ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم کا فوجی یونیورسٹیوں میں زیر تربیت اور فارغ التحصیل جوانوں کی مشترکہ پریڈ سے خطاب

بسم اللہ الرحمن الرحیم

میں آپ عزيز نوجوانوں کو اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے عظیم مجموعہ میں شامل ہونے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ لباس قابل فخر لباس ہے۔ کیونکہ آپ اپنے وجود کے ذریعہ ، اپنی خدمت کے ذریعہ اور اسلام کے ایک سپاہی کی ممتازاور اعلی انسانی خصلتوں کے ذریعہ اپنی قوم اور ملک اور اپنی مقدس و الہی سرزمین کے لئے خوشی اور اطمینان کا باعث ہیں ۔
دنیا میں ہر جگہ مسلح افواج کا ملک کے اعلی قومی اقتدار کے سب سے اہم عناصر میں شمار ہوتا ہے اور یہ اعلی قومی اقتدار اس وقت اور بھی اہم اور گرانقدر ہو جاتا ہے جب یہ اقتدار صرف اسلحہ اور ہتھیاروں پر منحصر نہ ہو۔ اس میں شک نہیں کہ اسلحہ کی اہمیت ہوتی ہے اور مسلح شخص دفاع پر قادر ہوتا ہے لیکن اسلحہ سے بھی زیادہ اہم مسلح شخص کی روحانی طاقت اور معنوی توانائی ہوتی ہے۔ یہ وہ طاقت ہے جو کسی بھی ملک کے اعلی اقتدارکو حقیقی اور لا زوال اقتدار میں تبدیل کر دیتی ہے۔ وہ قوم جوایسے مسلح جوانوں اور شجاع و ماہرسپاہیوں کی مالک ہو، جن کے دلوں میں نور ایمان کی ضو فشانی اور جن کے ارادوں میں ایمانی استحکام ہو ، وہ در حقیقت ایسے اقتدار کی مالک ہے جس کی مثال پوری دنیا بلکہ پوری تاریخ میں شاذ و نادر ہی ملے گی۔ آج آپ انہی اوصاف سے آراستہ ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں مسلح افواج صرف اسلحہ اور ہتھیاروں کے بنیاد پر اپنی قوت کا مظاہرہ نہیں کرتی بلکہ اس کے ساتھ ان کی ایمانی قوت پر مبنی ان کا معنوی اقتدار بھی جلوہ فگن رہتا ہے۔ ایرانی فوجی اور ایرانی جوان راہ خدا میں انسانیت کی حفاظت، پیغام توحید کےفروغ اور حقیقی اقدار کے دفاع کے لئے یونیفارم پہنتا ہے اور ہر وقت آمادہ و تیاررہتا ہے۔ اگر آج کی مادی دنیا اور پوری تاریخ میں بڑی طاقتوں کی حرص و طمع کی آگ ٹھنڈی کرنے کے لئے فوجیں تشکیل اور استعمال کی جاتی رہی ہیں اور اگر آج دنیا کی مسلح افواج کو بڑی طاقتوں کے رعب و دبدبہ اور طاقت و منہ وزری کا وسیلہ تصور کیا جاتا ہے تو اسلامی جمہوریہ ایران کی فوجیں اس کے بر عکس انسانی فضائل و الہی اقدار کی فریفتہ ہیں فوجی مشقیں انجام دیتی اور میدانوں میں پائداری و ثابت قدمی دکھاتی ہیں۔ یہ وہ خصوصیت ہے جو ہر حال میں حتمی فتح پر منتج ہوتی ہے لہذا اس کی حفاظت و نگہداشت ضروری ہے۔
آج دنیا میں نت نئے تجربات سے عجیب و غریب حقائق سامنے آرہے ہیں۔ آج دنیا مشاہدہ کررہی ہے کہ ہر لحاظ سے (اسرائیلی )مسلح فوج جس نے عرب ملکوں کی افواج کو اپنی طاقت و اقتدار کے سامنےگھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا وہ (حزب اللہ) کے شجاع اور ایمانی قوت سے سرشار جوانوں کےسامنے اپنی شکست کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو گئی اوران جوانوں کی ایمانی قوت کےسامنے وہ بے بس ہو گئی ہے۔ یہ مادی طاقت پر معنوی قوت کی برتری و بالادستی کی اعلی مثال ہے۔ فوج، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ، رضاکار فورس، پولیس اور سکیورٹی کے دیگر شعبوں میں خدمت کرنے والےہمارے جوان، فوجی توانائیوں اور اسلامی سپاہی کے لباس سے آراستہ ہونے کے ساتھ ہی ساتھ ایمان و معنویت کے زیور سے آراستہ ہونے کی وجہ سے پوری دنیا کے فوجیوں سے ممتاز اور بالکل الگ شناخت کے مالک ہیں۔ اور آپ کواس خصوصیت کی قدر کرنا چاہئے۔
