمارے حوالے کرے کہ ہم اس کے لئے کمپنیوں کے شیئرز کی خرید و فروخت انجام دیں اور اس سے حاصل ہونے والے منافع کی ایک مقدار اس کو دیں، کیا اس قسم کی لین دین کہ جسے اصطلاح میں PMS (Portfolio Management Service) کہا جاتا ہے، سے حاصل ہونے والی کمائی اشکال رکھتی ہے؟
جواب: اگر سرمایے کا مالک آپ کو وکالت دے کہ اس کے سرمایے کے ذریعے اسٹاک ایکسچینج میں لین دین انجام دیں اور اس سے حاصل ہونے والے منافع کی ایک معین مقدار خود اسے اور بقیہ کو اپنی محنت کی اجرت کے طور پر آپ رکھ لیں تو کوئی اشکال نہیں رکھتا، البتہ اگر اس سلسلے میں کوئی قانون ہو تو اس کی رعایت کرنا ضروری ہے۔
 
اولاد کی تعلیم کے اخراجات
سوال6: کیا وہ اولاد جن کو نفقہ دینا واجب ہے،ان کی تعلیم کے اخراجات باپ کے ذمے ہیں؟
جواب: اگر اولاد مالی استطاعت نہ رکھتی ہو، اتنی حد تک کہ عرف میں زندگی کی لازمی ضروریات میں سے شمار ہوتی ہو جیسے ابتدائی تعلیم تو باپ کے ذمے ہے۔
 
والدین کی اطاعت کی حدود
سوال7: کتنی حد تک والدین کی اطاعت کرنا لازمی ہے؟
جواب: اگر والدین کسی ایسے کام کا حکم دیں کہ جو شرعی طور پر ممنوع نہیں ہے تو سزاور ہے کہ ان کے حکم کی اطاعت کی جائے مگر یہ کہ اطاعت نہ کرنا ان کی قابل توجہ اذیت کا سبب بنے تو اس صورت میں ان کے حکم کی مخالفت نہ کی جائے۔
 
شادی کے لئے استخارہ دیکھنا
سوال8: بعض والدین رشتہ کرنے سے پہلے استخارہ دیکھتے ہیں اور اس کے مطابق عمل کرتے ہیں، کیا ایسے مواقع پر استخارہ کرنا لازمی ہے؟
جواب: بطور کلی استخارہ کسی مباح کام میں حیرت و تردید کو دور کرنے کے لئے ہے، خواہ حیرت و تردید خود عمل میں ہو یا اس کی خصوصیات میں ، لہذا اگر کسی نیک کام میں حیرت و تردید موجود نہ ہو تو استخارہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ توجہ رکھیئے کہ استخارے پر عمل کرنا شرعی طور پر واجب نہیں، تاہم بہتر ہے کہ اس کے بر خلاف عمل نہ کیا جائے۔
 
نفقہ کی مقدار
سوال9:
۱) بیوی کا نفقہ جو کہ شوہر پر واجب ہے، اس کی مقدار کیا ہے؟
۲) کیا وہ نفقہ جو بیوی شوہر سے وصول کرتی ہے، اگر سال کے آخر تک بچ جائے تو اس پر خمس واجب ہے؟
جواب:
۱ (بیوی کا واجب نفقہ ہر وہ چیز ہے کہ جس کی اسے معمول کے مطابق ضرورت ہوتی ہے، جیسے کہ کھانا پینا اور اس کے ضروری وسائل، لباس، رہائش، معمول کی بیماریوں کے معالجے کے اخراجات وغیرہ وغیرہ۔ نفقہ اتنی مقدار اور کیفیت میں ہونا چاہئے کہ جو اس جیسی عورتوں کے لئے معمول ہے۔
۲ (نفقہ پر خمس نہیں ہے، اگرچہ احتیاط مستحب ہے کہ اگر سال کے اخرجات سے بچ جائے تو اس کا خمس ادا کیا جائے۔
 
