ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫‫فروری)

 
نماز کے دوران منہ میں بچا ہوا کھانا نگلنا
سوال1: کیا نماز کے دوران کھانا، پینا اور منہ میں بچا ہوا کھانا نگلنا جائز ہے؟
جواب: نماز کے دوران کھانا اور پینا نماز کو باطل کردیتا ہے، چاہے کم ہو یا زیادہ، لیکن منہ کے اطراف میں بچا ہوا کھانا وغیرہ نگلنا یا منہ میں موجود معمولی سی مٹھائی اور چینی وغیرہ کی میٹھاس کا چوسنا نماز باطل ہونے کا سبب نہیں بنتا۔
اسی طرح اگر غلطی سے یا بھول کر کوئی چیز کھا لے یا پی لے تو بشرطیکہ نماز کی شکل و صورت سے خارج نہ ہو، نماز باطشل نہیں ہوتی۔
 
نماز کو باطل کرنے والے شک کی صورت میں نمازی کی ذمہ داری
سوال2: اگر کوئی شخص نماز پڑھتے وقت کسی ایسے شک میں مبتلا ہو جائے کہ جو نماز کو باطل کردیتا ہے، کیا وہ اسی وقت نماز کو توڑ سکتا ہے؟
جواب:احتیاط واجب کی بناپر فوراً نماز کو نہ توڑے بلکہ تھوڑا سوچے یہاں تک کہ اس کا شک قائم رہے (یعنی کسی ایک جانب یقین یا گمان حاصل نہ ہو) پھر اس کے بعد نماز کو توڑنے میں کوئی حرج نہیں۔
 
نماز اجارہ پڑھنے کی کیفیت
سوال3: کیا نمازِ اجارہ پڑھنے کے لئے معمول کے مستحبات جیسے کہ اذان و اقامت وغیرہ بھی ضروری ہیں یا یہ کہ صرف واجبات کی ادائیگی پر اکتفاء کیا جاسکتا ہے؟
جواب: اگر نمازِ اجارہ کے لئے کوئی مخصوص شرط نہ رکھی گئی ہو تو اجیر (اجارے کی نماز پڑھنے والے) پر صرف اتنا لازم ہے کہ نماز کو اس کے واجبات کے ساتھ بجا لائے۔
 
نماز قضا کو ادا نماز پر مقدم کرنا
سوال4: اگر کسی انسان کے ذمے قضا نماز ہو تو کیا وہ پہلے یومیہ واجب نماز پڑھ سکتا ہے اور اس کے بعد نماز قضا بجالائے؟
جواب: جس انسان کے ذمے قضا نماز ہو اس نماز کو جو اس پر موجودہ وقت میں واجب ہے، پڑھ سکتا ہے، تاہم احتیاط واجب یہ ہے کہ اگر صرف ایک نماز ہو تو پہلے قضا نماز بجا لائے خاص طور پر اگر قضا نماز اسی دن کی ہو۔
 
سجدہ سہو کا طریقہ
سوال5: سجدہ سہو بجالانے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب: سجدہ سہو بجالانے کے لئے ضروری ہے کہ نماز کے سلام کے بعد فوراً پیشانی کو سجدہ سہو کی نیت سے ایسی چیز پر رکھے جس پر سجدہ کرنا صحیح ہے اور بنا بر احتیاط یہ ذکر پڑھے: «بسم اللَّه و باللَّه، السلام عليك ايها النّبىُّ و رحمة اللَّه و بركاته» پھر سجدے سے سر اٹھائے اور ایک اور سجدہ بجا لائے اور سجدہ سہو کے ذکر کو تکرار کرے، اس کے بعد سجدے سے سر اٹھائے اور تشہد اور سلام بجالائے۔
 
سجدہ سہو کے مقامات
سوال6: کن مقامات پر سجدہ سہو بجالانا واجب ہے؟
جواب: پانچ مقامات پر نمازی کے لئے نماز کے سلام کے بعد دو سجدہ سہو بجا لانا واجب ہے
۱۔ نماز کے دوران غلطی سے یا بھول کر بات کرلے۔
۲۔ چار رکعتی نماز میں دوسرے سجدے کے بعد شک کرے کہ چار رکعتیں پڑھیں ہیں یا پانچ رکعتیں۔
۳۔ تشہد بجا لانا بھول جائے۔
دو مقامات پر سجدہ سہو بجا لانا بنا بر احتیاط واجب ہے:
۴۔ ایک سجدہ کرنا بھول جائے۔
۵۔ ایسے مقام پر جہاں سلام نہیں پڑھنا چاہئے تھا، غلطی سے سلام پڑھ لے۔
 
