ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫ستمبر)

 
نمازی کے لباس کا نجس ہونا 
سوال1: اگر نماز پڑھنے والا نماز کے بعد متوجہ ہو کہ اس کا لباس نجس تھا تو کیا اس کی نماز باطل ہے اور دوبارہ پڑھنا ہوگی؟
جواب: اگر نماز کے بعد نجاست کا پتہ چلے تو اس کی نماز صحیح ہے لیکن اگر پہلے سے لباس کے نجس ہونے کا علم تھا اور بھولے سے اس میں نماز پڑھ لی ہو تو اس کی نماز باطل ہے۔
 
کرونا وائرس لگنے کے احتمال کے باوجود مجلس عزاء میں شرکت کرنا         
سوال2: کرونا وبا کے دنوں میں سید الشہداء (علیہ السلام) کی مجلس عزاء میں شرکت کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: حفظان صحت کے اصول اور احتیاطی تدابیر کی رعایت کے ساتھ مجلس عزاء میں شرکت کرنا اشکال نہیں رکھتا بلکہ یہ عمل بہترین اعمال اور مستحبات مؤکدہ میں سے ہے۔
 
کرونا کی وجہ سے نذر پوری نہ کرنا   عمل نکردن به نذر به جهت کرونا
سوال3: ایک شخص نے محرم میں عزاداروں کو نیاز کھلانے کی نذر کی ہوئی ہے لیکن کرونا وبا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر نیاز نہ دینے کا ارادہ رکھتا ہے، کیا اس پر کوئی شرعی ذمہ داری عائد ہوتی ہے؟
جواب: سوال کے مسئلے میں جب تک حفظان صحت کے اصولوں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے نذر پوری کرنا ممکن ہو،اسے ترک نہیں کرسکتا اور نہ اسے تبدیل کرسکتا ہے لیکن اگر نذر کا صیغہ نہ پڑھا ہو تو اس کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے۔
 
نذر پوری کرنے میں رد و بدل اور تبدیلی کرنا  
سوال4: کیا کرونا وبا کی موجودہ صورتحال میں ایام محرم الحرام کی سالانہ نذر کے بجائے اس کے پیسے کا حساب لگا کر کسی خیراتی ادارے کو دیئے جاسکتے ہیں؟
جواب: اگر نذر کا صیغہ صحیح طور پر (جیسا کہ توضیح المسائل میں درج ہے) زبان سے جاری نہ کیا گیا ہو تو اس کی انجام دہی میں رد و بدل کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
کرونا میں مبتلا شخص کا دوسروں سے رابطہ رکھنا            
سوال5: اگر کوئی شخص کرونا میں مبتلا ہو یا اس میں اس بیماری جیسی بعض مشکوک علامات پائی جائیں تو کیا جائز ہے کہ یہ شخص ان لوگوں کے ساتھ رفت و آمد رکھے جو اس کی صحت کے متعلق بے خبر ہوں؟
جواب: اگر یہ شخص قابل توجہ عقلائی احتمال دے کہ دوسروں کو بیماری لگنے کا سبب بن سکتا ہے تو ضروری ہے کہ اس کام سے اجتناب کرے۔
 
عزاداری کے چندے سے بچ جانے والے مال کا استعمال    
سوال6: وہ مال جو امام حسین (علیہ السلام) کی عزاداری کے اخراجات کے طور پر جمع کیا جاتا ہے، اس میں سے باقی بج جانے والے مال کو کن امور میں خرچ کرنا چاہئے؟
جواب: اگر اس کے متعلق شرعی نذر کی گئی ہو تو نذر کے تابع ہے بصورت دیگر ہدیہ دینے والوں سے اجازت لے کر باقی بچ جانے والا مال نیک امور میں خرچ کیا جاسکتا ہے یا اس کو آئندہ کی مجالس عزاء میں استعمال کرنے کے لئے سنبھال کر رکھ لیا جائے۔
 
چلتی گاڑی میں نماز پڑھنا  
سوال7: کیا ایسی گاڑی وغیرہ میں واجب نماز پڑھنا صحیح ہے کہ جو حرکت کررہی ہو؟
جواب: نماز پڑھنے والے کی جگہ کو بغیر حرکت ہونا چاہئے؛ یعنی اس طرح سے ہو کہ نماز پڑھنے والا بغیر کسی حرکت اور جھٹکوں کے بدن کے سکون اور ٹہراو کے ساتھ نماز پڑھ سکے، لہذا ان جگہوں پر نماز پڑھنا صحیح نہیں ہے کہ جو بے اختیار بدن کی حرکت کا سبب بنتی ہیں جیسے کہ گاڑی اور ٹرین وغیرہ، سوائے اس موقع کے کہ جب وقت کی کمی یا کسی اور وجہ سے ایسی جگہ نماز پڑھنے پر مجبور ہو۔
 
نجس قالین ﴿دری﴾ پر نماز پڑھنا        
سوالۛ8: کیا نجس قالین ﴿دری﴾ پر نماز پڑھنا صحیح ہے؟
جواب: سجدے کی جگہ کا پاک ہونا ضروری ہے لیکن اگر سجدے کے مقام کے علاوہ نماز پڑھنے والے کی جگہ کے دوسرے حصے نجس ہوں چنانچہ اگر ان کی نجاست بدن یا لباس تک سرایت نہ کرے تو کوئی حرج نہیں اور نماز صحیح ہے۔
 
700 /