ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (دسمبر)

امام جماعت کے رکوع میں دیر سے پہنچنا
سوال1: ایسا شخص کہ جس کی نماز امام جماعت کے ساتھ رکوع میں دیر سے پہنچنے کی وجہ سے فرادیٰ ہوگئی ہے:
۱۔ کیا وہ اپنی نیت کو مستحبی نماز کی طرف تبدیل کرسکتا ہے؟
۲۔ کیا مستحب نماز کی نیت کا نافلہ نمازوں میں سے ہونا لازمی ہے؟
۳۔ کیا وہ اگلی رکعت میں جماعت میں شامل ہونے کے لئے اپنی مستحب نماز کو توڑ سکتا ہے؟
جواب:
۱) اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔
۲) ضروری نہیں کہ مستحب نماز نافلہ نمازوں میں سے ہو۔
 ۳) مستحب نماز توڑ سکتا ہے۔
 
دوسروں کی گاڑی میں بغیر اجازت ٹیک لگانا
سوال2: کیا دوسروں کی گاڑی یا گھر کی دیوار میں ان کے مالک کی اجازت کے بغیر ٹیک لگانا (جبکہ اسے کوئی نقصان نہ پہنچے) جائز ہے؟
جواب: جائز ہے سوائے اس صورت میں کہ جب معلوم ہو کہ اس کا مالک راضی نہیں ہے۔
 
عید غدیر کی نیاز سے بچ جانے والی اجناس اور رقم
سوال3: عید غدیر کی نیاز کے لئے لوگوں سے رقم اور اجناس جیسے کہ گوشت، چاول وغیرہ جمع کی گئیں تھیں لیکن ان میں سے کچھ مقدار خرچ اور استعمال نہیں ہوئیں، نیز رقم اور اجناس ہدیہ کرنے والے تک دسترسی نہیں ہے اور ان کی رضامندی کا یقین بھی نہیں ہے کہ دیگر مجالس و محافل جیسے کہ ایام محرم میں خرچ کی جائیں، ان توضیحات کی روشنی میں ان افراد کا وظیفہ کیا ہے کہ جنہوں نے ان رقوم اور اجناس کو جمع کیا ہے؟
جواب: وہ اجناس جو بچا کر رکھے جانے کے قابل ہیں انہیں آئندہ سال عید غدیر میں استعمال کرنے کے لئے کسی مناسب جگہ پر سنبھال کر رکھا جائے اور جو بچا کر رکھے جانے کے قابل نہیں ہیں انہیں نقد پیسوں میں تبدیل کیا جائے اور بقیہ رقوم کے ساتھ پیسوں کی قدر محفوظ رکھنے کے لئے آئندہ سال عید غدیر تک کسی موزوں اکاونٹ میں ڈپازٹ کردیا جائے۔
 
میت کی کتاب کے حقِ تالیف کا ارث
سوال4: ہمارے والد نے وصیت کی ہے کہ ان کے اموال کا ایک تہائی ایک مخصوص راہ میں خرچ کیا جائے، کیا ان کی کتابوں کے حقوق (حق تالیف) بھی ان کے اموال کا حصہ ہیں اور ان کے ایک تہائی کا حساب لگانا بھی ضروری ہے؟ اور کیا ہر مرتبہ جب کتابوں کی نئی طباعت ہو (نیا ایڈیشن چھپے) ان کے حقوق (حق تالیف) کے ایک تہائی کا حساب لگانا بھی ضروری ہے؟
جواب: اصل حق تالیف میت کے مالی ترکے کا حصہ ہے اور ضروری ہے کہ حق تالیف کی قیمت معین کی جائے اور اس کے اعتبار سے ایک تہائی کا حساب لگا کر وصیت کے مطابق عمل کیا جائے، یہ کام انجام دینے کے بعد نئی طباعتوں (ایڈیشنز) کا حق تالیف وصیت میں شامل نہیں ہے اور ورثا کا ہوگا تاہم اگر یہ کام انجام نہیں دیا گیا ہے تو وصیت کرنے والا نئی طباعتوں کے حق تالیف میں بھی شریک ہے اور اس کا ایک تہائی وصیت کے مطابق خرچ کیا جائے گ
 
میت کے قرضوں کی ادائیگی میں ترجیح/فوقیت
سوال5: میرے بھائی کا انتقال ہو گیا ہے اور ان پر مالی کفارہ واجب ہے، اور وہ کئی لوگوں کے مقروض بھی ہیں؛ ان قرضوں میں سے کس کو ترجیح دی جائے گی؟
جواب: اگر بھائی کا مال دونوں چیزوں کے لیے کافی ہے، تو دونوں (مالی کفارہ اور قرض) کو مکمل ادا کیا جائے گا؛ ورنہ اسے تناسب کے لحاظ سے تقسیم کیا جائے گا۔
 