میرے عزیزو! آپ خود کو اس مقام پر پہنچانے کے لئے آمادہ کر رہے ہیں جہاں آپ ایسے افراد کے طور پر عزت کی نگاہ سے دیکھے جائیں گے کہ جن کے ارادوں اور جذبہ شجاعت پر قوم کو اعتماد و اطمینان ہے۔ آپ اپنی قوم کی نظر میں سرافراز و سربلند رہیے۔ آپ نے اس راستے کا انتخاب کیا ہے اور اس طرح کے مستقبل اور تقدیر کو اپنے لئے منتخب کیا ہے۔ ہماری قوم مسلح افواج کی ہمیشہ پشتپناہی کرتی رہی ہے اور انہیں اپنا حصہ اور جزء سمجھتی ہے۔ جیسا کہ دینی بزرگوں نے بھی فرمایا ہے کہ آپ قوم کا مضبوط و مستحکم حصارہیں۔ آپ اپنی تعلیم اور اس کے بعد خدمت کے ہر دور میں ذہن نشین رکھیے کہ آپ اس قوم کے محافظ ہیں جس نے اللہ تعالی اور عدل و انصاف کے نام پر قیام کیا اور جس نے اپنے جذبہ ایمان اور بے مثال شجاعت اور بے نظیر فداکاری سے جدید ترین اسلحہ اور ساز و سامان سے مسلح دشمنوں کو شکست سے دوچارکر دیا۔
اسلامی انقلاب کے آغاز اور اسلامی جمہوری نظام کی تشکیل کے وقت جو دشمن اس خام خیالی میں مبتلا تھے کہ اسلامی نظام ان کی مخالفتوں کے طوفان کے سامنے ٹک نہیں سکےگا لیکن گذشتہ تیس برسوں کے تجربات سے بخوبی سمجھ گئے ہیں اور اعتراف بھی کر رہے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ قوی ترین نظام ہے۔ آپ قوی ترین ہیں۔ یہ طاقت و توانائی آپ کے ایمان کی پختگی کا نتیجہ ہے۔ ایمان کی قدردانی اور اس کو مضبوط کیجئے۔
اسلامی جمہوریہ ا یران کی مسلح فورسز سے وابستہ فرد کے فرائض میں نظم و نسق کی پابندی، ہر وقت آمادگی، خلوص و پاکیزگی اور باطنی نورانیت شامل ہے۔ ان تمام خصوصیات سے آپ بیک وقت آراستہ رہیں۔ ان اچھے اور نیک صفات سے خود کو آراستہ کرنے کے لئے نوجوانی کے ایام کو غنیمت جانئے۔ اس وقت آپ اپنی عمر کے بہترین برسوں سے گزر رہے ہیں۔ آپ ان معنوی و روحانی خصوصیات سے آراستہ ہوکراللہ تعالی اور اس کے صالح اور مؤمن بندوں کے سامنے سرخرو اور سرافرازبن سکتے ہیں۔ اور اس طرح آپ خدا کے عظيم اور لائق بندوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کو عظیم انسانوں کی ہمیشہ ضرورت ہے جو اس ادارے کی گراں قدر و با عظمت ذمہ داریوں کو قبول کریں۔ بحمد اللہ یہ ادارہ اسلامی انقلاب کے بعد کے برسوں میں ایسے ہی افراد پر مبنی رہا ہے۔ اور مستقبل میں یہ سنگین ذمہ داری آپ کے دوش پر آنے والی ہے۔
اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ وہ اس ملک و قوم کے آپ جیسے وفادارعزیز نوجوانوں کو اسلام کے بہترین سپاہیوں اور اپنے دور کے بہترین جوانوں کی حیثیت سے سربلندی اور سرافرازی مرحمت فرمائے۔

والسّلام عليكم و رحمةاللَّه و بركاته‏