ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی :

طلباء کے دوش پر علم کے حصول اور اسلامی نظام کے مؤقف کی تشریح کی دو اہم ذمہ داریاں ہیں

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج یورپ میں طلباء کی اسلامی انجمن کی یونین کے اراکین کے ساتھ ملاقات میں اس یونین کے طلباء کو ایرانی قوم کے عزیز فرزند اور ملک کا گرانبہا سرمایہ قرار دیا اور حقیقی معنی میں علم کے حصول ، صحیح فکر و شعور کے فروغ اور اسلامی جمہوری نظام کے حقیقی مؤقف کی تشریح کو اس یونین کے طلباء کی دواہم ذمہ داریاں قراردیا ۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے طلباء کی اصلی ذمہ داری یعنی علم کے حصول کی تشریح کی اور انقلاب اسلامی سے قبل علمی و معنوی اقتدار کے فقدان کو سب سے بڑی مشکل اور اغیار کے ساتھ وابستگی کا اہم سبب قراردیتے ہوئے فرمایا: انقلاب اسلامی کی کامیابی، اور حضرت امام خمینی (رہ) کا اللہ تعالی کی ذات پر ناقابل توصیف یقین اور قوم پر خصوصی توجہ در حقیقت قومی خود اعتمادی اور ملک کی مشکلات کو حل کرنے اور نفسیاتی حصار سے باہر نکلنے کا سبب بنا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صحیح فکر و شعور کے فروغ اور دشمنوں کے مقابلے میں اسلامی نظام کے حقیقی مؤقف کی تشریح کو  بیرون ملک طلباء کی دوسری بڑی ذمہ داری قراردیتے ہوئے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران نے سامراجی طاقتوں اور انکے عظیم اقتصادی ، تبلیغاتی اور پیچیدہ نیٹ ورک کے مقابلے میں قابل توجہ کامیابیاں حاصل کی ہیں ان کامیابیوں  میں دشمن کی اقتصادی پابندیوں کا مقابلہ اور ایٹمی معاملے میں پیشرفت شامل ہیں اور کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہےگا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس راہ میں علمی توانائیوں اور مثبت نقاط کو مضبوط بنانے اور جد وجہد اور مجاہدت جاری رکھنےپر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابلے میں دشمن تمام اقتصادی، سکیورٹی اور سیاسی شعبوں میں وسیع پیمانے پر اقدامات انجام دینے کے باوجود متزلزل اور شکست و ناکامی سے دوچار ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل یورپ میں طلباء کی  اسلامی انجمن میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندےحجۃ الاسلام اژہ ای نے اس یونین کے چھیالیسویں  اجلاس کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے اس انجمن کی علمی اور تحقیقاتی کوششوں کی جانب اشارہ کیا۔

700 /