ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

صوبہ کردستان کے دہشت گردانہ سانحے پر رہبر معظم انقلاب اسلامی کا تعزیتی پیغام :

صوبہ کردستان کے عوام پوری بصیرت کے ساتھ اپنے دشمنوں کو پہچانیں

رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے صوبہ کردستان میں رونما ہونے والے دہشت گردانہ سانحے میں خبرگان  کونسل میں صوبہ کردستان کے نمائندے "ماموستا" شیخ الاسلام کی شہادت پر تعزیت اور  "مبارکباد" پیش کی۔
تعزیتی پیغام حسب  ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحيم
وَ مَن قُتِلَ مَظلومَاً فَقَد جَعَلنا لِوَلیہ سُلطانا

نتہائی اندوہناک خبر ملی کہ سامراج اور رجعت پسندوں کے جرائم پیشہ مہروں نے مجاہد و خدمت گذار عالم دین اور ماہرین کی کونسل کے رکن ماموستا شیخ الاسلام کے خون سے اپنے ہاتھ رنگین کئے اور یہ با شرف اور خدمت گذار شخص دسیوں سال حق کے دفاع کے بعد لشکر باطل کے ہاتھوں شہید ہو گیا۔ ان چند دنوں کے اندر کچھ دیگر اہم علما، منجملہ سنندج کے عارضی امام جمعہ اور عدلیہ سے تعلق رکھنے والے صوبے کے دو عہدہ دار بھی اس جلیل القدر شخصیت سے قبل زخمی یا شہید کر دئے گئے۔ رمضان کے مبارک مہینے میں اور ملت فلسطین کی حمایت کے اعلان کے دن کے نزدیک خونخواری و قساوت قلبی  کا یہ سلسلہ اس بات کی علامت ہے کہ یہ جرائم پیشہ عناصر دینداری کے دعووں کے باوجود نہ صرف یہ کہ "ماہ خدا" کی بے حرمتی کر رہے ہیں بلکہ ان کی یلغار کا رخ در حقیقت وہی چیز ہے جس کی دشمنی پر سامراجی نظام اور علاقے کی بعض روسیاہ حکومتیں کمربستہ ہیں۔ اسلامی جمہوری نظام سے قلبی لگاؤ اور اسلامی امنگوں اور قدس شریف کا دفاع ہی جرائم پیشہ مہروں اور ان کے فرعون صفت اور قارون منش آقاؤں کی نظر میں ان شہیدوں اور زخمیوں کا نا قابل معافی جرم ہے۔ اس سال کردستان کے عطر آگیں اردیبہشت کے مہینے کے بعد ( اس مہینے میں انجام پانے والے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے صوبہ کردستان کے کامیاب دورے کی جانب اشارہ ہے) جس میں اسلامی اتحاد کی دل نواز آواز اس علاقے میں ہمیشہ سے زیادہ گونجی، سامراجی اور استبدادی عناصر اب تک اس صوبے کے مظلوم و نجیب عوام سے انتقام لے رہے ہیں۔ ان سنگدل دشمنوں کے لئے کرد، فارس، شیعہ اور سنی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ان کینہ توز عناصر نے ماموستا شیخ الاسلام جیسے مظلوم شہید پر بھی بربریت بھرا حملہ کیا۔ خدا و رسول اور مومنین کی لعنت ہو ان خونخواروں اور ان کی حمایت اور رہنمائی کرنے والے مراکز پر۔ کردستان کے عزیز عوام اپنی بصیرت کے ذریعے اپنے دشمنوں کی شناخت کریں اور صوبے کے سکیورٹی حکام ان حربی قاتلوں کے خلاف سخت اقدام کو اپنے منصوبوں میں سر فہرست رکھیں۔

اینجانب صوبہ کردستان کے عوام بالخصوص سوگوار خاندانوں کو تعزیت اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان عظیم شہیدوں بالخصوص جناب ماموستا شیخ الاسلام شہید کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالی کی بارگاہ میں ان کی مغفرت اور علو درجات کے لئے دعاگو ہوں۔
سيّدعلي خامنہ ای  
26/
شھريور/1388
18
ستمبر 2009

700 /