رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج سہ پہر کو ترکمنستان کے صدر قربان قلی بردی محمد اف اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں ایران اور ترکمنستان کے درمیان بہت ہی گہرے تاریخی اور ثقافتی اشتراکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دونوں ممالک مختلف وسائل و امکانات کے پیش نظر مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دےسکتے ہیں۔
رہبر معظم نے سائنس ، صنعت، ٹیکنالوجی اور ثقافتی شعبوں میں ایران کی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ترکمنستان کی بہت سی ضروریات کو ایرانی توانائیوں کے ذریعہ برطرف کیا جاسکتا ہےاور دونوں ممالک باہمی تعاون سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
رہبر معظم نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: ایران اور ترکمنستان کے بڑھتے ہوئے روابط میں مزید سرعت و پیشرفت کی ضرورت ہےاور باہمی معاہدے اور تعاون اس طرح طے پائیں جو فریقین کے لئے اطمینان بخش ثابت ہوں۔
اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر احمدی نژاد بھی موجود تھے ترکمنستان کے صدرقربان قلی بردی محمد اف نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کی تیسویں سالگرہ کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی اور ایران کے صدر کے ساتھ باہمی مذاکرات کو مفید و ثمر بخش قراردیتے ہوئے کہا: تہران میں مذاکرات کے دوران بہت سے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے سلسلے میں اچھی تجاویز سامنے آئی ہیں اور امید ہے کہ ان منصوبوں کو جلد ہی عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
ترکمنستان کے صدر نے قرقیزستان ، ترکمنستان اور ایران کے درمیان ریل لائن بچھانے کے منصوبے کو دونوں ممالک کے درمیان اہم منصوبہ قراردیتے ہوئے کہا: ترکمنستان اپنے دوست اور ہمسایہ ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہے۔