ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبرمعظم کا آرمی یونیورسیٹی میں داخلہ لینے والے اور فارغ ہونے والےجوانوں سے خطاب

بسم اللہ الرحمن الرحیم

دل کی گہرا‍ئي سےمبارکباد پیش کرتا ہوں اس بابرکت باغ کے رسیدہ پھلوں یعنی ان عزیزوں کو جو آرمی یونیورسیٹی سے فارغ ہو گئے ہیں نیزدلی مبارکباد اس رنگ برنگے چمن کی کھلتی کلیوں یعنی ان عزیزوں کو جو تیارہوکرآج سے باقاعدہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج میں شامل ہوجائیں گے۔

میرے عزیز جوانو! آپ نے بہترین چیزیں چنی ہیں؛ علم، پاکیزگی، پاکدامنی، ملک و قوم کے قابل فخر دفاع میں فعال کردار۔ مسلح افواج کے سلسلہ میں نہج البلاغہ میں ایک جملہ ذکر ہوا ہے جسے تحریر وبیان میں خوب دہرایا جاتا ہے یہ جملہ آپ کے غوروفکر کا بہت طالب ہے " فالجنود باذن اللہ حصون الرعیۃ" ملک و قوم کی مضبوط دیواریں! یہ مسلح افواج کی سب سے بڑی خاصیت ہے۔

ایک قوم کو مادی وروحانی کمال اور عزت و شرافت کی بلندیوں تک پہنچنے کے لئے امن وامان اوردشمن کےحملہ کی طرف سے مطمئن رہنے کی ضرورت ہے تحفظ کے احساس اور امن وامان کی موجودگی کے بنا کسی بھی ملک میں نہ سائنسی ترقی ہوسکتی ہے اور نہ ہی قومیں اخلاقی وروحانی منازل میں مطلوبہ ہدف تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں دنیا وآخرت کا انتظام امن وامان کے ساتھ ہی وابستہ ہے اب تحفظ کس چیز کے ذریعہ حاصل ہوگا؟ ایسی دنیا کہ جس میں طاقت کی لالچ اور شیطان صفت انسانوں کی بھرمار ہے اوردنیا کو نگل لینے کے خواہشمند، دنیا کے گوشہ گوشہ پرقبضہ کرتے جا رہے ہیں ایسی دنیا میں اقوام عالم کیونکر تحفظ حاصل کرسکتی ہیں اوراسے برقراررکھ سکتی ہیں؟ یہ کام مسلح افواج کا ہے۔

ہرملک کی مسلح افواج ہی ہیں کہ جو اپنی قدرت، ہوشیاری، آمادگی اور دل وزبان کے ذریعہ قوم کے ساتھ اپنے ضمیراورخدا کے سامنے کئے ہوئے مضبوط عہد کی پاسبانی کرکے مضبوط دیواریں تعمیر کرتے ہیں، یہ آج کے دور سے مخصوص نہیں ہے ہمیشہ سے دنیا میں بدامنی پھیلانے والے مراکز رہے ہیں اور قومیں خود کو محفوظ رکھتی رہی ہیں تاکہ یہ ہوشیاری ان کے اندر سالم رہے۔

البتہ مسلح افواج ہی تن تنہا اس میدان کی شہسوار نہیں ہیں، قوم کو ہوشیار رہنا ہوگا، قوم کی ایک ایک فرد کو پورے وجود سے قومی سلامتی سے متعلق اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا مسلح افواج قوم کے مضبوط اورطاقتور ہاتھ ہیں۔

خدا کی مدد سے اس وقت قوم کے اندر یہ احساس موجود ہے اور میں دیکھ رہا ہوں کہ ہماری سرفراز اور مضبوط مسلح افواج قوم کے اسی با عظمت احساس کے مطابق وجود میں آئی ہیں آپ کے سامنے ایسے کمانڈروں کے طویل اور قیمتی تجربے موجود ہیں جنہوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ خون کے آخری قطرہ تک ثابت قدم ہیں یہ بات زبان سے کہنا تو آسان ہے لیکن میدان عمل کے لئے فولاد صفت، پرعزم اور عمل کے ذریعہ اپنی بات کی تصدیق کرنے والے مردوں کی ضرورت ہے تاکہ وہ ان باتوں اور ان نعروں کو عملی جامہ پہنا سکیں اس طرح کے افراد آپ کی سرفراز فوج، سربلند پاسداران انقلاب اسلامی اوربے حساب اورعظیم رضاکارفوج میں کم نہیں ہیں قابل فخر سچے چہرے! آپ انہیں کہ نقش قدم پر چلنے والے ہیں۔

