ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

اسلامی تحریک نائیجیریا کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین شیخ زکزاکی سے ملاقات

فلسطین اور غزہ، اسلام کی طاقت کا مظہر ہے!

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ہفتہ کی صبح نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم زکزاکی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات میں دنیا کی وسیع تر سازشوں کے باوجود ان کی اور ان کے اہل خانہ کی مجاہدانہ کردار کی تعریف کی۔ رہبر معظم نے فرمایا کہ اسلام کی بڑھتی ہوئی طاقت مجاہدت کا نتیجہ ہے اور مقبوضہ فلسطین کی صورتحال بالخصوص غزہ کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطین میں جو صورتحال پیدا ہو رہی ہے وہ اسلام کی طاقت کا مظہر ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین میں ہونے والے حالیہ واقعات بالخصوص بم دھماکوں اور خواتین، بچوں اور بوڑھوں کی شہادت نے ہر انسانی دل کو زخمی کیا ہے لیکن ان واقعات کا دوسرا رخ فلسطین میں اسلام کی ناقابل یقین طاقت کا عکاس ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ کام جو فلسطین میں شروع ہوا ہے، جاری رہے گا اور فلسطینیوں کی مکمل فتح کا باعث بنے گا۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ فلسطینیوں کی مدد کرنا عالم اسلام میں ہر ایک کا فرض ہے۔
انہوں نے ایران میں اسلامی نظام کی تشکیل اور صدیوں کے بعد سیاسی اسلام کے نظریہ پر مبنی حکومت کے قیام کو اسلام کی طاقت کا ایک پہلو قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ اپنے قیام کے وقت سے مزید ترقی کرتا جا رہا ہے اور دن بہ دن طاقتور ہو رہا ہے یہ مستقبل میں اور بھی طاقتور ہوگا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دنیا میں اسلامی سرگرمیاں روز بروز پھیل رہی ہیں اور آج افریقہ، ایشیا، یورپ، شمالی امریکہ سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں اسلامی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور خداوند متعال کے فضل و کرم سے وہ زیادہ کامیابی اور طاقت کے ساتھ آگے بڑھ رہے رہیں۔
انہوں نے شیخ زکزاکی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کو بھی انتہائی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ آپ اللہ کی راہ میں حقیقی مجاہد کے مصداق ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آپ اپنا مجاہدانہ طرزِ عمل جاری رکھیں گے۔
اس ملاقات میں نائجیریا کے مجاہد عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم زکزاکی اور ان کی اہلیہ نے بھی اس ملاقات پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور اپنے جذبات کو ناقابل بیان قرار دیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ کی دعاؤں اور مسلمانوں کی کوششوں اور جدوجہد سے اسلام روز بروز ترقی کرتا جائے گا۔

700 /