دریافت:
مناسک حج
- مقدمه: حج کی فضیلت اور اہمیت
حج کی فضیلت اور اہمیت
شریعتِ اسلام میں حج مخصوص عبادتوں کا ایک مجموعہ ہے، جو اسلام کے بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے۔ جیسا کہ امام محمد باقر علیہ السلام سے روایت ہے: «بُنِیَ اَلْإِسْلاَمُ عَلَی خَمْسٍ عَلَی اَلصَّلاَةِ وَ اَلزَّکَاةِ وَ اَلصَّوْمِ وَ اَلْحَجِّ وَ اَلْوَلاَیَة»[1]
اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر رکھی گئی ہے: نماز، زکات، روزہ، حج اور ولایت۔
حج خواہ واجب ہو یا مستحب، بڑی فضیلت اور بےشمار اجر و ثواب کا حامل ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے پاک اہل بیت )علیہم السلام( سے حج کی فضیلت میں بہت سی روایات منقول ہیں۔ امام جعفر صادق )علیہ السلام( فرماتے ہیں: «الْحَاجُّ وَ الْمُعْتَمِرُ وَفْدُ اللَّهِ إِنْ سَأَلُوهُ أَعْطَاهُمْ وَ إِنْ دَعَوْهُ أَجَابَهُمْ وَ إِنْ شَفَعُوا شَفَّعَهُمْ وَ إِنْ سَکَتُوا ابْتَدَأَهُمْ وَ یُعَوَّضُونَ بِالدِّرْهَمِ أَلْفَ أَلْفِ دِرْهَمٍ.»[2]
حج اور عمرہ ادا کرنے والے اللہ کے مہمان ہیں۔ اگر کچھ مانگیں تو اللہ عطا کرتا ہے؛ دعا کریں تو مستجاب ہوتی ہے؛ کسی کے حق میں شفاعت کریں تو اللہ قبول کرتاہے اور اگر کچھ نہ کہیں تو بھی اللہ خود ان پر کرم فرماتا ہے اور (حج پر خرچ ہونے والے ) ایک درہم کے بدلے اللہ اسے دس لاکھ درہم عطا کرتا ہے۔
حج دین اسلام کے اہم ترین واجبات اور شریعت کے ارکان میں سے ہے اور ایک ایسا فریضہ ہے جس کی کوئی مثال نہیں۔ گویا دین کے تمام فردی، اجتماعی، زمینی، آسمانی، تاریخی اور عالمی پہلوؤں کو حج میں سمیٹنا مقصود ہے۔ حج میں ایسی معنویت ہے جو تنہائی یا گوشہ نشینی سے دور ہے؛ ایسا اجتماع ہے جس میں لڑائی جھگڑا، بدگوئی اور بدخواہی کا شائبہ نہیں۔ ایک طرف انسان کا دل اللہ سے راز و نیاز، دعا اور ذکر سے لبریز ہوتا ہے، تو دوسری طرف لوگوں سے محبت اور تعلق بھی برقرار رہتا ہے۔
حاجی ایک آنکھ سے ماضی میں جھانکتا ہے اور حضرت ابراہیم، حضرت اسماعیل اورحضرت ہاجرہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعات اور رسول خدا کا فاتحانہ انداز میں ا بتدائے اسلام کے مومنین کے جھرمٹ میں مسجد الحرام میں داخل ہونےکے مناظر کو خیال میں لاتا ہے اور دوسری آنکھ سے اپنے آس پاس مؤمنوں کا جم غفیر دیکھتا ہے، جو سب ایک دوسرے کے مددگار اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے متمسک ہیں۔
حج پر غور و فکر کرنے سے انسان اس یقین پر پہنچتا ہے کہ دین کے بہت سے اہداف اوربشریت کے لئے اس کی آرزوئیں اس وقت پورے ہو سکتی ہیں جب اہل ایمان آپس میں تعاون، یکجہتی اور ہم آہنگی کا جذبہ پیدا کریں۔اگر باہمی تعاون اور ہمدلی کا یہ جذبہ قائم ہو جائے، تو دشمنوں کی سازشیں کچھ بگاڑ نہیں سکتیں۔
- پہلی فصل:کلیات
- دوسرا باب: واجب حج (حجّة الاسلام)
- تیسرا باب: حج نیابتی (کسی کی طرف سے حج کرنا)
- چوتھا باب: عمرۂ تمتّع کے اعمال
- پانچواں باب: حجِ تمتّع کے اعمال
- اوّل: احرام
اوّل: احرام
مسئلہ 473۔ حج کا پہلاواجب عمل احرام ہے۔ حج کا احرام کیفیت، شرائط ، محرمات، احکام اور کفار ات کے لحاظ سے عمرہ کے احرا م کی طرح ہے، صرف نیت میں فرق ہے۔ پس اعمال حج کو انجام دینے کی نیت کے ساتھ احرام باندھے البتہ حج کے احرام کی چند خصوصیات ہیں جنہیں آنے والے مسائل میں بیان کرینگے۔
مسئلہ 474۔ حج تمتع کے احرام کا میقات مکہ مکرمہ ہے اور بہتر یہ ہے کہ حج تمتع کا احرام مسجدالحرام میں باندھے ۔ مکہ معظمہ کے ہر حصے سے احرام باندھنا صحیح ہے حتی کہ شہر کی نئی بستیوں سے بھی محرم ہونا صحیح ہے لیکن شہر کے قدیمی حصوں میں احرام باندھنا احوط یہ ہے۔ اگر کسی محلے کا شہر کا حصہ ہونا مشکوک ہو تووہاں احرام باندھنا صحیح نہیں ہے۔
مسئلہ 475۔ ضروری ہے کہ ایسے وقت میں مُحرم ہوجائے کہ عرفات میں اختیاری وقوف انجام دینا ممکن ہواور احرام باندھنے کا بہترین وقت ترویہ کے دن( آٹھ ذی الحجہ) زوال کا وقت ہے اور اس سے پہلے بھی احرام باندھنا جائز ہے بالخصوص بوڑھے اور مریض افراد کیلئے جنہیں بھیڑ کی شدت کا خوف ہے اسی طرح جولوگ کسی حاجت یا ضرورت کی وجہ سے مکہ سے خارج ہونا چاہتے ہیں۔