عزیز جوانو! میرے عزیزو! اس جوانی کی فرصت سے فائدہ اٹھائیے! ایمان، مضبوط ارادہ، تقوی اور پاکدامنی کے ذریعہ اپنی تربیت کیجئے اور جیسا کہ امام علی(علیہ السلام) نے فرمایا ہے خود کواس قوم کی مضبوط اورسربلند دیواریں بنائیے جیتے تو سبھی ہیں لیکن ہر زندگی دنیاوی سربلدنی کا باعث نہیں ہوتی کچھ زندگیاں خود اس شخص کے لئے اور اس کی قوم کے لئے سرافکندگی کا باعث ہوتی ہیں لیکن مومن اورسچے انسانوں کی زندگی خود ان کے لئے، ان کے خاندان کے لئے، ان کی قوم اور انکی تاریخ کےلئے سربلندی کا سبب ہوتی ہے اس طرح کے افراد بننے کی کوشش کیجئے اورآپ اس طرح کے افراد بن سکتے ہیں۔

خدا کی رحمت ہو شہید ستاری پر، جن کے نام پر یہ یونیورسیٹی ہے اور جنہوں نے اس یونیورسیٹی کی بنیاد رکھی تھی خوش قسمتی سے اس وقت ہماری زمینی فوج، فضائیہ اور بحریہ کی یونیورسٹیاں اچھی صلاحیتوں کے ساتھ مصروف عمل ہیں ان صلاحیتوں میں اضافہ ہونا چاہئیے! لیکچرز میں باریک بینی، لیکچرز کی افادیت، اور اساتذہ وتلامذہ کی کوششیں جتنی ہیں اس سے زیادہ ہونی چاہئیں ایرانیوں کی صلاحیتوں اور قومی توانائیوں کا تقاضا ہے کہ ہماری مسلح افواج منجملہ اسلامی جمہوری ایران کی فوج اور اس کے تینوں شعبوں کی خلاقیت میں روز بروز اضافہ ہو۔ تحقیق، خلاقیت، تجربہ اورمکمل ڈسپلن آپ کی ذمہ داریوں کی فہرست میں سب سے پہلے قرار پائیں ان سب چیزوں کی روح آ پ کا ایمان اور تقوی ہے ایک دور میں ہماری قوم اورخود مسلح افواج کو یہ باور کرا دیا گیا تھا کہ فوجی وردی اوردینداری دونوں چیزیں جمع نہیں ہو سکتیں ہمارے غیور فوجیوں نے اس کے برعکس ثابت کر دکھایا انہوں نے دکھا دیا کہ فوج کا تربیتی دور، ڈیوٹی کا دوراوراس کے مختلف مراکز دینی بصیرت اور ایمان کی بالیدگی کی جگہ ہیں اس وقت ہمارے فوجی جوان دین، تقوی اور پاکدامنی کے لحاظ سے ہمارے بہترین جوانوں میں سے ہیں انہوں نے مسلح افواج کے تمام سرفراز سپاہیوں کی مثل جس ایثار وقربانی کا مظاہرہ کیا ہے اس کے ذریعہ اس ملک وقوم کی پیشانی پر اپنے نام ہمیشہ کے لئے ثبت کر دئے ہیں ان چیزوں کو اپنے ضروری پروگراموں میں شامل رکھئے لیکچرز کی کیفیت اورسکھائے جانے والے فنون حرب کی افادیت میں روز بروز اضافہ کیجئے اور انشا اللہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج میں اور ملک میں عمومی سطح پر اہم ذمہ داریاں نبھانے کے لئے خود کو تیار کیجئے۔

اللہ تعالی سےدعا ہے کہ وہ آپ کو توفیق عطا فرمائے! امام زمان(ارواحنا فداہ) کے قلب مقدس اورشہداکی ارواح مطہرہ آپ سے راضی اور خوشنود رہیں۔

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