رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے صوبہ کرمانشاہ کے 9 روزہ دورے کے اختتام پر معظم لہ کے دفتر نے صوبہ کرمانشاہ کے دلیر، شجاع اور بہادر عوام کا ایک بیانیہ میں شکریہ ادا کیا ہے۔
اطلاعیہ کا متن حسب یل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
کرماشاہ دلیر و غیور عوام کی سرزمین ، اہلبیت علیھم السلام کے دوستداروں کی سرزمین، جوانمردی، دلاوری اور پہلوانی کا گہوارہ، صبر و مقاومت کی سرزمین ، ایثار و استقامت کا خطہ، وفاداری و فداکاری کا دیار، جس نے حالیہ ایام میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کی مہمان نوازی اور استقبال میں تاریخی اور یادگار دنوں کو رقم کیا ہے اور مختلف اقوام و مذاہب کے پآئدار و عزتمند اتحاد و یکجہتی نے اس خالص حقیقت کا جلوہ پیش کیا کہ وہ ایران کی مقتدر قوم کے عظیم پیکر کے اجزاء ہیں جو اتحاد و آگاہی کے ساتھ اس دلیر پرور اور سرافراز سرزمین کے تابناک ودرخشاں مستقبل کی ضمانت ہیں۔
دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی کرمانشاہ کے عوام کے ایمان، اتحاد اور ہوشیاری کو اس ملک و قوم میں اللہ تعالی کی رحمت اور اس کے فضل و کرم کا مظہر سمجھتا ہے اور اللہ تعالی کی بارگاہ میں شکر و سپاس کے ساتھ ، صوبہ کرمانشاہ کے تمام طبقات، اصناف اور عوام کی مہمان نوازی، شیعہ و سنی بیدار علماء ، شہیدوں، جانبازوں اور ایثاگروں کے صبور و مظلوم خاندانوں،ممتاز و ماہر شخصیات، فہیم و پرجوش اساتذہ و طلباء ، غیور و ہوشیار قبائل، علاقہ میں موجود سپاہ، فوج ، بسیج، پولیس اور سکیورٹی انتظامیہ،کرمانشاہ میں ولی فقیہ کے نمائندے، صوبہ کے گورنر اور پرتلاش حکام کو رہبر معظم انقلاب اسلامی کی طرف سے عمیق ، خالص اور صمیمی شکریہ پیش کیا جاتا ہے۔
اللہ تعالی کے فضل و کرم سے صوبہ کرمانشاہ میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کا یادگار اور تاریخی سفر علاقہ کے عوام کی ہوشیاری، وفاداری اور اتحاد ، صوبہ کے پر نشاط و شاداب عوام بالخصوص مؤمن جوانوں کی بے نظیر صلاحیتوں کے سائے میں علاقہ کا مستقبل مکمل طور پر روشن و تابناک ہوجائے گااور مرکزی اور صوبائی حکام کی سنجیدہ کوششوں اور جد جہد کے نتیجے میں وہ تمام منظور شدہ منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے جنھیں کابینہ نے صوبہ کی ترقی و پیشرفت ، عوام کی مشکلات کو حل کرنےاور خطے کی محرومیت کو دور کرنے کے لئے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حالیہ سفر کے دوران منظور کیا ہے۔
امید ہے کہ تینوں قوا کے سربراہان، تمام ثقافتی و اقتصادی اداروں کے عہدیدار اور انقلاب اسلامی کے ساتھ والہانہ محبت رکھنے والے افراد رہبر معظم انقلاب اسلامی کی طرف سے ملک اور صوبہ کے اہم امور اور بنیادی مسائل کے بارے میں مؤثر بیانات و ارشادات پر اپنی عمیق و گہری توجہ مبذول کریں گے اور انشاء اللہ، ہم مختصر مدت میں صوبہ کے غیور و دلیر عوام کی شان کے مطابق صوبہ میں اہم پیشرفت و تبدیلی مشاہدہ کریں گے۔
29/مہر/1390