مسئلہ 476۔ اگر کوئی بھول کر یا مسئلہ نہ جاننے کی وجہ سے احرام باندھے بغیر منی یا عرفات کی طرف چلاجائے تو مکہ معظمہ واپس جاکر اور وہاں سے احرام باندھے اور اگر وقت کی تنگی یا کسی اور عذر کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو تو وہیں سے احرام باندھ لے اور اس کا حج صحیح ہے ۔
مسئلہ 477۔ اگر کوئی شخص بھولنے یا مسئلہ نہ جاننے کی وجہ سے احرام نہ باندھے اور حج کے اعمال مکمل کر لے تو اس کا حج صحیح ہے، لیکن احتیاط مستحب ہے کہ اگلے سال دوبارہ حج کرے۔
مسئلہ 478۔ اگر کوئی شخص مسئلہ جانتے ہوئے اور عمداً احرام ترک کر دے اس طرح کہ عرفات اور مشعر میں وقوف کا عمل احرام کی حالت میں انجام نہ دے سکے تو اس کا حج باطل ہے۔
مسئلہ 479۔ جو شخص حج کے لیے مُحرم ہوا ہے، اس پر واجب ہے کہ عرفہ کے دن ظہرسے لبیک کہنا بند کر دے۔
مسئلہ 480: وہ لوگ جنہیں وقوفِ عرفات سے پہلے مکہ کے اعمال انجام دینے کی اجازت ہے، ان کو چاہئے کہ اعمال سے پہلے احرام باندھیں۔ اگر وہ بغیر احرام کے اعمال کریں، تو ان اعمال کو دوبارہ احرام کے ساتھ انجام دیں۔
- دوم: عرفات میں وقوف
- سوم: مشعرالحرام (مزدلفہ) میں وقوف
- چوتھا عمل: جَمرۂ عَقَبہ کی رَمی
- رمی جمرات سے متعلق استفتاءات
رمی جمرات سے متعلق استفتاءات
سوال 505۔ رمی کے وقت یا اس سے پہلے، ایک استعمال شدہ کنکری ہماری کنکریوں کی تھیلی میں گر جاتی ہے اور غیر استعمال شدہ کنکریوں کے ساتھ اس طرح مخلوط جاتی ہے کہ اس کی پہچان نہیں رہتی؛ کیا یہ کافی ہے کہ ہم جمرہ پر آٹھ کنکریاں ماریں، کہ ان میں سے ایک احتمالاوہی استعمال شدہ کنکری ہو؟
جواب:رمی صحیح ہے۔
سوال 506۔ کوئی شخص عید قربان کے دن ظہر کے بعد جب جمرہ عقبہ پر رش نہیں ہوتاہے اس وقت خود رمی کرسکتا ہے تو کیا وہ عید قربان کی صبح رمی کے لئے کسی کو نائب بنا سکتا ہے؟ چونکہ اگر وہ عصر کے وقت رمی کرنا چاہے تو عید کے دن قربانی انجام نہیں دے سکے گا، لہذاکیا صبح رمی جمرہ کے لئے کسی کو نائب بناسکتا ہے تاکہ عید کے دن قربانی کرسکے حالانکہ وہ خود عصر کے وقت انجام دینے پر قادر ہے؟
اسی طرح اگر کوئی شخص کئی سال تک عید قربان کی صبح رمی کے لئے کسی دوسرے کو اپنا نائب بناتا آیا ہو حالانکہ وہ عصر کے وقت بذات خود رمی انجام دینے پر قادر تھا تو اب اس کے لئے کیا حکم ہے؟
جواب: اگر کسی شخص کے لئے دن کے کسی بھی وقت اگر چہ عصر کے اوقات یا حتی رات میں ہی کیوں نہ ہو، خود رمی کرنا ممکن ہو تو رمی کے لئے نائب بنانا درست نہیں ۔ لیکن اگر وہ اس دن کے آخر تک اپنا عذر برطرف ہونے سے مایوس تھا ،اس لئے نائب بنایا تھا اور اتفاق سے نائب کے عمل کے بعد عذر برطرف ہوجائے تو نائب کا عمل کافی ہے اور اعادہ لازم نہیں ہے اور پچھلے سالوں میں اگر درست طریقے سے نائب نہیں بنایا ہے تو اس کا تدارک کرے۔
سوال 507۔ جمرات میں حالیہ توسیع کے بعد اگر جمرہ عقبہ کے ستون کا ایک حصہ منی سے باہر نکل گیا ہو،تو اس فرض کے ساتھ کہ پوری دیوار پر جمرہ کا اطلاق ہوتا ہو تو کیا اس حصے میں رمی انجام دینا صحیح ہے؟
جواب: اگر اس بات کا یقین ہو جائے کہ توسیع کے بعد جمرہ کی دیوار کا کوئی حصہ منی سے باہر نکل گیا ہے تو ایسی صورت میں احوط یہ ہے کہ رمی ایسے حصے میں انجام دی جائے کہ جو منی سے باہر نہ ہو۔
سوال 508۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ عورتیں دسویں دن کی رمی کو عید کی رات انجام دے سکتی ہیں، کیا ہر حال میں عید کی رات ہونا ضروری ہے یا گیارہویں رات بھی جائز ہے؟
اگر عورت کا حج نیابتی ہو تو کیا حکم ہے؟
جواب: اگر عورت خود رمی کرنے پر قادر ہو تو عید کی رات ہی جمرہ عقبہ کی رمی کرے اور گیارہویں رات تک تاخیر کرنا صحیح نہیں ہے مخصوصا اگر نیابتی حج ہو ۔
سوال 509۔ اگر عید قربان کے دن رمی کرنے میں محرم کے لئے جانی خطرہ ہو تو کیا عید کے اعمال کی ترتیب کی رعایت لازمی ہے یا ترتیب کی رعایت نہ کرنا بھی جائز ہے؟
جواب: اگر جانی خطرہ پورے دن برقرار رہے، تو ترتیب کی رعایت ضروری نہیں بلکہ اس صورت میں احتیاط واجب کی بناپر قربانی اور حلق کو عید کے دن سےمزید مؤخر نہ کیا جائے۔
- رمی جمرات کے آداب اور مستحبات
رمی جمرات کے آداب اور مستحبات
مسئلہ 510۔ رمیِ جمرہ میں چند امور مستحب ہیں:
جمرات کی رمی کے وقت باوضو ہو۔
جب کنکریاں ہاتھ میں لے کر رمی کے لیے تیار ہو تو یہ دعا پڑھے:
«أللّهُمّ هذِهِ حصَیَاتی فَأحْصِهِنّ لِی وَارْفَعْهُنّ فی عَمَلی».