موبائل میں قرآن کی آیات کو مس کرنا
سوال10: کیا ایسے قرآن کے صفحے کو مس کرنا کہ جو موبائل میں انسٹال ہو،اس شخص کے لئے جو باوضو نہ ہو یا اس عورت کے لئے جو ماہانہ عادت کے ایام میں ہو، جائز ہے؟
جواب: سوال کی مفروضہ صورت میں کہ در حقیقت موبائل کی اسکرین کو مس کیا جاتا ہے نہ کہ قرآن کی آیات کو، اشکال نہیں رکھتا۔
 
قمر در عقرب کے ایام میں شادی بیاہ کی تقریبات منعقد کرنا
سوال11: اس بات کے پیش نظر کہ ہر قمری مہینے میں کچھ دن قمر در عقرب ہوتے ہیں، کیا ان ایام میں شادی بیاہ کی تقریبات منعقد کرنا اشکال رکھتا ہے؟
جواب: قمر در عقرب کے ایام میں عقدِ نکاح کے صیغے جاری کرنا مکروہ ہے، تاہم شادی بیاہ کی تقریبات منعقد کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
تیل لگے بالوں پر مسح کرنا
سوال12: کیا بالوں پر لگایا جانے والا جیل یا تیل وضو کے لئے مسح کرنے میں رکاوٹ بنتے ہیں؟
جواب: اگر ان کی ایسی تہ یا چکنائی چڑھی ہوئی ہو کہ جو مسح کے مقام تک پانی پہنچنے میں رکاوٹ بن رہی ہو تو ان کے ہوتے ہوئے وضو صحیح نہیں ہے اور انہیں صاف کرنا ضروری ہے اور اس بات کی تشخیص خود مکلف کی ذمہ داری ہے۔
 
عدت کے دوران شادی کرنا
سوال13: ایک خاتون شادی کے بعد اپنے شوہر سے اختلافات کی بنا پر ایک سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے کہ اس کے گھر سے دور رہ رہی ہیں اور عنقریب اپنے شوہر سے طلاق لے لیں گی، کیا یہ خاتون ان موجودہ حالات میں یا طلاق کے فوراً بعد کسی دوسرے مرد کے ساتھ موقت یا دائمی نکاح کرسکتی ہیں؟
جواب: جب تک شرعی شرائط کے ساتھ طلاق کا صیغہ نہ پڑھا جائے اور خاتون طلاق کی عدت مکمل نہ کرلیں کسی دوسرے مرد کے ساتھ نکاح (موقت اور دائمی) باطل ہے اور عدت کا دورانیہ اس وقت سے شمار ہوگا کہ جب طلاق کا صیغہ جاری کیا جائے گا، اگرچہ مرد اور عورت ایک سال سے ایک دوسرے سے دور ہی کیوں نہ ہوں۔
 
دوسروں سے چھوٹ جانے والے اموال استعمال کرنا
سوال14: ہوٹلوں یا یونیورسٹی کے ہاسٹل وغیرہ جیسی جگہوں پر دوسروں سے چھوٹ جانے والے مال کو استعمال کرنے کا کیا حکم ہے، جبکہ ہم اس کے مالک کو نہیں جانتے؟
جواب: اگر آپ جانتے ہوں کہ مالک نے اس مال سے اعراض (اپنے مال سے صرف نظر) کر لیا ہے یا اسے استعمال کرنے کے حوالے سے راضی ہے تو ایسے مال کو استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں، بصورت دیگر اس مال کو اٹھانا جائز نہیں ہے ، مگر یہ کہ اسے مالک تک پہنچانے کی نیت سے اٹھائیں تو اس صورت میں آپ پر مال کی حفاظت کرنا لازم ہوجائے گی اور تحقیق کر کے مالک کے ملنے کے بعد مال اسے دینا ہوگا اور مالک کے ملنے سے ناامید ہونے یا اس تک رسائی ممکن نہ ہونے کی صورت میں وہ مال یا اس کی قیمت فقیر کو صدقہ دینا ہوگی۔

 

700 /