ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫اکتوبر)

 
لون (قرض) کا معاہدے کے برخلاف دوسرے امور میں استعمال        
سوال1: کیا سامان اور اجناس کی خریداری کے لئے لون (قرض) حاصل کرنے کی غرض سے اجناس کی خریداری کی ظاہری (جعلی) رسید پیش کر کے لون کی رقم کو کسی دوسری جگہ استعمال کرسکتے ہیں؟
جواب: جائز نہیں ہے۔
 
 منہدم شدہ مسجد کا حکم       
سوال2: ایک مسجد کا کچھ حصہ بلدیہ کے کسی تعمیراتی منصوبے کی زد میں آنے کی وجہ سے مجبوراً منہدم کردیا گیا ہے، کیا یہ حصہ اب بھی مسجد کا حکم رکھتا ہے؟
جواب: اگر اس حصے کے پہلے والی حالت میں پلٹنے کا احتمال نہ پایا جاتا ہو تو مسجد کے شرعی احکام نہیں رکھتا۔
 
ایک نماز سے دوسری نماز کی طرف نیت تبدیل کرنا        
سوال3: اگر نماز پڑھنے والے کو عصر یا عشاء کی نماز کے دوران پتہ چلے کہ اس نے ظہر یا مغرب کی نماز نہیں پڑھی ہے تو اس کا کیا وظیفہ ہے؟
جواب: چنانچہ عصر یا عشاء کی نماز کے مخصوص وقت سے پہلے متوجہ ہوجائے کہ ظہر یا مغرب کی نماز نہیں پڑھی ہے تو واجب ہے کہ اپنی نیت کو ظہر یا مغرب کی نماز میں تبدیل کر لے، البتہ نماز عشاء میں ضروری ہے کہ چوتھی رکعت کے رکوع میں نہ پہنچا ہو۔
 
روزے کا کفارہ ادا کرنے پر عدم قدرت
سوال4: اگر کوئی شخص جان بوجھ کر روزہ توڑنے کا کفارہ ادا نہ کرسکتا ہو تو اس کا وظیفہ کیا ہے؟
جواب: انسان کو جان بوجھ کر روزہ توڑنے کے کفارے میں تین چیزوں میں سے کسی ایک کے انجام دینے کا اختیار حاصل ہے اور اگر کوئی شخص ان میں سے کسی ایک کو بھی انجام نہ دے سکتا ہو تو ضروری ہے کہ جتنی تعداد میں ممکن ہو فقیروں کو کھانا کھلائے اور احتیاط یہ ہے کہ استغفار بھی کرے اور کسی بھی طور فقیر کو کھانا کھلانے پر قادر نہ ہو تو استغفار کرنا کافی ہے، یعنی دل و زبان سے کہے: اَستَغفِرُ اللهَ ﴿پروردگار عالم سے بخشش طلب کرتا ہوں﴾۔
 
رکوع بھول جانا    
سوال5: اگر انسان سجدہ کے وقت متوجہ ہو کہ رکوع نہیں بجالایا تو کیا اس کی نماز باطل ہے اور اگر باطل نہیں ہے تو اس کا وظیفہ کیا ہے؟
جواب: اگر پہلے سجدے کی حالت میں یا اس کے بعد لیکن دوسرے سجدے میں جانے سے پہلے یاد آجائے کہ رکوع نہیں کیا ہے تو ضروری ہے کہ کھڑا ہوجائے اور کھڑے ہو کر قیام کی حالت کے بعد رکوع انجام دے۔ اس کے بعد دو سجدے بجا لائے اور نماز کو پورا کرے ﴿اور اضافی سجدے کے لئے احتیاط مستحب کی بناء پر نماز کے بعد دو سجدہ سہو بجا لائے﴾۔
نوٹ: اگر کھڑا ہوئےاور قیام کی حالت میں جائے بغیر اسی طرح بیٹھ کر رکوع میں جھکنے کی حالت میں چلا جائے تو اس کی نماز باطل ہے۔
 
کمپیوٹر گیم          
سوال6: کیا کمپیوٹر گیمز کھیلنا جائز ہے؟
جواب: کلی طور پر ایسے گیمز (کمپیوٹر یا موبائل وغیرہ) استعمال کرنا جائز نہیں ہے کہ جن میں درج ذیل خصوصیات ہوں:
۱۔ شہوت انگیز مناظر پر مشتمل ہو۔
۲۔ باطل اور اسلام مخالف مفاہیم، مضامین اور علامتوں (Symbols) مثلاً شیطان پرستی، صہیونیزم وغیرہ کی ترویج کرتا ہو۔
۳۔ اس میں اسلامی علامتوں (Symbols) یا مسلمانوں کی توہین کی جاتی ہو۔
۴۔ ہارنے والے سے کوئی مادی مالیت رکھنے والی چیز لے کر جیتنے والے کو دی جاتی ہو۔
۵۔ غیر قانونی اور اصول و ضوابط کے برخلاف ہو۔
 
نماز کے کلمات ادا کرنے کی کیفیت
سوال7: نماز کے کلمات کی ادائیگی کیسی ہونی چاہئے؟ اگر ذکر کے وقت صرف ہونٹوں کو حرکت دی جائے تو کیا یہ کافی ہوگا؟
جواب:  نماز میں واجب ہے کلمات اس طرح سے ادا کئے جائیں کہ اسے قرائت کہا جاسکے، لہذا قلبی قرائت یعنی دل میں کلمات ادا کرنا یا تلفظ ﴿زبان سے لفظ کی ادائیگی﴾ کے بغیر صرف ہونٹوں کو حرکت دینا کافی نہیں ہے۔ قرائت کہلانے کی علامت یہ ہے کہ نماز پڑھنے والا ﴿جبکہ اس کے کان بھاری نہ ہوں اور اردگرد میں شور شرابا نہ ہو﴾ جو پڑھ رہا ہے اور زبان سے ادا کررہا ہے اسے سن سکتا ہو۔
 
نافلہ نماز کی جگہ نماز جعفر طیار پڑھنا          
سوال8: کیا نوافل کی جگہ نماز جعفر طیار پڑھی جاسکتی ہے؟ یہ نماز کتنے نوافل کی جگہ شمار ہوگی؟
جواب: مذکورہ نماز کہ جو چار رکعت ہے (دو رکعت والی دو نمازیں) نوافل کی چار رکعتوں کی جگہ شمار ہو سکتی ہے۔
 
700 /