ہر کنکری پھینکتے وقت تکبیر کہے۔
جمرۂ عقبہ کو اس طرح رمی کرے کہ اس کا رخ جمرہ کی طرف اور پشت قبلہ کی طرف ہو، اور جمرۂ اولیٰ اور جمرۂ وسطیٰ کو قبلہ رخ کھڑے ہو کر رمی کرے۔
-
- پنجم: قربانی
- ششم: تقصیر یا حلق
- ہفتم مکہ کے اعمال
ہفتم مکہ کے اعمال
مسئلہ 543۔ عید قربان کے دن کے اعمال کے بعد مکہ میں پانچ عمل واجب ہیں: طواف حج (طواف زیارت) اورنمازطواف، صفا و مروہ کے درمیان سعی، طواف نساء اور نمازطواف نساء۔
مسئلہ 544۔ عید قربان کے دن کے اعمال کے بعد مستحب ہے کہ حاجی اسی دن منی سے مکہ واپس جا کر یہ پانچ اعمال انجام دے اگرچہ ایام تشریق کے آخر بلکہ ذی الحجہ ختم ہونے تک تاخیر کرنا بھی جائز ہے۔
مسئلہ 545۔ طواف اور اس کی نماز اور سعی کا طریقہ عمرہ کے طواف، نمازطواف اور سعی کی مانند ہے البتہ نیت حج کی ہوگی۔
مسئلہ 546۔ اعمال مکہ کو عید قربان کے دن کے اعمال کے بعد انجام دینا ضروری ہے، مگر تین قسم کے افراد عرفات جانے سے پہلے بھی یہ اعمال کر سکتے ہیں:
اول: وہ خواتین جن کو مکہ واپس آنے کے بعد حیض یا نفاس میں مبتلا ہونےکی وجہ سے طواف اور نماز طواف سے محروم ہوجانے کا ڈر ہو اورمکہ سے خارج ہونے سے پہلے پاک نہیں ہوتی ہوں۔
دوم : وہ مرد اورعورتیں جو مکہ پلٹنے کے بعد زیادہ بھیڑ کی وجہ سے طواف اور نماز طواف سے قاصر ہوں یا وہ لوگ جواصولی طور پر مکہ لوٹنے سے ہی قاصر ہوں۔
سوم: وہ بیمار افرد کہ جو مکہ معظمہ لوٹنے کے بعد بھیڑ کی شدت یا خوف سے طواف کرنے سے عاجز ہوں۔
مسئلہ 547۔ اگر مذکورہ افراد اعمال مکہ کو وقوف سے پہلے انجام دیں اور پھر ان کا عذر ختم ہو جائے تو واجب نہیں کہ اعمال دوبارہ ادا کریں اگرچہ اعادہ کرنا احتیاط مستحب ہے۔
مسئلہ 548۔ اگر یہ افرادوقوف سے پہلے اعمال مکہ ادا کریں تو عورت اور خوشبو کا استعمال حلال نہیں ہوگا بلکہ تمام محرّمات حلق یا تقصیر کے بعد حلال ہوں گے۔
مسئلہ 549۔ حج تمتّع کے آخر میں طواف نساء اور اس کی نماز واجب ہے لیکن حج کا رکن نہیں بنابراین اگر ان دونوں کو عمداً ترک کیا گیا تو حج باطل نہیں ہوگا لیکن میاں بیوی ایک دوسرے کے لئے حلال نہیں ہوں گے۔
مسئلہ 550۔ طواف نساء مردوں سے مخصوص نہیں بلکہ عورتوں پر بھی واجب ہےپس اگر مرد طواف نساء نہ کرے تو عورت اس پر حلال نہیں ہوگی اور اگر عورت نہ کرے تو مرد اس پر حلال نہیں ہوگا۔
مسئلہ 551۔ طواف حج اور اس کی نماز سے پہلےسعی کرنااور طواف حج اور اس کی نماز اور سعی سے پہلے طواف نساء کرنااختیاری حالت میں جائز نہیں اور اگر ترتیب کی رعایت نہ کی جائے اعادہ کرنا چاہئے۔
مسئلہ 552۔اگر بھول کر یا جان بوجھ کر طواف النساءکو صحیح طریقے سے انجام نہ دے اور اپنے وطن لوٹ آئے تواگر بغیر مشقت کے واپس مکہ جا سکتا ہو تو لوٹنا واجب ہے ورنہ نائب بنائے اور جب تک وہ خود یا اس کا نائب صحیح طریقے سے طواف بجا نہ لائے اس پر زوجہ حلال نہیں ہوگی۔
مسئلہ 553۔ ہر عمرہ مفردہ اور ہر حج کے لیے ایک علیحدہ طواف نساء کرنا ضروری ہے بنابراین اگر دو عمرہ یا ایک حج اور ایک عمرہ کیا ہو تواگرچہ ایک طواف نساء زوجہ حلال ہونے کے لئے کافی ہے تاہم اعمال کی تکمیل کے لئے ہر ایک کے لیے الگ اور جداگانہ طواف نساء انجام دے۔
مسئلہ 554۔ احرام حج کے ساتھ وہ سب چیزیں حرام ہو جاتی ہیں جو عمرہ کے احرام کے محرمات میں گزرچکی ہیں اور پھر ان کا حلال ہونا تدریجا تین مرحلوں میں انجام پاتا ہے۔
اول: حلق یا تقصیر کے بعدشکار سمیت ہر چیز حلال ہو جاتی ہے سوائے عورتوں اور خوشبو کے، البتہ حرم کے حدود میں شکار کرنا ہمیشہ حرام ہے۔
دوم: سعی کے بعد خوشبو حلال ہوجاتی ہے۔