امام جماعت کی شرائط
سوال7: امام جماعت میں کون سی شرائط کا ہونا ضروری ہے؟
جواب: امام جماعت میں ان شرائط کا ہونا ضروری ہے:
1
۔ عاقل ہو
2۔ عادل ہو
3۔ شیعہ دوازدہ امامی ہو
4۔ حلال زادہ ہو
5۔ بنا بر احتیاط بالغ ہو
6۔ نماز کو صحیح سے ادا کرسکتا ہو
7۔ اگر ماموم مرد ہو تو امام جماعت کا بھی مرد ہونا ضروری ہے۔
 
نماز آیات بھول جانا
سوال8: اگر نماز آیات پڑھنا بھول جائے یا زلزلہ وغیرہ کے بعد متوجہ ہوجائے، تو کیا اس پر نماز آیات پڑھنا واجب ہے؟
جواب: سوائے سورج اور چاند گرہن کے اگر ایسے حوادث سے ان کے وقت میں مطلع ہو اور نماز آیات کو -اگرچہ بھول جانے کی وجہ سے- نہ پڑھے تو لازم ہے کہ نماز آیات بجا لائے، تاہم اگر ان کے وقت میں مطلع نہ ہو بلکہ حادثہ کے بعد اسے معلوم ہو تو احتیاط واجب یہ ہے کہ نماز آیات بجا لائے۔
 
نماز جماعت میں فاصلے کی مقدار
سوال9: نماز میں جماعت کا اتصال صحیح ہونے کے لئے زیادہ سے زیادہ کتنی مقدار میں فاصلہ رکھا جاسکتا ہے؟
جواب: امام جماعت اور ماموم کے مابین اور اسی طرح صفوں کے درمیان فاصلہ زیادہ نہیں ہونا چاہئے اور احتیاط واجب یہ ہے کہ ماموم کے سجدہ کرنے کی جگہ اور امام جماعت کے کھڑے ہونے کی جگہ کے مابین اور اسی طرح اگلی صف کے کھڑے ہونے کی جگہ کا بعد والی صف کے سجدہ کرنے کی جگہ کا فاصلہ ایک بڑے قدم (تقریبا ایک میٹر) سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔
 
اولاد کے مال سے کمائی کرنا
سوال10: اگر میرے چھوٹے بچے کو کچھ رقم ہدیہ ملے تو کیا میں اس رقم سے کوئی کاروبار وغیرہ کرسکتا ہوں اور کیا حاصل شدہ منافع میں سے کچھ بچے کو بھی دینا ہوگا؟
جواب: باپ یا دادا بچے کے مال سے کاروبار وغیرہ کرسکتا ہے، البتہ اس شرط کے ساتھ کہ یہ کام بچے کے لئے مفسدہ نہ رکھتا ہو ( اس کے حق میں برا نہ ہو) اور اس صورت میں حاصل شدہ منافع بچے کی ملکیت ہے اور باپ یا دادا اس میں سے اپنے لئے صرف معمول کی مقدار جتنی اجرت اٹھا سکتے ہیں ۔
 
خواتین کے لباس کی ڈیزائینگ
سوال11: میرا پیشہ خواتین کے لباس کی ڈیزائینگ ہے، کیا یہ پیشہ کہ جو فیشن سے تعلق رکھتا ہے شرعی اعتبار سے اشکال رکھتا ہے؟
جواب: یہ پیشہ بذات خود اشکال نہیں رکھتا، تاہم ضروری ہے کہ ایسے ڈیزائن اور فیشن کہ جو انحطاط پھیلانے والی مغربی ثقافت سے لیے گئے ہوں اور عمومی عفت و حیا سے منافات رکھتے ہوں، کی ترویج نہ کریں۔
 
زلزلے کے وقت نماز آیات کی ادائیگی
سوال12: کیا بجلی کی گرج و چمک( کہ جو اکثریت کی وحشت کا سبب بنے) اور زلزلے کے وقت نماز آیات پڑھنا فوری طور پر واجب ہے؟ اگر نہ پڑھی گئی ہو تو ہمارا وظیفہ کیا ہے؟
جواب: جس وقت زلزلہ، آسمانی بجلی اور ان جیسے حادثات رونما ہوتے ہیں ( کہ جن کے رونما ہونے کی مدت کم ہوتی ہے)، بنا بر احتیاط فورا نماز آیات پڑھنی چاہئے اور اگر اس وقت ادا نہ کی تو عمر کے آخر تک ادا اور قضا کی نیت کے بغیر پڑھی جائے گی۔

 

700 /