ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

اسلامی کانفرنس تنظیم اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج سہ پہر کو اسلامی کانفرنس تنظیم کے سکریٹری جنرل جناب احسان اوغلو سے ملاقات میں عالم اسلام کے مسائل میں فعال و سرگرم کردار ایفا کرنے کو اسلامی کانفرنس کی اہم ذمہ داری قراردیتے ہوئے فرمایا: اسلامی کانفرنس تنظیم اسلامی ممالک کو قریب کرنے اور ان کے درمیان اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

رہبر معظم نے دشمنوں کی طرف سےمسلمانوں کی صفوں میں قومی ، مذہبی اور سیاسی اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی کانفرنس تنظیم کو اپنا اہم نقش ایفا کرتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان پیدا ہونے والےاختلافات کو ختم کرنا چاہیے۔

رہبر معظم نے غزہ کے المناک واقعہ اور اسلامی ممالک کی طرف سے قوی اور واحد مؤقف اختیارکرنے کی جو توقع کی جارہی تھی اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: غزہ کی 22 روزہ جنگ میں مسلمان قوموں نے اپنا کردار اچھا ادا کیا لیکن بعض حکومتوں نے درست مؤقف اختیار نہیں کیا۔

رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نےفرمایا: غزہ کی تعمیر میں یہ توقع کی جاتی ہے کہ اسلامی ممالک ملکر ایک معقول اور واحد راستہ اختیار کریں۔

رہبر معظم نے مختلف اقتصادی، ثقافتی اور سماجی میدانوں میں اسلامی ممالک کے باہمی تعاون کے لئے اسلامی کانفرنس تنظیم کے منصوبوں کو اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی کانفرنس کے ایک رکن ہونے کی حیثیت سے ہر قسم کے تعاون کے لئے آمادہ ہے۔

اس ملاقات میں ایران کے نائب صدر آقای داؤدی بھی موجود تھے اسلامی کانفرنس تنظیم کے سکریٹری جناب احسان اوغلونے اسلامی کانفرنس تنظیم کی مختلف میدانوں میں فعالیت منجملہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد پیدا کرنے اور مغربی ممالک میں اسلام کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پرمختصر رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا: اسلامی کانفرنس تنظیم نے حال ہی میں تمام رکن ممالک کو ایک خط میں فلسطین میں جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والے صہیونی حکام کے خلاف قانونی اقدام کرنے میں تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔

700 /