ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

ایرانی قوم کی روز افزوں عزت و اقتدار، بیعت الہی کی راہ میں استقامت اور پائداری کا نتیجہ ہے

رجب المرجب کے پہلے دن اور حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کی ولادت باسعادت نیز تین خرداد خرم شہر کی فتح کی برسی کی مناسبت سے حضرت امام حسین (ع) یونیورسٹی میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگی میں فارغ التحصیل تربیت یافتہ پاسداروں کی تقریب منعقد ہوئی ۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی اورمسلح افواج کے کمانڈر انچیف جب یونیورسٹی میں پہنچے تو سب سے پہلے گمنام شہیدوں کے مزار پر ان کے درجات کی رفعت و بلندی کے لئے سورہ  فاتحہ کی تلاوت فرمائي اوردفاع مقدس کےشہیدوں  کو خراج تحسین  پیش کیا ۔

اس کے بعد میدان میں موجود فوجی دستوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کو سلامی پیش کی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نےاس تقریب میں اپنے خطاب میں ایرانی قوم کی روز افزوں طاقت اوراقتدارکو بیعت الہی کی راہ میں استقامت و پائداری کا نتیجہ قراردیتے ہوئے فرمایا: ایرانی قوم اپنی برق رفتار حرکت کو عشرہ عدل و انصاف اور پیشرفت میں مزید ترقی و پیشرفت اور عدالت کے اہداف تک پہنچنے کے لئے آگے کی سمت جاری رکھے گي، اورآج سامراجی  و منہ زورطاقتیں اپنے ظاہری شور وغل کے برخلاف  کمزوری اور اضمحلال کا شکار ہوگئی ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی قوم کے مستقبل کو درخشاں اور امیدوار قراردیتے ہوئے فرمایا: یہ ملک ایران کے سرافراز اور سربلند جوانوں کا ہے اور انھیں ایرانی قوم کی ترقی کے راستے پر تیزی کے ساتھ گامزن رہنا چاہیے تاکہ امت اسلامی  کی بلندی کے اہداف محقق ہوجائیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گذشتہ نسل کی مجاہدت اور تلاش وکوشش کے نتیجے میں سعادت کی بلندیوں کی جانب حرکت کو ہموار قراردیتے ہوئے فرمایا: البتہ راستہ ہموار ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ راستے میں کوئی سختی اور دشواری نہیں ہے بلکہ اس راستہ پر گامزن رہنے کے لئے اسی طرح استقامت اور پائداری کی ضرورت ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف  نے اسی طرح الہی بیعت میں سپاہ ،فوج اور رضاکار دستوں کی پائداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا:  مسلح افواج نے دفاع مقدس کے دوران یادگار تجربات حاصل کئے ہیں اور ان سے ہمیشہ استفادہ کرنا چاہیے اور انھیں مستقبل کے لئے  چراغ راہ قراردینا چاہیے۔

اس تقریب میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل جعفری نے سپاہ کی چاروں یونٹوں  اور رضاکار دستوں کی اسلامی نظام  کے دفاع کے لئے مکمل آمادگی اوران کی تعلیم و تربیت کےبارے میں جامع رپو رٹ پیش کی۔

امام حسین (ع) یونیورسٹی کے سربراہ اور کمانڈر جنرل مرتضی  صفاری نے بھی علمی و تربیتی اور رزمی پروگراموں کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔

اس تقریب میں بعض ممتاز کمانڈروں اساتید، فوجی جوانوں، ایثارگروں اورشہداء کے اہلخانہ نے رہبر معظم انقلاب اسلامی سے انعامات اور جوائز حاصل کئے۔اور یونورسٹی کے ممتاز جوانوں کو ترقی کے نشانات عطا کئے گئے۔

اس تقریب کے دوران امام حسین (ع) یونیورسٹی کے جوانوں کی طرف سے "نحن عمار" پروگرام پیش کیا گيا اور فوجی اور تربیتی مشقوں کا پروگرام بھی تقریب میں پیش کیا گيا اور پروگرام کے اختتام پر میدان میں موجود دستوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کو سلامی پیش پیش کی۔

 

700 /