ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم کے نام فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ کا پیغام

جنابعالی کی ہدایات کے سائے میں ایرانی قوم نے فلسطینی عوام کی حمایت میں بہت سے اقدامات اور کوششیں سرانجام دیں اور یہ کوششیں ہمارے لئے فخر کا باعث ہیں

فلسطین کی عوامی اور قانونی حکومت کے وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے نام اپنے پیغام میں رہبر معظم اور ایرانی دلیر عوام کی طرف سے فلسطینی عوام بالخصوص غزہ کے عوام اور اسلامی مقاومت کی بے دریغ حمایت پر قدردانی کرتے ہوئے کہا : میں اپنی طرف سے ، فلسطینی عوام اور مجروح لیکن کامیاب غزہ کی جانب سے جنابعالی اور ایران کی عظيم عوام کے ممتاز اور اسلامی مؤقف کی بنا پر درود و سلام بھیجتا ہوں۔

پیغام کا متن حسب ذیل ہے:

بسمہ تعالی

رہبر اسلامی جمہوریہ ایران آیت اللہ العظمی خامنہ ای

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

میرے لئے یہ فخرکا باعث ہے کہ میں فلسطینی عوام و حکومت اورمجروح لیکن کامیاب غزہ کی نمائندگی میں جنابعالی کے ممتاز ، اسلامی اور شجاعانہ مؤقف پر قدردانی اور شکریہ ادا کرتا ہوں جو اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر کی عظیم روح اور ایران کی بزرگ قوم کی والا و اعلی روح کا مظہر ہے۔

غزہ پر حملے سے قبل اور اسی طرح غزہ پر مسلط جنگ کے سخت ایام میں جنابعالی کے پیغامات اور خطابات ، دشمن کے مقابلے میں غزہ کی اسلامی مقاومت اور غزہ کے عوام کے اندرعزت ، آزادگی ، کرامت و استقامت کا شاندار جذبہ پیدا کرنے کا سبب بن گئے۔

جنابعالی کی ذمہ دارانہ ہدایات کے سائے میں اسلامی جمہوریہ ایران نے تمام میدانوں بالخصوص دوحہ میں غزہ اجلاس منعقد کرانے میں فعال اور سرگرم کردار ادا کیا اور یہ کوششیں غزہ کے بے یارو مددگار عوام کی مدد و نصرت کا سبب بن گئیں اوران کوششوں سے فلسطینی عوام کے اندرامید کی نئي کرنیں پیدا ہوگئی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے مختلف میدانوں میں مدد بہم پہنچا کر فلسطینی عوام کی استقامت میں مدد فراہم کی حالیہ جنگ میں غزہ کے عوام کی کامیابی درحقیقت جنوبی لبنان کی جنگ کے بعد اسلامی مقاومت کی دوسری کامیابی ہے خداوند متعال جنابعالی اور ایرانی عوام کو یہ امداد اور تعاون فراہم کرنے پرجزائے خیر عطا فرمائے۔

ایرانی عوام نے جنابعالی کے سائے میں فلسطینی عوام کی حمایت کے سلسلے میں بہت سے اقدامات اور خدمات انجام دی ہیں اور یہ کوششیں ہمارے لئے فخر کا باعث ہیں ہم ان کا تہہ دل سے شکرگذار اور قدرداں ہیں۔

فلسینی عوام بالخصوص غزہ کے عوام کو دشمن کے حملے اور اس کی جانب سے پیدا کی گئی مشکلات پر قابو پانے اور غزہ کی تعمیر کے لئے سیاسی ، غیر سیاسی اور عوامی حمایت کی اشد ضرورت ہے اورغزہ کے عوام کواخراجات کی کمی کا سامنا ہے جودوسروں نے پیدا کی ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی ، فلسطینی عوام آزادانہ اور شرافتمندانہ زندگی کی خواہاں ہے جس میں محاصرہ اور غاصبانہ قبضہ نہ ہو تاکہ حقیقی عزت اور قدرت تک پہنچ سکے۔ اور اس ہدف تک پہنچنے اور امریکہ و غاصب صہیونی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لئےخداوند متعال کی توفیق اور لطف کے بعد جنابعالی اور ایران کی مسلمان قوم کی طرف سےحمایت جاری رکھنےکی ضرورت ہے۔

آخر میں جنابعالی کی عنایات اور ایرانی قوم کی بے لوث حمایت پر اپنی طرف سے اور فلسطینی عوام کی طرف سے تہہ دل سےشکریہ ادا کرتا ہوں۔

آپ کا بھائی اسماعیل ہنیہ

وزیر اعظم فلسطین

700 /