ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

قرآنی معرفت ایک اسلامی معاشرے کا نقطہ آغاز ہے

حسینیہ امام خمینی (رہ)میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای ، ممتاز قاریوں اور حفاظ قرآن کی موجودگی میں بہار قرآن کے دوسرے دن انس با قرآن کی معنوی اور نورانی محفل منعقد ہوئی۔

رہبر معظم نے گذشتہ برسوں میں اسلامی نظام کے نتائج ، خصوصا ایرانی عوام کی منہ زور طاقتوں کے مد مقابل استقامت اور پائداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: عوام اور حکام کی طرف سے قرآن کریم کی معرفت و برکت کی بدولت ملک میں عدالت کے نفاذ کے علائم اور مختلف علمی میدانوں میں ایرانی جوانوں کی حیرت انگیز پیشرفت ان تمام گرانقدرنتائج کے ثمرات ہیں۔

رہبر معظم نے معاشرے میں موجودہ قرآنی معرفت کو ایک اسلامی معاشرے کا نقطہ آغاز قراردیتے ہوئے فرمایا: معاشرے میں قرآنی معرفت نے اسلامی نظام کو ایک نمونے میں بدل دیا ہےجومسلمان قوموں کی بیداری کا سبب بنا ہے۔

رہبر معظم نےدنیا میں مسلمانوں کے افتخار اور عزت کے احساس اور انسانی حقوق اور ڈیموکریسی کے دعویداروں کی مسلسل ناکامیوں اور رسوائیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: یہ عزت کا احساس ،قرآنی وعدوں پر یقین کا نتیجہ تھا جس نے حزب اللہ کو ایک ایسی فوج پر فتح و کامیابی عطا کی جوپیشرفتہ ہتھیاروں سے مسلح اور جسے بڑی طاقتوں کی حمایت حاصل تھی ۔

رہبر معظم نے ملک میں قرآن کی سمت گامزن رہنےاور اس مبارک حرکت کو بہتر بنانے کے لئے تلاش و کوشش جاری رکھنے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اس مبارک حرکت میں قرآن کے حفظ ، قرآن کے معانی سمجھنے اور قرآن کی تلاوت پر اہتمام کرنا چاہیےاور متعلقہ حکام کو بھی اس سلسلے میں تعاون فراہم کرنا چاہیے۔

قرآن مجید کی اس نورانی محفل کے اختتام میں نماز مغرب و عشاء رہبر معظم انقلاب اسلامی کی امامت میں ادا کی گئی اور اس کے بعد حاضرین نے رہبر معظم کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔

700 /