سوم: طواف النساءاورنماز طواف کے بعد زوجہ حلال ہوجاتی ہے۔
- آٹھواں: منی میں رات گزارنا
- آٹھواں: منی میں رات گزارنا
- نواں:تینوں جمرات کو کنکریاں مارنا
- مکہ اور منی سے خارج ہونے سے متعلق استفتائات
مکہ اور منی سے خارج ہونے سے متعلق استفتائات
سوال 583۔مندرجہ ذیل موارد میں مکہ اور منی سے نکلنے مثلا جدہ، مدینہ یا طائف جانے کا کیا حکم ہے؟
الف۔ عید قربان کے اعمال کے بعداعمال مکہ سے پہلے۔
ب۔ گیارہویں تاریخ کو رمی جمرات کے بعد۔
ج۔ گیارہویں اور بارہویں رات کو رات کے ابتدائی نصف تک بیتوتہ کرنےکے بعد۔
د۔ ایام تشریق کے اعمال کے بعد اعمال مکہ سے پہلے۔
جواب: ان تمام موارد میں کوئی اشکال نہیں ہے تاہم اس طرح خارج ہونا چاہئے کہ بقیہ مناسک اپنے مخصوص اوقات میں انجام دے سکے۔
-
- چھٹا باب: عمرہ مفردہ
- متفرق استفتائات
متفرق استفتائات
سوال 602- حال ہی میں حج و زیارت کے ادارے اور بینک ملی ایران کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے مطابق حج تمتع کے خواہشمند حضرات بینک میں اپنے نام سے مخصوص اکاؤنٹ میں ایک ملین تومان بطور مضاربہ جمع کراتے ہیں اور رسید حاصل کرتے ہیں۔ یہ رقم حج سے مشرف ہونے تک اس شخص کے اکاؤنٹ میں باقی رہتی ہے اور مکتوب قرارداد کے مطابق اکاؤنٹ والے کو ہر سال کے اختتام پر مضاربہ کے سود کے عنوان سے کچھ منافع بھی دیا جاتا ہے۔ادارہ حج جلدی رجسٹریشن کروانے والوں کو ترجیح دیتا ہے اور تقریبا تین سال بعد لوگوں کی نوبت کا اعلان کیا جاتا ہے اور مائل ہونے کی صورت میں ان کو حج پر بھیجا جاتا ہے۔ جب حج پر جانے کا وقت آتا ہے تو مضاربہ کے اکاؤنٹ میں جمع اصلی رقم کو بینک سے دریافت کرتا ہے اور باقی اخراجات کے ساتھ ادارہ حج و زیارات کے اکاؤنٹ میں جمع کرتا ہے اور حج سے مشرف ہوتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ چونکہ معاہدہ مکتوب ہے اور پیسے کے مالک اور بینک کے درمیان کوئی گفتگو نہیں ہوتی پس صاحب مال کو مضاربہ کے منافع کے عنوان سے ملنے والی کچھ فیصد رقم کا کیا حکم ہے؟
جواب: بینک کے ساتھ مذکورہ طریقے (شرائط) کے مطابق تحریری معاہدہ کرنا بلا اشکال (جائز) ہے، اور مضاربہ سے حاصل ہونے والا منافع اکاونٹ والے کے لیے حلال ہے۔اصل رقم اگر غیر مخمس آمدنی سے ہو تو اس پر خمس ہے ۔اگر حج کا سفر کرنے سے پہلے سود قابل وصول نہ ہو تو جس سال وصول ہوجائے اس سال کی آمدنی کا حصہ ہوگا چنانچہ اسی سال حج کے اخراجات کے طور پر اکاؤنٹ میں جمع کیا جائے تو خمس نہیں۔
سوال 603۔ مسجد الحرام کے فرش کو آب قلیل سے پاک کیا جاتا ہے، کیا مسجد کے فرش پر سجدہ کرنا صحیح ہے؟
جواب:معمولا مسجد کے تمام مقامات کا نجس ہونا ثابت نہیں ہے اور اسکی تحقیق و جستجو بھی واجب نہیں بنا بر ایں مسجد کے فرش کے پتھروں پر سجدہ کرنا صحیح ہے۔
سوال 604- جب مسجد الحرام خون، پیشاب یا کسی اور نجاست کی وجہ سے نجس ہو جاتی ہے اور ملازمین اس کو پاک کرنے کے لئے جو طریقہ اپناتے ہیں ہماری نظر میں اس طریقے سے پاک نہیں ہوتی ہے تو ایسی حالت میں جو نماز مسجد الحرام کی فرش (گیلی ہو یا خشک)پر پڑھی جاتی ہے اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: جب تک سجدے کی جگہ نجس ہونے پر یقین نہ ہو تو نماز صحیح ہے۔
سوال 605-کیا کعبہ کے ارد گرد دائرے کی شکل میں (باقی شرائط کی رعایت کرتے ہوئے) نماز جماعت پڑھنا صحیح اور کافی ہے؟
جواب: جو شخص امام کے پیچھے یا اس کے دائیں یا بائیں کھڑا ہے، اس کی نماز صحیح ہے، اور احتیاط مستحب کی بنا پر جو شخص امام کے دائیں یا بائیں طرف کھڑا ہے اسے چاہئے کہ امام جماعت اور کعبہ کے درمیانی فاصلے کی رعایت کرے اور امام سے زیادہ کعبہ سے نزدیک نہ ہو، لیکن جو کعبہ کی دوسری طرف یعنی امام کے مد مقابل کھڑا ہے اس کی نماز صحیح نہیں۔
