رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج صبح ایک ملاقات میں بی بی دو عالم حضرت صدیقہ طاہرہ فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا) اور ان کے فرزند گرامی حضرت امام خمینی (رہ) کی ولادت باسعادت پر مبارک باد پیش کی اور دسویں صدارتی انتخابات کو اعجاز الہی قراردیا ، انتخابات میں ایرانی عوام کی بے مثال اور لاجواب شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایران کی بیدار ، ہوشیار اور آگاہ عوام نے اپنی عظیم شرکت کے ذریعہ ثابت کردیا ہے کہ وہ امام خمینی (رہ) کے انقلابی اور اسلامی اصولوں پر قائم ہیں اور انھیں کی راہ پر گامزن رہنے کو اپنی سعادت و پیشرفت سمجھتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دسویں صدارتی انتخابات میں عوام کے جوش و خروش کو بہت اچھا اور مبارک قدم قراردیتے ہوئے فرمایا: ایرانی عوام نے انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ قومی عزت و وقار کو اہمیت دیتی ہے اور منہ زور و تسلط پسند طاقتوں کے مد مقابل اپنے احقاق حق کے لئےاستقامت و پائداری کو اپنے لئے مایہ فخر و ناز سمجھتی ہے اور اس نے اس بات کو صدارتی انتخابات میں واضح کردیا ہے۔
رہبر معظم نے انتخابات میں عوامی شرکت کو کمرنگ بنانے کے لئے ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی نفسیاتی جنگ اوروسیع تبلیغات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: در حقیقت ان انتخابات کے پیچھے دست قدرت تھا کیونکہ ان انتخابات میں گذشتہ 30 سالہ انتخابات کی نسبت عوام کی شرکت بے مثال تھی اور گذشتہ انتخابات کے تناسب سے موجودہ انتخابات میں مزید دس ملین سے زائد افراد نے شرکت کی۔
اس ملاقات میں ملک بھر کے ذاکرین اور مداح موجود تھے رہبر معظم نے بی بی دوعالم حضرت فاطمہ زہرا (س) کی ولادت با سعادت کو خیرات و برکات کا سرچشمہ اور ان کی ولادت کے دن کوبہت ہی اہم اور عظیم دن قراردیتے ہوئے فرمایا: حضرت فاطمہ زہرا (س) کی ولادت کا دن در حقیقت عید میلاد ولایت ہے کیونکہ ان کے فرزند اور آئمہ اطہار اسی شجرہ طیبہ کے ثمرات ہیں جو امت کے ہادی اور رہنما ہیں ۔
رہبر معظم نے شیعہ و سنی اتحاد اور عالم اسلام میں باہمی اتحاد و برادری پرمبنی امام خمینی (رہ) کی سفارش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امام خمینی (رہ) حکیم و دانا شخص تھے اور وہ جانتے تھے کہ انگریز شیعہ و سنی اختلافات سے فائدہ اٹھا کر عالم اسلام پر چوٹ لگانے اوراختلافات ڈالنے کی کوشش کریں گے اور ان کے احساسات کو ایکدوسرے کے خلاف بھڑکائیں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اسلامی عزت و وقار اور دینی عقیدے کا جو پرچم آج ایران میں سربلند ہے وہ ہر مسلمان کے دل کی دھڑکن ہے اور تمام مسلمان اس پر فخر و مباہات کرتے ہیں۔