ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

میں اپنے تمام وجود کے ساتھ قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے 24 آذر کو انتخابات میں ایران کی غیور قوم کے عظیم اور باعظمت حضور کے سلسلے میں اپنے ایک اہم پیغام میں ایران کی دلیر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا: چوبیس آذر کے دن ایران کی عظیم قوم نے دینی عوامی حکومت کے معنی کو ایک بار پھر بد گمان اور کج فکر دشمن کے گوشزد کیا اور انتخابات میں بھر پور شرکت اور بیلٹ بکسوں کو اپنی آراء کے ساتھ پر کرکے اپنے اقتدار ، خوداعتمادی اور ہوشیاری کا ثبوت دیا ہے۔

پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

میں خدا وند متعال کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ایران کی عظیم قوم کو ایک اہم آزمائش میں پھر سرافراز کیا اس ملک کو دوبارہ عزت و عظمت سے نوازا ، جس نے اسلام کے پرچم کوفخر کے ساتھ اپنے دوش پر اٹھا رکھا ہے ، چوبیس آذر کو ایرانی قوم نےایک بار پھر دینی عوامی حکومت کے معنی کو کج فہم اور بد اندیش لوگوں کو سمجھا دیا اور انتخابات میں بھر پور شرکت اور بیلٹ بکسوں کو اپنی آراء کے ساتھ پر کرکے اپنے اقتدار ، خوداعتمادی اور ہوشیاری کا ثبوت دیا ۔ نہ دشمن کی پروپیگنڈہ مشینری ایرانی عوام کے جوش و خروش پر اثر انداز ہوسکی اور نہ ہی موسم کی خرابی عوام کے پائے ثبات میں کوئی خلل ایجاد کرسکی،خداوند متعال کے لطف وکرم سے عوامی بیداری نے دشمن کے مکر وفریب کو نقش بر آب کرکے ایران کی انقلابی اور مؤمن قوم کے ایک اور زریں باب کورقم کیا ۔ عوام کی سنجیدہ اور خردمندانہ رفتار اور حکام کی صداقت و تعہد کی بدولت اس مرتبہ بھی دینی عوامی حکومت دنیا کی ڈیموکریسی کا سب سے سالم نصاب اور مغربی ڈیموکریسی کی نسبت عوام کی سب سے زیادہ شرکت کا مظہر بن گئی ۔

عوام کی آراء ، انقلاب اسلامی کے اصولوں سے ان کی والہانہ محبت کا مظہر ہے، اور انتخابات میں عوام کی بے مثال شرکت دوست اور دشمن کے لئے ایرانی عوام کا واضح اور روشن پیغام ہے ، عوام کی انتخابات میں بھر پورشرکت دشمن کے تمام وسوسوں اور اس کے تمام شکوک و شبہا ت کا صاف و شفاف اور واضح جواب ہےکہ ایرانی عوام اپنے بلند وبالا اہداف کی جانب امید و نشاط اور جوش و جذبہ کے ساتھ گامزن ہے یکے بعد دیگرے میدان کو فتح کررہی ہے۔ اوراس کی جد وجہد اپنے حقوق کے حصول تک جاری رہے گی،اور اسلامی نظام کے ساتھ اپنے قلبی لگاؤ کو روزبروز مستحکم کرےگی جس کا مقصد قومی اقتداروعزت اور انصاف کو قائم کرنا ہے۔

میں خداوند متعال کی بارگاہ میں سجدہ شکر ادا کرتا ہوں اور اپنے تمام وجود کے ساتھ ایران کی عظیم قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اور اس عظیم آزمائش میں جن افراد اور اداروں نے اپنا اہم نقش ایفا کیا ان کا بھی شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں اور علماء اعلام ، مراجع عظام، حوزہ علمیہ و یونیورسٹی کی ماہرین و ممتاز شخصیات، سیاسی و ثقافتی سرگرم افراد ، انتخابات منعقد کرانے والے اداروں بالخصوص گارڈین کونسل ، وزارت داخلہ اور پارلیمنٹ کے ناظرین، قومی ریڈیو ، ٹی وی ، پولیس و انتظامیہ اور ان تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے اپنے نمائندوں کی حمایت کرکے انتخابات میں مزیدولولہ اور جوش و خروش پیدا کیا۔

خدا وند متعال کی بارگاہ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے نمائندوں کو قوم کے اعتماد کا سپاس گذار اور ان کی مخلصانہ خدمت میں کامیاب فرمائے اور ایرانی قوم کی عزت میں روز بروز اضافہ فرمائے ،ر دل کی گہرائی سے حضرت بقیۃ اللہ ارواحنا فداہ پر سلام کہ ایرانی قوم کی کامیابی ان کے مقدس ومبارک دل کے لئے خوشنودی کا باعث ہے۔

والسلام علی عباداللہ الصالحین

سید علی خامنہ ای

28 / آذر/ 1385

700 /