مسجد کی چیزیں کرایہ پر دے کر رقم وصول کرنا
سوال6: کیا جائز ہے کہ مسجد کے روز مرہ کے اخراجات پورا کرنے کے لئے مسجد کی چیزوں اور اموال (کہ جو وقف نہیں ہیں) کو عارضی طور پر لوگوں کو دیں اور اس کے عوض مسجد کے لئے کچھ رقم وصول کریں؟
جواب: مسجد کے امور کا متولی ان چیزوں اور اموال کو جو وقف نہیں ہیں، (مصلحت کا خیال رکھتے ہوئے) معین مدت کے لئے مسجد کے شان و مقام سے مطابقت رکھنے والے کاموں کے لئے دوسرے افراد کو دے کر مسجد کے لئے رقم وصول کرسکتا ہے۔
 
خیار فسخ تعیین مدت کے بغیر
سوال7: کیا گھر کی خرید و فروخت کے معاہدے میں یہ شرط رکھی جا سکتی ہے کہ سرکاری دستاویز (سند) تیار ہونے تک فریقین کو فسخ کا حق (خیار شرط) حاصل ہو؟
جواب: اگر سرکاری دستاویز (سند) تیار کرنے کا وقت معلوم ہو تو کوئی حرج نہیں ہے۔ بصورتِ دیگر، یہ شرط باطل ہو گی اور اصل معاملہ (خرید و فروخت کا معاہدہ) صحیح رہے گا۔
 
نماز کے دوران بدن کو حرکت دینا
سوال8: کیا نماز کے دوران بدن کو حرکت دینا اس طرح کہ حالت نماز سے خارج نہ ہوں، جائز ہے؟
جواب: ضروری ہے کہ قرائت اور واجب اذکار کے دوران نماز پڑھنے والے کا بدن سکون کی حالت میں ہو، مستحب اذکار کے (سوائے "بحول الله و قوته اقوم و اقعد"کے) دوران بھی احتیاط واجب کی بنا پر سکون کی حالت میں ہو۔ لہذا اگر مثلاً تھوڑا آگے یا پیچھے سرکنا چاہے تو جس ذکر کو پڑھنے میں مشغول ہے اسے روک دے اور بدن کے سکون کی حالت میں آنے کے بعد ذکر کو جاری رکھے، البتہ جزئی اور معمولی حرکت جیسے کہ انگلیوں کو ہلانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
خریدی گئی قبر کا خمس
سوال9: ایک شخص نے اپنے لئے قبر خریدی ہے کہ وفات کے بعد اسے وہاں دفن کیا جائے، کیا اگر اسی سال اس شخص کی وفات نہ ہو تو خمس کی تاریخ پر اس قبر میں خمس ہوگا؟
جواب: جی ہاں، اس میں خمس ہوگا۔
 
خمسی سال کو حساب کرنے کا معیار
سوال10: یہ دیکھتے ہوئے کہ رہبر معظم انقلاب (مد ظلہ العالی) کے فتوی کے مطابق ’’خمسی سال باریک بینی پر مبنی نہیں ہے‘‘، سال کی آمدنی کو زندگی کے اخراجات کے لئے خمس کی تاریخ والے دن کے بعد کتنے دنوں تک خرچ کریں تو کوئی حرج نہیں ہے؟
جواب: تقریباً ایک ہفتے تک گزشتہ سال کے اخراجات کا حصہ ہے۔
 
ردِ مظالم کا طریقہ
سوال11: ایک شخص کئی سال پہلے لوگوں کا مال چرا کر اسے کم قیمت پر بیچ دیتا تھا اور اب ان کے مالکوں کو نہیں ڈھونڈ سکتا تو کیا اسے اس وقت کی قیمت کے مطابق ردِ مظالم ادا کرنا ہوگا یا موجودہ قیمت کے مطابق؟
جواب: مثلی مال (جیسے کہ چاول اور دالیں وغیرہ) کو موجودہ قیمت کے مطابق اور قیمی مال جیسے کے موبائل وغیرہ کو جس دن اسے بیچا تھا اس دن کی قیمت کا -اس کی قدر میں ہونے والی کمی کے ساتھ- حساب لگا کر ادا کیا جائے گا. قابل توجہ یہ کہ قیمت لگانے کے لئے متعارف اور معمول کی قیمت معیار ہے، وہ قیمت نہیں کہ جس میں چوری شدہ مال ہونے کی وجہ کم داموں پر بیچی گئی ہے۔

 

700 /