سوال 606- کیا قضا نماز میں اہل سنت کی اقتداصحیح ہے؟
جواب: صحیح نہیں۔
سوال 607- اذان اور اقامت کے دوران مسجد الحرام اور مسجد النبی سے باہر نکلنے کا کیا حکم ہے؟ جبکہ اس وقت اہل سنت مسجد میں داخل ہو رہے ہوتے ہیں اور ہمیں باہر نکلتے دیکھ کر باتیں کرتے ہیں اور عیب سمجھتے ہیں؟
جواب: اگر یہ کام دوسروں کی نظر میں اول وقت کی نماز کو کم اہمیت دینے کے مترادف ہو اور بالخصوص یہ بات مذہب کی توہین کا باعث بن رہی ہو توجائز نہیں ہے۔
سوال 608- جس شخص نے مکہ مکرمہ میں دس دن اقامت کی نیت کی ہے، وہ عرفات ، مشعر، منی اور اسی طرح ان کے درمیانی فاصلوں میں نماز کو قصر پڑھے گا یاپوری؟
جواب: اگر عرفات جانے سے پہلے اس نے مکہ میں دس روز قیام کا قصد کیا ہے تواقامت ثابت ہونے کے بعد جب تک وہ کوئی نیا سفر انجام نہ دے،اقامت کا حکم باقی ہےاور نماز پوری ہوگی۔ عرفات، مشعر الحرام اورمنی جانا سفر شمار نہیں ہوگا۔
سوال 609- نماز قصر پڑھنے یا پوری پڑھنے میں اختیار کا حکم پورے شہر مکہ اور مدینہ کے لئے ہے یا مسجد الحرام اور مسجد النبی سے مختص ہے؟ اور یہ کہ ان دونوں شہروں کے نئے اور پرانے محلوں کے درمیان کوئی فرق ہے یا نہیں؟
جواب : قصر اور کامل نماز کے درمیان اختیار ان دونوں مقدس شہروں کے تمام مقامات کے لئے ہے، اور نئے اور پرانے محلوں کے درمیان بھی کوئی فرق نہیں ہے اگرچہ احتیاط مستحب یہ ہے دو نوںمقدس مساجد کے علاوہ دیگر مقامات پر دس دن کی اقامت کے بغیر نماز قصر پڑھے۔
سوال 610- کیا مسافر تخییری مقامات (مکہ و مدینہ) میں ظہر و عصر کی نفل نمازیں پڑھ سکتا ہے؟
جواب: اگر کوئی شخص تخییری مقامات پر پوری نماز ادا کرنا چاہے، تو وہ یومیہ نوافل بھی پڑھ سکتا ہے۔
سوال 611- جوشخص مشرکین سے برائت کے مراسم میں شرکت سے اجتناب کرے، اس کے حج کاکیا حکم ہے؟
جواب: اس عمل سے حج کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، اگرچہ اپنے آپ کو خدا کے دشمنوں سے برائت کے اعلان کے مراسم میں شرکت کی فضیلت سے محروم کیا۔
سوال 612- کیا حیض یا نفاس کی حالت میں عورت مسجدالحرام اور سعی کے راستے کی مشترکہ دیوار پر بیٹھ سکتی ہے؟
جواب: کوئی اشکال نہیں مگر اس صورت میں جب دیوار کا مسجد الحرام کا حصہ ہونا ثابت ہوجائے۔
سوال 613- سیدہ اور غیر سیدہ عورتوں کے یائسہ ہونے کی عمر کیا ہے؟
جواب: یائسہ ہونے کی عمر معین کرنا محل تامل اور محل احتیاط ہے۔ اس مسئلے میں خواتین دوسرے مجتہد جامع الشرائط کی جانب رجوع کر سکتی ہیں۔
سوال 614- اگرکسی کو رؤیت ہلال میں اختلاف کی وجہ سے وقوف اور عید کے دنوں میں شک ہو تو کیا اس کے حج کا کیا حکم ہے؟ کیا دوبارہ حج کرنا ہوگا؟
جواب: اگر وہ اہل سنت کے مفتی کے حکم کے مطابق ذی الحج کی رؤیت پر عمل کرے توکافی ہے پس اگر باقی لوگوں کے ساتھ وقوفات انجام دے تو حج صحیح ہے۔
سوال 615۔ کیا مقام ابراہیم کے پیچھے قرآن کی تلاوت یا دعا اورمستحب نماز میں مشغول ہوکر طواف واجب کی نماز پڑھنے والوں کے لئے جگہ تنگ کرنا جائز ہے؟
جواب: اولیٰ بلکہ احتیاط مستحب یہ ہے کہ جب طواف واجب کی نماز کے لئے بھیڑ ہو تو مقام ابراہیم کے پیچھے مذکورہ عبادتیں انجام نہ دے۔
سوال 616۔ کیا مسجد النبی میں قالین پر سجدہ کرنا صحیح ہے؟ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ سجدہ کے لئے ایسی چیز جس پر سجدہ صحیح ہے- کاغذیا چٹائی وغیرہ- کو سامنے رکھنے سے انسان مورد توجہ قرار پاتا ہے اور نمازی مغرضانہ نظروں کی زد میں آجاتا ہے اور مخالفوں کو مذاق اڑانے کا بہانہ مل جاتا ہے؟
