ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی کا ایرانی قوم کی حیرت انگیز شرکت پر شکریہ کا پیغام :

ایرانی قوم نے ترقّی اور سعادت کی سربلندیوں کو فتح کرنے کا مصمّم ارادہ کر لیا ہے اور وہ اپنے راستے کی ہر رکاوٹ کو دور کر کے دم لے گی ۔

 رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے ایک اہم پیغام میں ، بائیس بہمن  کے موقع پر ، منعقد ہونے والے مظاہروں میں ایرانی قوم کے دسیوں ملین افراد کی حیرت انگیز شرکت پر ، ان کی قدردانی اور شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا : ایرانی قوم کے دوست اور دشمن یہ بات اچھی طرح جان  لیں کہ اس قوم نے اپنے راستے کا انتخاب کر لیا ہے ،  اس نے  ترقّی و سعادت کی سربلندیوں کو فتح کرنے کے لئے مصمّم ارادہ کر لیا ہے  ، اور وہ اپنے راستے کی ہر رکاوٹ کو دور کر کے دم لے گی۔

رہبر معظّم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے :

       بسم اللہ الرّحمٰن الرّحیم

ایران کی عظیم الشّان اور حیرت آفرین قوم !

آپ کے استوار قدموں کو تھکن کا احساس نہ ہو ، آپ کے عزم و حوصلے اور آزادی کا پر چم سرفراز رہے ، آپ کے بے مثال عزم و ارادے اور بصیرت پر پروردگار عالم کا درود و سلام ہو جو ضرورت پڑنے پر ہمیشہ ہی ، انقلاب کے بد خواہوں اور فتنہ پروروں کے مقابلے میں ، حق کی فتح کا نقارہ بجاتا ہے اور انقلاب کی عزت و عظمت کا مظاہرہ کرتا ہے ۔

میں ، دل کی گہرائیوں سے پروردگار عالم کا شکرگزار ہوں جس نے آپ کے عزم، جذبہ ایمان اور بصیرت میں اپنے دست قدرت کی جلوہ نمائی کی ۔ اور اس انقلا ب کی کامیابی کی اکتیسویں سالگرہ کے موقع پر دنیا کے سامنے گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ، اس انقلاب کی طاقت و قوت کی زیادہ  جلوہ گری کی۔

کیا دنیا کی چند تسلّط پسند اور متکبر  طاقتوں کے لئیے، ایرانی قوم کے بارے میں  گزشتہ تیس سال کے تجربات کافی نہیں ہیں ؟ کیا یہ تجربات ان کو خواب غفلت سے بیدار کر نے اور ایران پر قبضہ کرنے کی لاحاصل کوششوں سے دستبردار کرنے کے لئیے کافی نہیں ہیں؟   

کیا اس انقلاب کی کامیابی کی اکتیسویں سالگرہ کے جشن میں ایرانی قوم کے دسیوں ملین بابصیر ت اور جذبہ ایمان سے سرشار افراد کی شرکت، ملک کے چند معاند اور فریب خوردہ عناصر کو ہوش میں لانے کے لئیے کافی نہیں ہے ، یہ افراد کبھی کبھی ، دکھاوے کے طور پر عوام کی طرفداری کا دعویٰ کرتے ہیں ۔ کیا یہ عوامی شرکت ان فریب خوردہ عناصر کو راہ راست اور خالص محمدی اسلام  کے صراط مستقیم اور امام امت کے راستے  پر لانے کے لئیے کافی نہیں ہے ۔   

اس قوم کے دوست و دشمن یہ بات اچھی طرح جان لیں کہ ایرانی قوم نے اپنے راستےکو پہچان لیا  ہے اور اس پر چلنے کا مصمّم ارادہ کر لیا ہے ۔ اور یہ قوم  پروردگار عالم کی عطا کردہ قدرت کے زیر سایہ ، ترقّی و سعادت کی سربلندیوں کو فتح کرے گی اور اپنے راستے کی پر رکاوٹ کو ہٹا کر دم لے گی ۔ خداوند متعال کی مدد اور توفیق ، اور امام زمانہ کی دعائیں اس قوم کی پشت پناہ  ہوں ۔                                    

                                                                   سید علی خامنہ ای

                                                                      ۲۲ / ۱۱  / ۸۸  ھ۔ ش  

700 /