رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نےصوبہ کرمانشاہ کے دورے کے نویں اور آخری دن صوبے کے مختلف اداروں کے کارکنوں، اعلی افسروں اور عہدیداروں سے ملاقات میں اسلامی نظام میں مخلصانہ ، صادقانہ خدمت ، اور نظام کے استحکام و عوام کی مزید خدمت و مدد کو اللہ تعالی کی توفیق، پروردگار کی مرضی حاصل کرنے کا موجب قراردیتے ہوئے فرمایا: پورے ملک میں مرکزی اور صوبائی حکام کے کام کی کیفیت اسلامی نظام کی عزت یا خدانخواستہ بے عزتی کا باعث بن سکتی ہے لہذا حکام کو کام کی کیفیت اوراپنی قابل فخر خدمت میں ہر ممکن اضافہ کرنا چاہیے۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے ملک و نظام کے ضروری میدانوں میں قوم کی دائمی آمادگی کوحیرت انگيز قراردیتے ہوئے فرمایا: حقیقت یہ ہے کہ زبان عوام کا شکریہ ادا کرنے سے عاجز و قاصر ہے اور وہ نظام اور انقلاب کے دفاع میں تمام مشکلات اور خامیوں کے باوجود تمام حکام سے آگے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نےصوبہ کرمانشاہ کے عوام کی مسلسل جد وجہد، انقلاب و اسلام کے ساتھ ان کی گہری وفاداری اور اظہار محبت و الفت کو ملکی اور صوبائی حکام کی ذمہ داری کے سنگین ترہونے کا باعث قراردیا اور مرکزی اور صوبائی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: آپ جس عہدے پر بھی فائز ہیں وہاں ایران کے عزیز، صبور،مؤمن اور شریف عوام کی بہترین انداز میں خدمت کریں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صوبہ کرمانشاہ کی ظرفیتوں کو پیشرفت و توسیع کے لئے بہتر قراردیتے ہوئے فرمایا: حکومت نے بھی صوبہ کی تعمیر ، ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی زندگی کے رفاہ کے لئے اہم منصوبوں کو منظورکیا ہے اور یہ کام مرکزی اور صوبائی حکام کے ہمہ گير تلاش و کوشش اور باہمی تعاون کے ساتھ با حسن و خوبی انجام پانا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے منظور شدہ منصوبوں کو سنجیدگی و سرعت و دقت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے میں وزراء کے مساعد قول پر شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا: صوبائی حکام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے منظور شدہ منصوبوں کے لئے مخصوص بجٹ کو حاصل کرنےاور اسے درست طریقہ سے مصرف کرنے اور منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے پیہم تلاش و کوشش کریں، تاکہ صوبہ کی مشکلات بالخصوص بے روزگارجوانوں کے لئے روزگار فراہم کرنے اور عوامی مشکلات کو حل کرنے میں عمومی حرکت سرعت کے ساتھ جاری و ساری رہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صوبہ کرمانشاہ کے عوام کی محبت و صفا و صمیمیت اور مقامی حکام کی زحمات کا شکریہ ادا کیا اورصوبہ میں حد سے زیادہ تبلیغاتی بورڈ اور فوٹو نصب کرنے پر متعلقہ اداروں سے گلہ و شکوہ کرتے ہوئے فرمایا: اس قسم کی وسیع اور مہنگی تبلیغات اسلامی نظام اور ہم طلباء کی شان کے مناسب نہیں ہے اور علمی لحاظ سے بھی اس کا کوئی مناسب اثر نہیں پڑےگا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنے خطاب کے دوسرے حصہ میں ایرانی قوم کے خلاف دشمنوں کی پیہم سازشوں کو اسلامی جمہوریہ ایران کی آگے کی سمت جاری حرکت کا مظہر قراردیتے ہوئے فرمایا: سامراجی محاذ کی جانب سے تبلیغاتی، سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی یلغار سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی قوم اپنے اہداف اور اصولوں کو عملی جامہ پہنانے کی جانب سرعت و برق رفتاری کے ساتھ حرکت کررہی ہے کیونکہ ایرانی قوم کی حرکت و سرعت میں اگر سستی اور ضعف پیدا ہوگيا ہوتا تو دشمن کو اتنے وسیع پیمانے پر تبلیغات اور پروپیگنڈہ کرنے کی زحمت نہ اٹھانا پڑتی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے علاقہ میں قوموں کی اسلامی بیداری کی طرف اشارہ کیا اور ایرانی قوم کے نظریہ کے استقبال و پیروی یعنی اسلام اور شریعت کی پیروی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے نمونہ پرقوموں کی توجہ کا مظہر قراردیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ان حساس شرائط میں جبکہ ایرانی قوم علاقائی قوموں کے لئے بہترین نمونہ عمل میں تبدیل ہوگئی ہے ہم سب کو اس بات پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے تاکہ ایرانی قوم کا ہم آہنگ ، جذاب اور خوبصورت چہرہ علاقائي عوام کے ذہن میں ہمیشہ باقی رہے اور ایرانی عوام کے چہرے کو خراب کرنے کے سلسلے میں دشمنوں کی کوششیں ناکام ہوجائیں۔
اس ملاقات کے آغاز میں صوبہ کرمانشاہ کے گورنر نے 8 سالہ دفاع مقدس میں صوبہ کرمانشاہ کے غیور و بہادر عوام اور کمانڈروں کی شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: صوبہ کی موجودہ صورتحال کو انقلاب سے پہلے کی صورتحال سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔
جناب ہاشمی نے نویں حکومت کی مختلف شعبوں میں خدمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: تمام کوششوں کے باوجودصوبے میں مختلف مشکلات موجود ہیں اور جنابعالی کی مکرر تاکید کے پیش نظر اور انشاء اللہ حکام کی جد وجہد اور کابینہ میں منظور ہونے والے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے نتیجے میں صوبہ کی مشکلات کو حل کرنے کے سلسلے میں اہم قدم اٹھائے جائیں گے۔
منصوبہ بندی اور پروگرامز ادارہ میں صدر کے معاون نے صوبہ کرمانشاہ میں انسانی وسائل اور خداداد قدرتی وسائل کی طرف اشارہ کیا اور صوبہ کے ارتقاء کے لئے حکومت کے پروگراموں کی تشریح کی۔
جناب عزیزی نے حکومت کی طرف سےصوبہ کی پیشرفت کے لئے جامع سند تدوین کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئےکہا: صوبہ کے ولایتمدار عوام کی خدمت حکومت کے لئے باعث فخر ہے۔