جواب: جس جگہ تقیہ ضروری ہے وہاں پر انسان قالین اور اس جیسی چیزوں پر سجدہ کرے اور ضروری نہیں ہے کہ نماز کے لئے کسی اور جگہ چلا جائے، لیکن اگر اسی مقام پر بغیر زحمت اور تکلیف کے وہ پتھر یا چٹائی وغیرہ پر سجدہ کر سکتا ہو تو بنا بر احتیاط واجب انہی چیزوں پر سجدہ کرے۔
سوال 617۔ کیا مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی فرش کے پتھروں پر سجدہ کرنا صحیح ہے؟ اور کلی طور پر کن پتھروں پر سجدہ کیا جاسکتا ہے؟ اور اینٹ اور مٹی کے برتن پر سجدہ کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: سنگ مرمر اور اس طرح کے دوسرے پتھر جنہیں تعمیرات یا عمارتوں کی تزئین و آرایش کے لئے استعمال کیا جاتا ہے اسی طرح ۔ اینٹ ، چونا، مٹی کے برتن اور سیمنٹ پر سجدہ کرنا صحیح ہے۔ عقیق، فیروزه، دُرّ وغیرہ پراگرچہ سجدہ بھی صحیح ہے، لیکن مستحب احتیاط یہ ہے کہ ان پر سجدہ نہ کیا جائے۔
سوال 618۔ ایسے پانی سے وضو کرنے کا کیا حکم ہے جو پینے سے مخصوص ہے؟
جواب: جس پانی کا مباح ہونامشکوک ہے، اس سے وضو کرنا صحیح نہیں۔
سوال 619۔ اگر اعلم مجتہد کسی مسئلے میں فتوی نہ دے بلکہ فقط احتیاط واجب قرار دے لیکن فالاعلم (اعلم کے بعد دوسرے مرتبے کا مجتہد)نے احتیاط کا فتوی نہیں دیا ہو تو کیا اعلم کے مقلد کے لئےیہ جاننا ضروری ہے کہ اعلم مجتہد نے اس مسئلہ کو احتیاط واجب قرار دیا ہے اور فالاعلم کی طرف رجوع کرنے کی نیت کرے یا یہی کافی ہے کہ اس نے اپنے شرعی وظیفے کو انجام دیا ہے اور اس کا عمل فالاعلم کے فتوی کے مطابق ہے؟
جواب: اگر اس کا عمل، انجام دیتے وقت ایسے مرجع کے فتوے کے مطابق ہو جس کی شرعی طور تقلید صحیح ہو اور اس مسئلے میں اس کی تقلید پر بنا رکھے تو کافی ہے۔
سوال 620۔ بعض مواقع پر بیت اللہ کے زائرین یا دوسرے مسافر نماز کے وقت ہوائی جہاز میں ہوتے ہیں۔ عام طور پر ہوائی جہاز میں نماز پڑھناطمانینہ اور استقرار کے لئے مانع بھی نہیں ہے۔ چنانچہ نماز کی دوسری شرائط مثلاً قیام، قبلہ، رکوع اور سجود وغیرہ کی رعایت کی جائے اور یہ جانتے ہوئے یا احتمال دیتے ہوئے کہ نماز کا وقت ختم ہونے سے پہلے پہلے مقصد تک پہنچیں گے اور جہاز سے اترنے کے بعد نماز ادا کر سکتے ہیں، کیا جہاز میں نماز ادا کرنا کافی ہے یا نماز میں تاخیر کرنا ضروری ہے اور اگر اس حالت میں نماز پڑھے اور نماز کا وقت ختم ہونے سے پہلے ہی جہاز اتر جائے تو نماز کا دوبارہ ادا کرنا ضروری ہے؟
جواب: اگر بدن کا ساکن ہونا اور استقرار اور رو بہ قبلہ ہونا ممکن ہو تو نماز صحیح اور کافی ہے بلکہ اول وقت کی فضیلت کو درک کرنے کے لئے افضل ہے۔
سوال 621۔ اگر کسی نے مستحب عمرۂ تمتع انجام دیا ہو، لیکن اب وہ حج تمتع انجام نہیں دے سکتا مثلاً ایام تشریق میں حاجیوں کی خدمت کے لئے مکہ میں رہنے کی ذمہ داری ہو تو اس کا کیا وظیفہ ہے؟
جواب: وہ مستحب عمرۂ تمتع چھوڑ سکتا ہےاور احتیاط مستحب ہے کہ طوافِ نساء انجام دے۔
سوال 622۔ اگر کوئی حج واجب ہونے کے بعد پاگل ہوجائے تو اس کے حج کے حوالے سےولی کا کیا وظیفہ ہے؟
جواب: اس کے حج کے حوالے سے ولی پر کوئی ذمہ داری نہیں۔ اگربعد میں عاقل ہو جائے تو خود حج انجام دےورنہ مرنے کے بعد اس کے مال متروکہ سے نائب مقرر کیا جائے۔
سوال 623۔ ہمیں ایران میں کچھ رقوم دی گئی ہیں تاکہ انہیں مسجد نبوی یا قبور مطہرہ بقیع میں ڈالیں لیکن یہ ممکن نہیں لہذا کیا ہم ان پیسوں کو شیعہ فقراء میں تقسیم کر سکتے ہیں؟
جواب:اگر پیسے دینے والے راضی ہوں تو انہیں شیعہ فقراء پر خرچ کرنے میں کوئی اشکال نہیں ہے۔
