رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نےرمضان المبارک میں اپنی چوتھی ملاقات میں یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور علمی کونسلوں کے اراکین سے بدھ کی سہ پہر کو ملاقات کی اس ملاقات میں یونیورسٹیوں کے علمی ، تحقیقاتی، سماجی، ثقافتی، سیاسی اور اقتصادی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ حالیہ ہفتوں میں طلباء ، شعراء و ادباء اور معاشی و اقتصادی شعبہ میں سرگرم افراد نے رہبر معظم انقلاب اسلامی سے ملاقات اور گفتگو کی تھی۔
آج سہ پہر کی نشت کے آغاز میں یونیورسٹیوں کی علمی کونسلوں کے 14 ارکان نے 2 گھنٹے سے زائد عرصہ میں مختلف مسائل کے بارے میں اپنے خیالات ، تجاویز اور انتقادات کو پیش کیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے یونیورسٹیوں کے اساتذہ کی گفتگو کو غور سےسننے کے بعد اپنے اہم خطاب میں ملک کی علمی پیشرفت ، اور اس پیشرفت میں یونیورسٹیوں کے اہم نقش اور اسی طرح یوم قدس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے یوم قدس کے قریب ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: یوم قدس ایک بین الاقوامی اسلامی اور اہم اور عظیم دن ہے۔ اس دن ایرانی قوم اور دیگر مسلمان قومیں حق کی آواز بلند کرتی ہیں جسے دبانے کے لئے سامراجی طاقتوں نے کم سے کم ساٹھ سال سے سرمایہ کاری کررکھی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایران میں اسلامی جمہوری نظام کی تشکیل ، یوم قدس کا اعلان اور تہران میں اسرائیلی سفارتخانہ کی فلسطینی سفارتخانہ میں تبدیلی ایک اہم اور ہجومی حرکت تھی جس کی بنا پر عالمی نقشہ سے مسئلہ فلسطین کو محو کرنے کی سامراجی طاقتوں کی ساٹھ سالہ سازشیں ناکام ہوگئیں ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: یوم قدس ملک کی سلامتی کا پشتپناہ بھی ہے اور یوم قدس کے موقع پر جو ایرانی بھی سڑکوں پر نکلتا ہے وہ در حقیقت ملک کی سلامتی اور انقلاب کے نتائج کی حفاظت میں مدد فراہم کرتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس سال بھی عالمی یوم قدس ایران اور دیگر اسلامی ممالک میں پہلے سے کہیں زیادہ جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں علمی پیشرفت و ترقی کو عالمی استکبار کے مقابلے میں ایرانی قوم کی شاندار و باعظمت استقامت کا اصلی محور قراردیتے ہوئے فرمایا: یہ علمی پیشرفت و ترقی یونیورسٹیوں کی مرہون منت ہے جس نے قوم کو خود اعتمادی، سربلندی، پختہ عزم و ارادہ اور استقامت کا جذبہ عطا کیا ہے۔