سوال 624۔ بہت سارے زائرین خانۂ خدا، مسجد الحرام میں اعتکاف کے مشتاق ہوتے ہیں۔ چونکہ روزہ اعتکاف کے لیے شرط ہےتو کیامکہ مکرمہ میں روزہ کی نذر کر کے اعتکاف کر سکتے ہیں؟
جواب:احتیاطِ واجب کی بناپر نذر وطن یا محل اقامت میں ہونی چاہئے۔
سوال 625۔ اگر کوئی شخص مسجد الحرام میں اعتکاف کرنا چاہے تو کیا جائز ہے کہ اذانِ صبح سے پہلے تنعیم جا کر احرام باندھے اور پھر باقی اعمال اعتکاف کی حالت میں انجام دے؟ یاد رہے کہ سعی کا مقام مسجد کا حصہ نہیں ہے۔
جواب: وہ احرام باندھ سکتا ہے اور سعی انجام دینے کے لیے مسجد سے باہر جانے میں کوئی اشکال نہیں۔
سوال 626۔ حاجت پوری ہونے کے لئے مدینہ منورہ میں تین دن مستحب روزے رکھنا مسافر سے مخصوص ہے یا مدینہ میں رہنے والوں اور دس دن قصد اقامت کرنے والوں کے لئے بھی مستحب ہے؟
جواب: مسافر کے ساتھ مخصوص نہیں۔سفر کی حالت میں روزہ کو مستثنی کرنے کے لئے مسافر کا ذکر ہوا ہے(چونکہ عام طور پر مسافر سفر میں روزہ نہیں رکھ سکتا۔)
- رہبر معظم شہید امام خامنہ ای کے بیانات اور پیغامات سے چند اقتباسات
رہبر معظم شہید امام خامنہ ای کے بیانات اور پیغامات سے چند اقتباسات
جتنا ہوسکے مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں وہ اعمال زیادہ اور تکرار کے ساتھ انجام دیں جنہیں خداوند عالم پسندکرتا ہے،یہ ایسے اعمال ہیں جو خالصانہ اور اللہ کے سامنے عاجزی کے ساتھ انجام دیے جائیں۔ وہ دعائیں جو وارد ہوئی ہیں یا وہ جو ان مقامات سےمخصوص نہیں ہیں—جیسے دعائے کمیل—ان کا اجتماعی طور پر پڑھنا بہت ہی نیک عمل ہے۔[1]
حج ایک انسان کے لیے معنویت کے بیکراں ماحول میں داخل ہونے کا موقع ہے۔ ہم خامیوں اور مشکلات سے بھرپور اپنی معمول کی زندگی سے خود کو نکال کر صفا، معنویت اور اللہ کی قربت اور ریاضت سے معمور فضا میں لے آتے ہیں۔مناسک حج کے آغاز سے ہی ان چیزوں کوآپ اپنے لئے حرام قرار دیتے ہیں جو معمولا مباح ہوتی ہیں۔ احرام کا مطلب ان چیزوں کو اپنے لئے حرام قرار دینا ہے جو عام اوقات میں جائز اور مباح ہوتی ہیں۔ ان میں بہت ساری چیزیں غفلت کا باعث بنتی ہیں اور بعض زوال کی طرف لے جاتی ہیں۔
ظاہری اور مادی تفاخر کے تمام ذرائع ہم سے چھین لیے جاتے ہیں؛ سب سے پہلے لباس۔ عہدہ، مقام، رتبہ، اور قیمتی لباس، یہ سب ختم ہو جاتے ہیں اور سب ایک جیسے لباس میں آ جاتے ہیں۔ آئینے میں نہ دیکھیں، کیونکہ یہ خود پسندی اور خود نمائی کا ایک مظہر ہے۔ خوشبو کا استعمال نہ کریں، کیونکہ یہ دکھاوے کا ایک ذریعہ ہے۔ چلتے وقت دھوپ یا بارش سے نہ بھاگیں اور چھت کے نیچے نہ جائیں، کیونکہ یہ آرام طلبی اور آسائش کی علامت ہے۔ اگر کسی ایسی جگہ سے گزریں جہاں بدبو ہو، تو اپنی ناک نہ بند کریں۔ اسی طرح احرام کے باقی تمام کاموں کا بھی یہی مقصد ہے؛ یعنی اس مدت کے دوران ان تمام چیزوں کو خود پر حرام کر لینا جو آرام و سکون کا باعث بنتی ہیں، یا نفسانی شہوات اور حرام جنسی خواہشات کو ابھارتی ہیں؛ چاہے وہ چیز فخر و غرور کا ذریعہ ہو یا امتیاز اور فرق پیدا کرنے والی ہو، یہ سب چیزیں ختم کر دی جاتی ہیں۔
پھر بیت اللہ اور مسجد الحرام میں داخل ہوتے ہیں جو پوری سادگی اور سجاوت سے خالی ہونے کے باوجود پرشکوہ اور عظمت سے بھرپور ہےاس جلال و عظمت کو اپنی آنکھوں، اپنے ہاتھوں بلکہ پورے وجود سے محسوس کرتا ہے۔ یہ عظمت اور جلال مادی زینت و آرائش نہیں بلکہ ایک ایسی روحانی اور باطنی شان و شوکت ہے جو عام انسانوں کے لیے بیان کرنا بھی ممکن نہیں۔ پھر جب انسان حاجیوں کے اس ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر کا حصہ بنتا ہے، اور ایک مرکز کے گرد گریہ اور خشوع کے ساتھ اور اللہ تعالیٰ سے راز و نیاز کے ساتھ طواف کرتا ہے؛ پھر صفا و مروہ کی سعی بھی اسی کیفیت میں ڈوبی ہوئی ہوتی ہے۔ عرفات اور مشعر میں وقوف اور ایام منیٰ کی عبادات بھی اسی طرح ہیں اور یہی حج ہے۔[2]
جو لوگ مکّہ جاتے ہیں، وہ ان لمحات کو مکّہ کو بازاروں میں گھومنے اور دکانوں کی سیر کی نذر نہ کریں۔ مکّہ ان بے اہمیت سرگرمیوں سے بہت برتر و بالا ہے۔ اگر تجارت کا شوق ہے تو بعد میں الگ سے کسی سفر میں جائیں، جہاں چاہیں جائیں۔ لیکن حج کے دوران ان "ایام معلومات" کو اپنے لیے، زیارت کے لیےاور یادِ خدا کے لیے محفوظ رکھیں، اور ان قیمتی دنوں کو بے وقعت کاموں میں ضائع نہ کریں۔ نمازِ جماعت میں شرکت کریں، اجتماعات میں شریک ہوں، اور حرمین شریفین میں نمازِ اوّل وقت کی جماعت کے ساتھ ادا ئیگی کو یقینی بنائیں۔ پورےایمان اور پرہیزگاری کے ساتھ حاضر ہوجائیں جو ایرانی قوم کے شایان شان ہو۔[3]
حج کے اہم ترین پہلوؤں میں سے ایک بقائے باہمی ہے۔ ایسے افراد جو ایک دوسرے کو بالکل نہیں جانتے، مختلف ثقافتوں، علاقوں، رنگوں اور زبانوں سے تعلق رکھتے ہیں، انہیں یہاں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہنا ہوتا ہے۔[4]
سیاسی اعتبار سے، حج کا مرکزی محور امت مسلمہ کے اتحاد اور یگانگت کا مظاہرہ ہے۔ مسلمان بھائیوں کی ایک دوسرے سےدوری سے دشمنوں کو موقع ملتا ہے اور امت کے درمیان تفرقے کا بیج پروان چڑھتا ہے۔ امت مسلمہ مختلف قوموں، نسلوں اور مسالک کے پیروکاروں پر مشتمل ہے۔ یہ تنوع، جو زمین کے ایک حساس اور اہم حصے میں جغرافیائی طور پر پھیلا ہوا ہے، خود اس عظیم امت کے لیے ایک قوت بن سکتا ہے۔ یہ تنوع ان کے مشترک ورثے، ثقافت اور تاریخ کو ایک وسیع دائرے میں زیادہ مؤثر اور کارآمد بنا سکتا ہے، اور انسانی و قدرتی صلاحیتوں کو اس امت کی خدمت میں استعمال کر سکتا ہے۔[5]
حج، ان مستکبروں کے مقابلے میں اپنی طاقت کا مظاہرہ ہے، جو فساد، کمزوروں پر ظلم، قتل عام اور لُوٹ مار کے علمبردار بنے ہوئے ہیں۔ آج امت مسلمہ کا عظیم پیکر ان کے ظلم و خباثت سے زخمی اور خون آلود ہے۔ حج، امتِ اسلامی کی عسکری اور ایمانی و ثقافتی طاقت کی ایک شاندار نمائش ہے۔ یہی حج کی حقیقت، اس کی روح، اور اس کے اہم ترین اہداف کا ایک حصہ ہے۔ یہی وہ حقیقت ہے جسے امام خمینی کبیرؒ نے "حجِ ابراہیمی" کا نام دیا تھا۔[6]
وہ "حجِ ابراہیمی" جو اسلام نے مسلمانوں کو بطور ہدیہ عطا کیا ہے، عزت، معنویت، وحدت اور شکوہ و عظمت کا مظہر ہے۔ یہ حج امتِ اسلامی کی بزرگی اور خدا کی لازوال طاقت پرامت مسلمہ کے اعتقاد کو دشمنوں اور بدخواہوں کے سامنے نمایاں کرتا ہے، اور اُنہیں اُس گندگی، ذلت اور محرومی سے ممتاز و الگ دکھاتا ہے جو عالمی غاصبوں اور مستکبروں نے انسانی معاشروں پر مسلط کر رکھی ہے۔
اسلامی اور توحیدی حج اس نورانی کلام الہی کا مظہر ہے: "أَشِدَّاءُ عَلَی الْکُفَّارِ رُحَمَاءُ بَیْنَهُمْ"[7] یعنی کفار کے مقابلے میں سخت اور آپس میں مہربان۔ یہ مشرکوں سے براءت اور اہلِ ایمان کے آپس میں باہمی اُلفت و وحدت ظاہر کرنے کا مقام ہے۔[8]
[1] حج کے منتظمین سے ملاقات کے دوران خطاب، 2022
[2] حج کے منتظمین سے ملاقات کے دوران خطاب، 2007
[3] حج کے منتظمین سے ملاقات کے دوران خطاب، 1993
[4] حج کے منتظمین سے ملاقات کے دوران خطاب، 2022
[5] حج کانفرنس کے موقع پر پیغام، 1995
[6] ایام حج کے موقع پر پیغام، 2019
[7] فتح، آیت 29
[8] ایام حج کے موقع پر مسلمانان عالم کے نام پیغام، 2015
